ممبئی
ممبئی (مراٹھی : मुंबई)، سابقہ بمبئی، بھارت کی ریاست مہاراشٹر کا دارالحکومت ہے۔ تقریباً ایک کروڑ 42 لاکھ کی آبادی کا حامل یہ شہر آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے۔ اپنے مضافاتی علاقوں نوی ممبئی اور تھانے کو ملا کر یہ دنیا کا چوتھا سب سے بڑا شہری علاقہ بناتا ہے جس کی آبادی تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ بنتی ہے۔ ممبئی بھارت کے مغربی ساحل پر واقع ہے اور ایک گہری قدرتی بندرگاہ کا حامل ہے۔ بھارت کی نصف سے زائد بحری تجارت ممبئی کی بندرگاہ سے ہوتی ہے۔
یہ شہر تیسری صدی قبل مسیح میں سلطنت موریہ نے سات جزائر پر ہندو و بدھ ثقافت کے مرکز کی حیثیت سے قائم کیا۔ بعد ازاں یہ جزائر مختلف سلطنتوں کا حصہ رہے اور بالآخر سلطنت برطانیہ کی ایسٹ انڈیا کمپنی کے زیر نگیں آئے جس نے ان سب کو ملا کر بمبئی کا نام دیا۔ 18 ویں صدی کے وسط میں یہ ایک اہم تجارتی قصبے کی حیثیت سے ابھرا۔ 19 ویں صدی میں اقتصادی و تعلیمی سرگرمیوں نے شہر کو شناخت بخشی۔ 20 ویں صدی کے دوران یہ بھارت کی آزادی کی تحریک کا ایک اہم مرکز رہا اور ستیہ گڑھی تحریک اور بحریہ کی بغاوت یہیں سے سے پھوٹیں۔ 1947ء میں ہندوستان کی آزادی کے بعد شہر کر ریاست بمبئی کا حصہ بنایا گیا تھا۔ 1960ء میں ایک تحریک کے بعد مہاراشٹر کی نئی ریاست تشکیل دی گئی اور بمبئی کو اس کا دارالحکومت بنایا گیا۔ 1996ء میں شہر کا نام بدل کر ممبئی کر دیا گیا۔
ممبئی بھارت کا تجارتی و تفریحی مرکز ہے جو بھارت کے کل جی ڈی پی کا 5 فیصد پیدا کرتا ہے اور 25 فیصد صنعتی پیداوار، 40 فیصد بحری تجارت اور 70 فیصد سرمایہ کی لین دین کے ذریعے بھارت کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ممبئی اہم مالیاتی اداروں کا مرکز بھی ہے اور ریزرو بینک آف انڈیا، بمبئی اسٹاک ایکسچینج، نیشنل اسٹاک ایکسچینج آف انڈیا اور کئی بھارتی و کثیر القومی اداروں کے دفاتر اسی شہر میں واقع ہیں۔ شہر میں ہندی فلموں اور ٹیلی وژن صنعت کا مرکز بھی واقع ہے جو "بالی ووڈ" کہلاتا ہے۔ ممبئی میں کاروبار کے وسیع مواقع اور بہتر طرز رہائش اسے بھارت بھر کے لیے لوگوں کے لیے پرکشش بناتے ہیں اور یوں یہ شہر مختلف طبقات اور ثقافتوں کا مرکز بن چکا ہے۔
یہ ابھی نامکمل مضمون ہے۔آپ اس میں اضافہ کرکے مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔
|
|||||