افریقہ جنوب صحرا

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
:چھلانگ بطرف رہنمائی، تلاش

سب صحارا افریقہ یا سب صحارن افریقہ (انگریزی: Sub-Saharan Africa) ایک جغرافیائی اصطلاح ہے جو براعظم افریقہ کے ان ممالک کے لیے استعمال ہوتی ہے جو صحرائے اعظم کے جنوب میں واقع ہیں یا وہ افریقی ممالک جو مکمل یا جزوی طور پر صحرائے اعظم کے جنوب میں واقع ہیں۔ اس میں شمالی افریقہ شامل نہیں کیونکہ وہ دنیائے عرب کا حصہ ہے۔ ساحل کا علاقہ صحرائے اعظم اور استوائی جنگلات کے درمیان کا علاقہ ہے۔ قرن افریقہ اور سوڈان کا بڑا علاقہ سب صحارا افریقہ کا حصہ ہے لیکن اس پر مشرق وسطٰی کا اثر و رسوخ بہت زیادہ ہیں اس لیے یہ عرب دنیا کا حصہ ہی تسلیم کیے جاتے ہیں۔ سب صحارن افریقہ "سیاہ افریقہ" بھی کہلاتا ہے کیونکہ اس کی بیشتر آبادی سیاہ فام ہے۔ بلاد سودان کی اصطلاح کے معنی بھی "سیاہ فاموں کی سرزمین" ہی ہیں۔ سب صحارن افریقہ کا علاقہ 24.3 ملین مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ یہ دنیا کے غریب ترین خطوں میں سے ایک ہے جو نوآبادیاتی نظام کے بداثرات، اقتصادی بدانتظامی، مقامی سطح پر بدعنوانی اور بین النسلی تنازعات کا نتیجہ ہے۔ اس خطے میں دنیا کے غریب اور غیر ترقی یافتہ ترین ممالک واقع ہیں۔ خطے کی آبادی 2006ء کے مطابق 770.3 ملین ہے جس میں اضافے کا تناسب 2.3 فیصد ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 2050ء تک یہ آبادی تقریباً ڈیڑھ ارب ہو جائے گی۔ سب صحارن افریقہ کے ممالک آبادی کی شرح کے علاوہ کم غذائی، نوعمر بچوں کی اموات اور ایچ آئی وی/ ایڈز کے حامل افراد کی تعداد کے لحاظ سے بھی دیگر ممالک سے بہت آگے ہیں۔ افریقہ کے صرف چھ ممالک جغرافیائی طور پر سب صحارن افریقہ کا حصہ نہیں: الجزائر، مصر، لیبیا، مراکش، تیونس، مغربی صحارا (جو مراکش کے زیر انتظام ہے)۔ سوڈان، موریطانیہ اور نائجر کا کچھ حصہ ساحل میں بھی شامل ہے جبکہ دیگر تمام افریقی ممالک کے بیشتر علاقے سب صحارن افریقہ میں شمار ہوتے ہیں۔