نیل ازرق

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
:چھلانگ بطرف رہنمائی، تلاش
نیل ازرق

نیل ازرق ایتھوپیا کی جھیل ٹانا سے نکلنے والا ایک دریا ہے جسے ایتھوپیا میں ابے اور سوڈان میں نیل ازرق کے نام سے پکارا جاتا ہے۔

نیل ازرق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے قریب نیل ابیض سے مل کر دریائے نیل تشکیل دیتا ہے جو سوڈان اور مصر سے گذرتا ہوا اسکندریہ کے مقام پر بحیرہ روم میں گرتا ہے۔

نیل ازرق جھیل ٹانا سے نکلنے کے بعد شمال مغرب کی جانب اپنے سفر کا آغاز کرتا ہے اور صرف 30 کلومیٹر کے فاصلے کے بعد ایک عظیم گھاٹی میں داخل ہوجاتا ہے۔ یہ علاقہ ایتھوپیا میں سیاحت کے حوالے سے معروف ہے۔

جون سے ستمبر کے بارش کے موسم میں نیل ازرق میں سطح آب بہت بڑھ جاتی ہے اور دریائے نیل کو دو تہائی پانی فراہم کرتا ہے۔ یہی دریا ایتھوپیا کے دریائے اتبارا کے ساتھ مل کر دریائے نیل میں سیلاب کا باعث بنتا رہا لیکن 1970ء میں اسوان ڈیم کی تعمیر کے ساتھ ہی اس سلسلے کا خاتمہ ہوگیا۔

نیل ازرق نیل ابیض سے لمبائی میں چھوٹا ہے لیکن اس کےباوجود مصر پہنچنے والا 56 فیصد پانی یہی دریا فراہم کرتا ہے۔

یہ دریا سوڈان کے لئے یکساں اہمیت کا حامل ہے جہاں اس پر قائم دو ڈیم ملک کی 80 فیصد بجلی پیدا کرتے ہیں۔ انہی ڈیموں کی بدولت اس علاقے میں دنیا کی بہترین کپاس پیدا ہوتی ہے۔

متعلقہ مضامین[ترمیم]

دریائے نیل

نیل ابیض