غلام قادر روہیلہ (نظم)

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
بانگ درا کی نظم کا عکس

علامہ محمد اقبال کے مجموعۂ کلام بانگِ درا کی ایک نظم کا عنوان جس میں علامہ نے ایک تاریخی واقعے کی طرف اشارہ کیا ہے، جس میں غلام قادر روہیلہ کی بربریت دکھائی ہے کہ اس نے مغل بادشاہ کی آنکھیں نکالنے کے بعد اس کے حرم کی عورتوں کو رقص کا حکم دیا تھا۔ لیکن روہیلہ نے جب یہ دیکھا کہ وہ شریف بیبیاں کس طرح اس کے حکم پر عمل در آمد کر رہی ہیں تو اس کو کچھ شرم آئی، اپنی تلوار اور خنجر کھول کر رکھ دیے اور یوں ظاہر کیا کہ وہ سو گیا ہے، آخر اٹھا اور ان عورتوں سے کہا کہ سونے کا تو بہانہ تھا، میں نے تمھیں موقع دیا تھا کہ میرے خنجر سے ہی میرا خاتمہ کردو، لیکن افسوس خاندانِ تیمور سے غیرت ختم ہو چکی۔ اقبال نظم کا اختتام اس شعر پر کرتے ہیں۔

مگر یہ راز آخر کھل گیا سارے زمانے پر
حمیت نام ہے جس کا گئی تیمور کے گھر سے

بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ نظم غلام قادر روہیلہ کی بربریت دکھانے کے لیے ہے، لیکن اس کا اختتام ہمیں فکر و جستجو کی دعوت دے کر چھوڑ جاتا ہے کہ جب تک تمام تاریخی واقعات سامنے نہ ہوں، قاری پیچ و تاب میں ہی مبتلا رہتا ہے اور یہ بھی اقبال کے کلام کا ایک خاصہ ہے۔

تاریخی پس منظر[ترمیم]

غلام قادر روہیلہ، کا تعلق افغانوں کے قبیلہ روہیلہ سے تھے جو روہیل کھنڈ کے باسی تھے۔ تاریخ ہندوستان، مغلوں اور پٹھانوں کی نبرد آزمایوں سے بھری پڑی ہے۔ عظیم پٹھان شاعر، خوشحال خان خٹک کا کلام اس کا واضح ثبوت ہے۔ شیر شاہ سوری نے بھی ہمایوں کو شکست دے کر ہندوستان بدر کر دیا تھا لیکن اس کی اولاد آخر ہمایوں کے ہاتھوں ہی موت کے گھاٹ اتری۔

اس نظم میں جس مغل بادشاہ کا ذکر ہے، اس کا نام مرزا عبداللہ اور لقب شاہ عالم ثانی تھا، وہ 1759ء سے لے کر اپنی وفات 1806ء تک تخت دہلی پر کٹھ پتلی حکمران رہا۔ غلام قادر روہیلہ کے ہاتھوں 1787ء میں اندھا ہوا۔ مغل سلطنت کا زوال اورنگزیب عالمگیر کی وفات کے ساتھ ہی ہو گیا تھا، اس کے بعد جتنا عرصہ بھی یہ سلطنت رہی، وہ ہاتھی والی اس مثال کے مصداق ہے کہ وہ مرتے مرتے بھی کافی عرصہ لگا دیتا ہے۔ اس واقعے کے پس منظر میں دیکھیں تو اس وقت طاقت کے ڈرامے میں کئی کردار تھے: مغل خود، مرہٹے، سکھ، انگریز اور حملہ آور۔ مرہٹوں اور سکھوں نے اس زمانے میں شمالی ہندوستان میں طوفان اٹھایا ہوا تھا اور حکمرانوں کے لیے مسلسل دردِ سر بنے ہوئے تھے۔

مرہٹوں کی چیرہ دستیاں اور مظالم جب حد سے بڑھ گئے تو، غلام قادر روہیلہ کا جرنیل دادا، نجیب الدولہ ان کے خلاف اٹھ کھڑا ہوا۔ اس نے یہ سوچا کہ مغل، مرہٹوں کے خلاف اس کا ساتھ دیں گے کہ مرہٹے خود، مغل سلطنت کے لیے مسلسل پریشانیاں کھڑی کر رہے تھے، لیکن خاندانِ تیموریہ اور ان کے وزراء نے کمال بد طینتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، الٹا مرہٹوں کے ساتھ مل کر نجیب الدولہ کو محصور کر دیا اور اس سے پے در پے جنگیں لڑیں۔

