رام ولاس پاسوان
ہندوستانی سیاستدان۔لوک جن شکتی پارٹی کے صدر ۔پانچ جولائی 1946 کو صوبہ بہار کے کھگڑیا ضلع میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی سیاست سماجوادی رہنماء کرپوری ٹھاکُر کی رہنمائی میں شروع کی جنہوں نے ان کی شخصیت کو نکھارنے کا کام کیا۔ وہ پہلی بار 1969 میں بہار اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ وہ 1974میں جے پرکاش ناراین کی تحریک میں شامل ہوئے اور ایمرجنسی میں جیل بھی گئے۔ سن 1977 میں لوک سبھا انتخابات میں کامیاب ہوئے اور مرکز میں پہلی بار وزیر بنے۔ اس کے بعد 1989 میں وشوناتھ پرتاپ سنگھ کی کابینہ میں وزیر بنے۔ 1996میں وزیر ریل بنے۔ واجپئی کابینہ میں 01-1999 کے دوران وزیر مواصلات رہے اور 02-2001 کے درمیان وزیر کوئلہ اور معدنیات رہے۔ گجرات میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کے مسئلے پر انہوں نے واجپئی کابینہ سے استعفی دے دیا۔ پھر 2004 میں یو پی اے حکومت میں وزیر بن گئے۔ان کی پہچان ایک دلت نیتا کے روپ میں ہوتی ہے۔ وہ ملک کے ان چند رہنماؤں میں ہیں جو مختلف پارٹیوں کی حکومت میں شامل رہے۔