قلمی دوست

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

جو افراد بذریعہ خط کتابت (ڈاک کے ذریعے) آپس میں دوستی کا رابطہ رکھتے ہیں ان کو قلمی دوست کہا جاتا ہے۔ اس مشغلہ کو قلمی دوستی کہا جاتا ہے۔ قلمی دوستی کے اس مشغلہ کے بنیادی مقاصد میں، مختلف ممالک میں دوست بنانا، مختلف ممالک اور قوموں کی ثقافت اور رہن سہن کے بارے معلومات کا حصول، لکھنے اور پڑھنے کے مشغلہ کا فروغ اور دیگر ممالک کی زبانوں پر عبور حاصل کر کے شرح خواندگی میں اضافہ کرنا، شامل ہیں۔ یہ قلمی دوست اپنے ملک میں بھی ہو سکتے ہیں اور ملک سے باہر بھی۔ اکثر قلمی دوست اپنی ماردی زبان کی بجائے دیگر بین الاقوامی زبانوں میں خط کتابت کرتے ہیں۔ اس وقت دنیا میں بہت سی تنظیمیں اور کلب قلمی دوستی کے مشغلہ کے فروغ میں کوشاں ہیں۔ قلمی دوستی کے موضوع پر دو بھارتی فلمیں موجود ہیں: رومانس اور1999ء میں جاری ہونیوالی "بالی وڈ" کی فلم "صرف تم" بھی اسی دلچسپ مشغلہ سے متعلق ہے جس میں دو قلمی دوست بذریعہ خط کتابت آپس میں محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔ہالی وُڈ کی فلم "یو ہیو گاٹ میل" میں بھی یہی موضوع ہے۔

تاریخ[ترمیم]

قلمی دوستی کا آغاز 1936ء میں تب ہوا جب امریکا کے اسکول میں ایک ٹیچر کو خیال آیا کہ کیوں نہ دنیا بھر کے طلبہ کو خط و خطابت کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کیا جائے۔ ٹیچر نے ”سٹوڈینٹ لیٹر ایکسچینج“ کے نام سے ایک گروپ تشکیل دیا۔ گروپ میں طلبہ اپنے آپ کو رجسٹر کرواتے تھے اور کچھ ذاتی معلومات دے دیتے تھے۔ جن طلبہ کی معلومات آپس میں میچ ہو جاتی تھی، انھیں رابطہ کروا دیا جاتا تھا۔ طلبہ آپس میں خیالات کا اظہار کرنے کے علاوہ پوسٹل سٹیمپس، پوسٹ کارڈز، ذاتی تصاویر اور اکثر تحائف بھی شیئر کرتے تھے۔ یوں رفتہ رفتہ نئے سے نئے گروپس بنتے چلے گئے۔ ویسے پوسٹل سروسز دنیا میں 17 ویں صدی سے شروع ہو چکی تھیں مگر قلمی دوستی کا نظریہ بہت دیر بعد آیا۔ اور جب آیا تو اتنی جلدی مشہور ہوا کہ ایک دو برس کے اندر ہی اوکسفرڈ ڈکشنری نے Penpal لفظ شامل کر لیا۔ کچھ عرصہ بعد باقاعدہ طور پر یکم جُون کو پین پال ڈے کو شروع کیا گیا جو آج کل بھی منایا جاتا ہے۔ برسبیلِ تذکرہ، پین سے مراد پین دی سری والی پین نہیں بلکہ انگریزی کا لفظ پین ہے جس کا مطلب قلم ہوتا ہے۔ عالمی جنگ دوم میں قلمی دوستی ایک اور جانب رُخ اختیار کر گئی تھی۔ مختلف اقوام کی لڑکیاں اپنے ملک کے اُن فوجیوں کو خطوط لکھنا شروع ہو گئی تھیں جو فوجی کسی نہ کسی محاذ پر لڑ رہے تھے۔ جو فوجی ” واپس آئے انھوں نے اپنی دوستوں سے شادیاں کر لِیں۔

فیس بک گروپس[ترمیم]

آج کل فیس بک کو استعمال کر کے قلمی دوست بنا رہے ہیں۔ اول گروپ ”سٹوڈینٹ لیٹر ایکسچینج“ کا فیس گروپ بھی موجود ہے۔ مزید گروپس کے نام ہیں: پین پال ورلڈ، واٹ پیڈ، انٹرنیشنل پین فرینڈز، پین پالز ناؤ، انٹرپالز، پوسٹ کراسنگ ہیں۔