جلیل مانک پوری

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

جلیل مانک پوری، اصل نام حافظ جلیل حسن: 1866ء کو مانکپور (اودھ) میں پیدا ہوئے۔ 12 سال کی عمر میں قرآن حفظ کر لیا۔ علوم متداولہ کا درس لکھنؤ میں علمائے فرنگی محل سے لیا۔ عربی اور فارسی کے ماہر تھے۔ شاعری کا آغاز مانکپور سے ہوا۔ امیر مینائی کے شاگرد اور جانشین ہوئے جو اس وقت والیِ رامپور کے استاد تھے۔ امیر نے جلیل کو رام پور بلایا۔ جہاں وہ دفتر امیر اللغات کے سکریٹری ہو گئے۔ داغ کے انتقال کے بعد جلیل نے دربار دکن میں داغ کی جگہ لی۔ وہ میر محبوب علی خاں اور میر عثمان علی خاں (والیانِ دکن) کے استاد رہے۔ دربار دکن سے فصاحت جنگ کا خطاب پایا۔ 1946 میں یہیں وفات پائی۔

جلیل اپنے زمانے کے مسلم الثبوت استاد تھے۔ فن کے مسائل پر انھیں عبور حاصل تھا۔ ان کے کلام سے زبان کے محاورات اور روزمرہ کی تصدیق ہوتی ہے۔ جلیل کے تین دیوان تاج سخن، سخن اور روحِ سخن ہیں۔ دیگر تصانیف میں تذکیر و تانیث اور روح سخن، گلِ صد برگ، معیار اردو، معراج سخن، سرتاج سخن، سوانح حضرت امیر مینائی، مجموعہ قصائد اور مکاتیب جلیل وغیرہ قابل ذکر ہیں۔