بین الا قوامی خط تاریخ
وکیپیڈیا سے
بین الا قوامی خط تاریخ international date line ایک فرضی خط ہے جو سطح زمین پر شمال سے جنوب تک نصف انہار اولیٰ prime meridian کے مخالف جانب واقع ہے اور ایک ہی وقت میں اسکے دونوں طرف دو مختلف تاریخیں ہوتی ہیں۔یعنی مغربی حصے کی تاریخ مشرقِ حصے کی تاریخ سے ایک دن آگے ہوتی ہے۔
بین الا قوامی خط تاریخ جاپان کے مشرق میں بحرالکاہل کے تقریباًً وسط سے گزرتا ہے اور لگ بھگ 180 ڈگری کے طول البلد پر واقع ہے لیکن نہ تو یہ بالکل سیدھا ہے اور نہ ہی اپنی اصل جگہ پر واقع ہے کیونکہ بحرالکاہل میں کئی چھوٹے بڑے جزیرے ہیں اور اس خط کو کچھ مشرق یا مغرب کی طرف خم دے کر پورے جزیرے کو خط کے ایک طرف کر دیا گیا یے ورنہ ایک ہی جزیرے پر ایک ہی دن میں بیک وقت دو تاریخیں ہو جاتیں۔
دوران سفر اسے عبور کرنے سے تاریخ میں ایک دن کا فرق آ جاتا ہے۔ اگر کوئی پانچ تاریخ کو بدھ کے دن اس خط پر مغرب سے مشرق کی طرف گزرے تو وہ اپنی گھڑی 24 گھنٹے یعنی پورا ایک دن پیچھے کر لیتا ہے اور اس طرح وہ دوبارہ منگل کے دن میں داخل ہو جاتا ہے اور تاریخ بھی ایک دن پیچھے چلی جاتی ہے یعنی پانچ سے چار ہو جاتی ہے۔
اس کے برعکس اگر کوئی پانچ تاریخ کو بدھ کے دن اس خط پر مشرق سے مغرب کی طرف گزرے تو وہ اپنی گھڑی 24 گھنٹے یعنی پورا ایک دن آگے کر لیتا ہے اور اس طرح وہ جمعرات کے دن میں داخل ہو جاتا ہے اور تاریخ بھی ایک دن بڑھ جاتی ہے یعنی پانچ سے چھ ہو جاتی ہے۔