صلابت شریان

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
انسان کا شریانی نظام
صلابتِ عصیدہ کی شکار شریان کا مائیکروگراف جس میں قلب کو خون مہیا کرنے والی شریان تنگ ہو چکی ہے

صلابتِ شریان (انگریزی:Arteriosclerosis ) شریانوں کے سخت ہونے کو کہتے ہیں۔ یہ ایک عمومی اصطلاح ہے جو بڑی یا وسطانی شریانوں کے سخت ہونے اور نتیجتاً ان میں لچک کے کم ہونے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ اسے صلابتِ شرین (arteriolosclerosis) اور صلابتِ عصیدہ (atherosclerosi) کے ساتھ گڈ مڈ نہیں کرنا چاہئیے کیونکہ مؤخر الذکر دونوں میں وجوہات مختلف اور مخصوص ہوتی ہیں یا ان کو آپ اس کی اقسام کہہ سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ صلابتِ شریان ایک عمومی اصطلاح ہے۔ شریان کی اس حالت میں جانے کے عمل کو تصلبِ شریان اور متاثرہ شریانوں کو متصلِّب شریان (arteriosclerotic) کہا جاتا ہے۔

اقسام[ترمیم]

جیسا کہ اوپر بتایا گیا کہ صلابتِ شریان ایک عمومی اصطلاح ہے۔ اس کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں جن کی بنا پر مختلف قسم کی صلابت شریان پیدا ہوتی ہے۔ تفصیل کے لیے متعلقہ مضامین دیکھے جا سکتے ہیں۔ علم الامراض (pathology) میں صلابت شریان کی کیفیت کو تین بنیادی اور بڑی اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے[1]۔

  1. صلابتِ عصیدہ (atherosclerosis): شریانوں کی لچک میں کمی جو شریانوں کی اندرونی دیواروں پر چربیاتی مرکب (کولسٹرول وغیرہ) یا مختلف اسپنجی خلیات (foam cells) کے ضائع شدہ حصوں کے اکٹھا ہوجانے اور چپک جانے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ آہستہ آہستہ یہ سخت ہو کر شریانوں میں سے خون کے گذرنے کی جگہ کم کر دیتے ہیں جس سے فشارِ خون مزید بلند ہو جاتا ہے
  2. صلابتِ مکلس وسطانی (Medial calcific sclerosis):عموماً زائد عمر کے افراد میں ایسی صلابت شریانی ہوتی ہے جس میں شریان کی تین پرتی دیوار میں سے وسطانی دیوار (medial ) دیوار متاثر ہو۔ چونکہ اس صلابت میں کیلشیم (calcium) کے سالمات بھی چربیاتی مرکبات کے ساتھ موجود ہوتے ہیں اس لیے اس قسم کی صلابت (sclerosis) کو calcific یعنی مکلس کہا جاتا ہے۔ عموماً تھائرائیڈ غدود یا پھر رحم (uterus) میں دیکھی جاتی ہے۔
  3. صلابتِ شرین (arteriolosclerosis): ذیلی شریانوں کی سختی یا لچک کی کمی جو عموماً بلند فشارِ خون (Hypertension) کی وجہ سے ہوتی ہے۔
  • مندرجہ بالا تین اقسام کے علاوہ بھی صلابت شریان کی اور اقسام ملتی ہیں جن میں صلابتِ شریان دلک (Arteriosclerosis obliterans) قابل ذکر ہے۔ عموماً جسم کے نچلے حصوں میں بڑی اور وسطانی شریانوں میں اندرونی دیواروں پر چربیات سخت ہونے کے بعد رگڑ لگنے یا زخم پیدا ہونے کے مرض کو کہتے ہیں۔ اس میں بعض اوقات شریان مکمل طور پر بند ہو جاتی ہے۔

حوالہ جات[ترمیم]

  1. Pathologic Basis of Disease; Robbins, Cortan: W.B. Saunders Company