عوجی سوق

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
:چھلانگ بطرف رہنمائی، تلاش

عوجی سوق (warp drive) ایک قسم کا وسیلۂ سفر ہے جو کہ سریع از نور رفتار پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر سکتا ہے، یہ طریقۂ سفر گو کہ اپنی بنیاد طبیعیات کے اصولوں سے حاصل کرتا ہے لیکن ابھی تک اس کا وجود محض سائنسی قصص تک ہی محدود ہے اور مستقبل میں بھی اس کی حقیقی تخلیق کے بارے میں سائنسدانوں کے خیالات مختلف پائے جاتے ہیں۔ کونیاتی تکثریت اور بیرون ارضی حیات پر تحقیق کرنے والے انسانوں کے لیے دوسرے نظام شمسی یا سورج کے علاوہ دوسرے ستاروں تک اپنی خلائی پرواز کو لے جانا موجودہ طرزیات کے حوالے سے ناممکن نظر آتا ہے اور اپنے عرصۂ حیات میں کوئی بھی انسان اس قسم کے سفر پر نکل کر واپس نہیں آسکتا۔ زمین کی کہکشاں میں نظام شمسی سے قریب ترین نظام نجمی (stellar system) قنطورس ہے اور اس کے ایک ستارے بنام مقترب القنطور (proxima centauri) کو سورج کے نظام نجمی سے قریب ترین تسلیم کیا جاتا ہے؛ اس قریب ترین نظام نجمی تک پہنچنے کے لیے انسان اگر روشنی کی رفتار (یعنی 186،282 میل فی ثانیہ) سے سفر کرے تب 4.2 نوری سال درکار ہونگے اور تقریباً 4 نیل 20 کھرب km کا فاصلہ طے کرنا پڑے گا۔ عوجی سوق میں خلائی پرواز (خلائیہ) کے گرد (یعنی اس میں سفر کرنے والے مسافروں کے گرد) ایک ساکن فضاء قائم رہتی ہے اور اسراع کی کیفیات سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے جبکہ اس کے ارد گرد کی وسیع فضاء کو معوج (خمدار یا عوجی) کر دیا جاتا ہے جس میں سامنے کی جانب فضاء، جہاز کی جانب مرتکز یا سکڑ جاتی ہے جبکہ پچھلی جانب پھیل جاتی ہے اور یوں نوری سال کے فاصلوں پر موجود منزلیں سمٹ کر جہاز کے سامنے آجاتی ہیں۔ اسی خمداری کی وجہ سے اس کو عوجی (warp) رفتار یا عوجی سوق کہا جاتا ہے۔