پیما
پیما کا لفظ اردو ویکیپیڈیا پر انگریزی -meter کے متبادل کے طور پر اختیار کیا گیا ہے۔ عربی ، اردو اور فارسی تینوں زبانوں کی لغات میں meter کے بطور لاحقہ آنے والے مفہوم (یعنی پیمائش (کرنے والے)) کے متبادل کے طور پر ---- مقیاس ---- کا لفظ بھی ملتا ہے[1]۔ اردو میں لفظ پیما عام طور پر ؛ سر کرنے ، عبور کرنے اور رسائی پانے والے کے لیۓ آتا ہے[2] جبکہ پیمائی کا لفظ سر کرنا اور عبور کرنا وغیرہ کی کیفیت کے معنوں میں آتا ہے۔ حوالہ 2 میں درج کردہ لفظ پیما کا یہ مفہوم ایک محدود استعمال کو بیان کرتا ہے جبکہ اسی حوالہ میں اس لفظ کا فارسی سے تعلق بھی درج ہے اور اگر فارسی میں حروفِ ابجدیہ کی اس ہی ترتیب ، پیما کو دیکھا جاۓ تو اس کا اندراج مذکورہ بالا استعمال کے ساتھ ساتھ پیمانہ ، پیمانی اور پیمائش یعنی -meter کے لیۓ بھی آتا ہے۔ مثال کے طور پر فارسی میں planimeter کے لیۓ سطح پیما، geometer کے لیۓ زمین پیما اور pedometer کے لیۓ قدم پیما کے الفاظ آتے ہیں[3]۔ اسی طرح metry کے لیے پیمائی کا لفظ بھی لغات میں مروج ہے۔ اس توضیح کے بعد یہ بات باآسانی معلوم ہوجاتی ہے کہ ویکیپیڈیا پر meter لاحقہ کے لیۓ مقیاس کے بجاۓ پیما کا استعمال درست طور پر کیا گیا ہے اور یہ لفظ پیما، پیمائش سے، مقیاس کی نسبت زیادہ براہ راست ہے۔