ایمیزن برساتی جنگل
ایمیزن برساتی جنگل دنیا کا سب سے بڑا جنگل ہے جو دریائے ایمیزن اور اس کے معاون دریاؤں کے گرد پھیلا ہوا ہے۔ اس کا رقبہ 2510000 مربع میل، یعنی تقریباً پورے آسٹریلیا کے برابر، ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ دنیا کی تمام زندہ انواع حیات کا نصف اس جنگلات میں پایا جاتا ہے۔
یہ جنگل 9 ممالک تک پھیلا ہوا ہے جن میں برازیل (برساتی جنگل کا 60 فیصد اس ملک میں واقع ہے)، کولمبیا، پیرو، وینیزویلا، ایکویڈر، بولیویا، گیانا، سرینام اور فرانسیسی گیانا شامل ہیں۔ چار ممالک میں ایمیزوناس نامی ریاستیں یا علاقے واقع ہیں۔ اس علاقے کو ایمیزونیا بھی کہا جاتا ہے۔
یہ علاقہ حشرات الارض کی 2.5 ملین اقسام، لاکھوں نباتات اور پرندوں اور ممالیہ کی دو ہزار انواع کا گھر ہے۔ تحقیق کے مطابق اب تک 40 ہزار پودوں، 3 ہزار مچھلیوں، 1294 پرندوں، 427 ممالیہ، 427 جل تھلی (amphibians) اور 378 رینگے والے جانوروں (reptiles) کی اقسام پائی جاچکی ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ صرف برازیل میں 96660 سے 128843 غیر فقاری (invertebrate) جانوروں کی اقسام پائی جاتی ہیں۔