ڈوئچے ویلے اردو

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
ڈوئچے ویلے اردو
Deutsche Welle-Urdu Service
نعرہ: یورپ کے عین مرکز سے
نوع: جرمنی کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے کی اردو سروس
آغاز: 14 اگست 1964ء
خدمات کی نوعیت: ریڈیو اور انٹر نیٹ
ویب گاہ: www.dw.de/urdu

ڈوئچے ویلے وفاقی جمہوریہ جرمنی کا بین الاقوامی نشریاتی ادارہ ہے جو 3مئی 1953ء کو جرمنی کے شہر کولون میں قائم ہوا۔ یہ ادارہ ٹی وی، ریڈیو اور انٹر نیٹ کے ذریعے پوری دنیا میں تیس مختلف زبانوں میں اپنے ناظرین، سامعین اور انٹر نیٹ صارفین کے لیے عالمی حالات و واقعات کی مفصل کوریج فراہم کرتا ہے۔ ڈوئچے ویلے شعبہ اردو نشریات کا آغاز 14 اگست 1964ء کو ہوا تھا جب روزانہ مختصر دورانیہ کی صرف ایک مجلس پیش کی جاتی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جب ایک زبان کے طور پر اردو کی عالمی اہمیت میں بھی اضافہ ہوتا گیا اور پاکستان کی جغرافیائی اور سیاسی حیثیت بھی زیادہ سے زیادہ اہم ہوتی گئی تو نتیجے میں ڈوئچے ویلے کی اردو سروس کی نشریات کے دورانیہ میں بھی مسلسل اضافہ کیا گیا۔ اس ضمن میں ڈوئچے ویلے نے اپنی اردو ویب سائٹ کو ایک جامع انداز میں لانچ کرتے ہوئے دنیا بھر، خاص کر جنوبی ایشیا، جرمنی اور یورپ کے بارے میں اپنے آن لائن صارفین کو مہیا کی جانے والی خبروں، رپورٹوں اور معلومات میں بہت زیادہ اضافہ کر دیا اور ساتھ ہی خبروں اور حالاتِ حاضرہ کی پوڈ کاسٹنگ بھی شروع کر دی۔ ڈوئچے ویلے کی اردو ویب گاہ کے صارفین میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ یورپی اور شمالی امریکی بر اعظموں میں موجود جنوب ایشیائی تارکین وطن کی کثیر تعداد شامل ہے۔

اردو مجلس کے پروگرام[ترمیم]

ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کی نشریات میں خبریں اور حالات حاضرہ کے پروگراموں سمیت دیگر پروگراموں میں آپ کی بات آپ کے ساتھ، آن ٹریک، تندرست رہیے، جہانِ مغرب، دھرتی آسمان، ذرا ہٹ کے، جنوبی ایشیااور جرمن پریس، ستاروں سے آگے اور جرمن زبان سکھانے کا خصوصی پروگرام جرمن کیوں نہیں، شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ڈوئچے ویلے شعبہء اردو ہر ماہ اپنے ریڈیو کے سامعین اور انٹرنیٹ صارفین کے لیے ایک انعامی مقابلے کا اہتمام بھی کرتا ہے۔ اردو مجلس کے پروگرام ریڈیو کے علاوہ ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کی ویب گاہ www.dw.de/urdu پر بھی سنے جا سکتے ہیں۔

اردو مجلس کے ادارتی اراکین[ترمیم]

  • گراہم لوکاس: جنوبی ایشیا شعبے کے سربراہ، شعبہ اردو، انگریزی، بنگالی اور ہندی میں ریڈیو اور انٹر نیٹ کی سرپرستی کرتے ہیں، اس سے قبل ڈوئچے ویلے انگریزی شعبے کے نائب سربراہ رہے، ٹیلی وزن اور ریڈیو کے لیے نامہ نگار کی حیثت سے بھی کام کرتے رہے، سنہ 1983ء سے ڈوئچے ویلے سے منسلک ہیں۔
  • امجد علی: شعبہ اردو میں مختلف پروگرام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نیوز رپورٹنگ اور ادارت بھی کرتے ہیں۔ امجد علی نے لاہور پاکستان میں تعلیمی مراحل طے کیے، 1982ء میں جرمنی آئے اور1987ء سے ڈوئچے ویلے کے شعبہء اردو سے وابستہ ہیں۔
  • مقبول احمد ملک: پروگرام ’’جرمنی اور یورپ کے شب و روز‘‘ کے میزبان، لاہور میں تعلیمی مراحل کے بعد انگریزی اور اردو اخبارات سے وابستگی، 1993ء سے ڈوئچے ویلے کے شعبہء اردو سے منسلک ہیں۔
  • کشور مصطفیٰ: 1991ء میں کراچی سے جرمنی آمد، ہمبولڈ اور فری یونیورسٹی برلن میں تحقیق و تدریس، 2001ء سے ڈوئچے ویلے کے شعبہء اردو کے ساتھ وابستگی اور برلن سے رپورٹنگ، آج کل بون میں ہیں۔
  • سائرہ حسن شیخ: سامعین کے خطوط کے جوابات پر مبنی پروگرام ’’آپ کی محفل‘‘ کی میزبان، لاہور میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1973ء میں جرمنی آئیں، 1982ء سے ڈوئچے ویلے کے ساتھ وابستہ ہیں۔
  • عاطف بلوچ: پروگرام ’’مشرق و مغرب‘‘ کے میزبان، اسلام آباد میں ایف ایم ریڈیو پاور 99 سے وابستہ رہے اور 2007ء میں ڈوئچے ویلے سے منسلک ہوئے۔
  • افسر اعوان: پروگرام ستاروں سے آگے پیش کرتے ہیں۔ سال انیس سو چورانوے سے دوہزار تین تک ریڈیوپاکستان کے ساتھ تعلق رہا، جس کے بعد اپنا کراچی ایف ایم ایک سو سات کے ساتھ منسلک ہو گئے اور نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز کے سربراہ رہے۔ پاکستان میں ایف ایم ریڈیو پر براہ راست کرکٹ کمنٹری کا بانی پروڈیوسر ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ دسمبر 2008 سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔
  • عاطف توقیر: کراچی سے ابلاغیات اور صحافت میں ایم اے کی ڈگری لی۔ پاکستان میں اپنا کراچی ایف ایم 107، جیو ٹی وی اور آج ٹی وی سے وابستہ رہے۔ 2008ء سے ڈوئچے ویلے کے شعبہ اردو سے منسلک ہیں۔

اردو مجلس کے سامعین اور ویب صارفین کے کلب[ترمیم]

اس وقت پوری دنیا میں ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کی ریڈیائی نشریات اور ویب گاہ صارفین کے بے شمار کلب کام کر رہے ہیں۔ ان کلبوں کے اراکین نہ صرف ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کی ریڈیائی نشریات سنتے اور ویب گاہ باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں بلکہ اپنے اپنے علاقوں میں مختلف مثبت سماجی سرگرمیوں میں بھی مشغول ہیں۔

بیرونی روابط[ترمیم]