راجستھان
بھارت کے شمال مغرب میں راجپوتوں کا یہ تاریخی علاقہ راجستھان رقبے کے لحاظ سے بھارت کی سب سے بڑی ریاست ہے۔ پرانا نام راجپوتانہ تھا. مغرب میں اس کی سرحدیں پاکستان، جنوب مغرب میں ریاست گجرات، جنوب مشرق میں مدھیہ پردیش، شمال مشرق میں اتر پردیش اور ہریانہ اور شمال میں مشرقی پنجاب سے ملتی ہیں۔ راجستھان کا رقبہ 342,239 مربع کلومیٹر (132,139 مربع میل) ہے۔
ریاست کا دارالحکومت، جے پور ہے۔ معروف صحرا تھر کا بیشتر حصہ راجستھان میں ہی ہے۔
بڑے شہر جیسلمیر، اجمیر، جودھ پور، بیکانیر، کوٹہ اور اودے پور یا میواڑ ہیں۔ ریاست کا بڑا علاقہ صحرائی ہے جہاں لوگ عام طور پر خانہ بدوش ہیں۔ اسی علاقے سے گزر کر محمود غزنوی سومنات کی فتح کے لیے آگے بڑھے۔ مشرقی حصے میں آبپاشی کی سہولتوں کے باعث کھیتی باڑی ہوتی ہے۔ فیروز پور سے بھی نہر نکالی گئی ہے۔ کوہ اراولی سے نمک، ریتلا پتھر، سنگ مرمر، کوئلہ، ابرک اور جپسم نکلتا ہے۔ صحرائی علاقے میں آمدورفت کی سہولتیں مفقود ہیں۔
یہاں برصغیر کی آزادی تک بیس سے زائد راجپوت ریاستیں تھیں۔ 1568ء میں شہنشاہ جلال الدین اکبر نے چتوڑ کو فتح کرکے راجپوتانہ کو مغل سلطنت میں شامل کر لیا۔ اٹھارویں صدی تک علاقہ مغل عملداری میں رہا۔ انگریزی دور میں یہ ریاستیں بحال کر دی گئیں۔ لیکن دیگر ہندوستانی ریاستوں کی طرح انھیں بھی اندرونی خودمختاری حاصل تھی۔ آزادی کے بعد ان ریاستوں کو مدغم کرکے ایک نیا صوبہ تشکیل دیا گیا۔ جسے راجستھان کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
یہ ابھی نامکمل مضمون ہے۔آپ اس میں اضافہ کرکے مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔
|
||||||||