ان حالات میں جب نجیب الدولہ نے دیکھا کہ اب کوئی چارہ نہیں ہے تو اس نے احمد شاہ ابدالی سے مدد مانگی۔ احمد شاہ ابدالی نے اپنے قاضی سے فتوٰی طلب کیا تو قاضی نے کہا کہ مرہٹوں کے خلاف نجیب الدولہ کی مدد جائز ہے۔ لہذا احمد شاہ ابدالی نے مرہٹوں سے پانی پت کے مقام پر جنگیں لڑیں۔ اور ان میں سب سے مشہور پانی پت کی تیسری لڑائی ہے۔ جو 1761ء میں ہوئی اور اس میں ابدالی نے غلام قادر روہیلہ کے دادا نجیب الدولہ اور والد ضابطہ خان کی مدد سے مرہٹوں کو شکستِ فاش دی جس سے مرہٹوں کی اصل طاقت ہمیشہ کے لیے ختم ہو گئی۔ ابدالی کے سامنے اس وقت دہلی کا تخت خالی پڑا ہوا تھا، لیکن یہ بھی تاریخ کی ستم ظریفی ہے ہا پھر انسان کا مقدر کہ ہوتا وہ نہیں ہے جسے چاہا جاتا ہے۔ ابدالی بجائے دہلی پہ قابض ہونے کے واپس چلا گیا۔

اس کے بعد بھی نجیب الدولہ کی مرہٹوں اور سکھوں سے کشمکش جاری رہی لیکن وہ 1770ء میں فوت ہو گیا۔ اس بہادر جرنیل کی تعریف اپنے پرائے سب ہی کرتے ہیں، یہاں تک کہ انتہائی متعصب ہندو مصنف جادو ناتھ سرکار، جس نے تاریخِ مغلیہ اور تاریخِ ہند پر کئی کتابیں تصنیف کی ہیں اور جو مسلمانوں کے خلاف زہر سے بھری پڑی ہیں، اس نے بھی نجیب الدولہ کی معاملہ فہمی اور جرنیلی کی تعریفیں کی ہیں۔

نجیب الدولہ کے مرنے کے بعد، مرہٹوں نے روہیلوں سے پانی پت کی شکست کا انتہائی شرمناک انتقام لیا۔ اس کی وفات کے دو سال بعد ہی 1772ء میں مرہٹوں نے مغلوں کے ساتھ مل کر روہیلوں کے خون کے دریا بہا دیے اور یہی واقعہ غلام قادر روہیلہ کے انتقام کا محرک ہے۔

غلام قادر روہیلہ اس وقت کوئی 12، 13 سال کا بچہ تھا، اس نے اپنے قبیلے کو مرہٹوں کے ساتھ ساتھ اپنے مسلمان بھائیوں کے ہاتھوں مرتے دیکھا۔ بات یہیں تک رہتی تو شاید وہ یہ فعل شعنیہ نہ کرتا جس کی طرف علامہ نے اپنی نظم میں اشارہ کیا ہے۔ لیکن ہوا وہی جو فاتح فوجیں ہمیشہ کرتی ہیں، مرہٹوں اور مغل فوج نے روہیلہ قبیلے کی عورتوں کی عصمت دری کی۔ غلام قادر نے یہ سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا، جان تو اس کی بچ گئی لیکن وہ اس ظلم کو کبھی نہ بھلا سکا جو اصل میں مغل بادشاہ شاہ عالم ثانی نے ہی کیا تھا کہ مرہٹے اکیلے روہیلوں کو فتح نہیں کرسکتے تھے

غلام قادر نے 1787ء میں جب اس کی عمر کوئی 27 سال تھی، دہلی پر حملہ کیا اور اسے فتح کر لیا اور یہ واقع رو پزیر ہوا۔ جب اس نے شاہ عالم ثانی کو پکڑا تو اس نے کہا۔ اگرچہ تمھارا جرم تو اس کا متقاضی ہے کہ تمھارا بند بند جدا کرکے تمھارا گوشت چیل کوؤں کو کھلا دیا جائے لیکن یہ میری خدا ترسی ہے کہ میں تمھیں زندہ چھوڑے دیتا ہوں، ہاں اس میں شک نہیں کہ میں نے تم سے غوث گڑھ کی اس بد سلوکی کا جو تم نے میری ماں بہنوں کے ساتھ روا رکھی، پورا پورا انتقام لے لیا ہے اور اس کے بعد خنجر سے اس کی دونوں آنکھیں نکال دیں۔ اس واقعہ کے ایک سال بعد ہی غلام قادر 1788ء میں مرہٹوں کے ساتھ لڑتا ہوا مارا گیا۔

اب اس تمام واقعے سے ایک بات تو ظاہر ہوتی ہے کی غلام قادر نے جو کچھ بھی کیا وہ انتقام کے جذبے میں تھا کہ مغلوں اور مرہٹوں نے اس کی خاندان کی عورتوں کی خود اور اپنی فوجوں سے آبروریزی کروائی، لیکن غلام قادر نے فتح کے باوجود اس حد تک بربریت نہیں دکھائی جس کا مظاہرہ مغل و مرہٹہ فوجوں نے کیا تھا بلکہ اس نے غیرت کھا کے مغل عورتوں کو موقع بھی دیا کہ اسے قتل کر دیں۔

یہی وجہ ہے کہ اقبال نے اپنی نظم کا آغاز تو غلام قادر روہیلہ کی بربریت سے کیا ہے، لیکن نظم کے اختتام پہ نہ صرف غلام قادر پر لعن طعن نہیں کی بلکہ مغلوں کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ انہی میں غیرت و حمیت ختم ہو گئی تھی۔

متعلقہ مضامین[ترمیم]