سپر نووا
وکیپیڈیا سے
سپرنووا ہمارے سورج سے دس گنا زائد کمیت والے ستارے کے پھٹنے کے عمل کو کہتے ہیں۔ تمام ستاروں کی ایک معینہ مدت ہوتی ہے۔ وہ پیدا ہوتے ہیں، پروان چڑھتے ہیں اور مرجاتے ہیں۔ ہمارا سورج لگ بھگ پانچ ارب سال بعد فنا ہوجائے گا۔ ستارے کی موت کا مطلب یہ ہے کہ نیوکلیائی گداخت کا عمل رک جاتا ہے اور اس سے توانائی خارج ہونا بند ہوجاتی ہے۔ اپنی زندگی کے اختتام پر ہمارا سورج پہلے بہت زیادہ پھیلے گا اور اپنی فضا کھودے گا۔ صرف اس کا اندرونی قلب باقی رہ جائے گا جو ہماری زمین کے برابر ہوگا۔ وہ ستارے جو ہمارے سورج سے بہت زیادہ بڑے ہوتے ہیں، ان کا اختتام زیادہ بھیانک ہوتا ہے۔ اس زبردست موت کے دوران وہ ہمارے سورج سے سو ارب گنا زیادہ روشنی خارج کرتے ہیں۔ ایسے ستاروں کو سپر نووا کہتے ہیں۔