ویکیپیڈیا:پائی ویکی بوٹ/بیش شیل

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

پائی ویکی بوٹ کی تنصیب اور ٹول فورج میں shell access حاصل کرنے نیز ٹول کی ترتیب اور کانفیگریشن فائل وغیرہ دیگر ضروری امور سے فراغت کے بعد اردو ویکیپیڈیا پر بوٹ چلانے کے لیے صارفین کو ٹرمنل ونڈو اور کمانڈ لائن سے سابقہ پڑتا ہے۔ اس صفحہ میں اسی ٹرمنل کے ایک خاص گوشہ بیش آر سی (bashrc) کی ترتیب کا طریقہ درج ہے تاکہ اُن کاموں کو سہل سے سہل تر اور مختصر سے مختصر تر بنایا جا سکے جن کی اکثر ضرورت پڑتی ہے۔ اولاً ان کاموں اور کمانڈ کی فہرست پر نظر ڈالتے ہیں جن کی اکثر ضرورت پیش آتی ہے تاکہ ان کاموں کو بالترتیب بیش شیل پر مخصوص طریقہ سے مختصر تر بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ رہنما صفحہ ان صارفین کے لیے مفید ہوگا جنھیں کمانڈ لائن کا کچھ تجربہ ہو اور وہ ضروری کمانڈ کے استعمال سے بخوبی واقف ہوں۔

ضروری کاموں کی فہرست[ترمیم]

بوٹ چلانے اور ان کا انتظام سنبھالنے کے لیے کمانڈ لائن پر جن امور کی سب سے زیادہ ضرورت پڑتی ہے وہ حسب ذیل ہیں:

  • اپنے ٹول کھاتے میں داخل ہونا
  • متعین ڈائرکٹری یا فولڈر میں فائلوں کو رکھنا
  • کسی اسکرپٹ کو چلانا

ترتیب و تنسیق[ترمیم]

ان تمام امور کو انجام دینے کے لیے مختصر اور طویل کمانڈ لکھنی پڑتی ہے۔ اگر آپ ان روزمرہ کمانڈ کو اپنی بیش آر سی میں درج ذیل طریقہ سے رکھ دیں تو اس طوالت سے بچ جائیں گے۔ چنانچہ اس مقصد کے لیے ہم سب سے پہلے کمانڈ لائن پر یہ کمانڈ لکھیں گے:

nano ~/.bashrc

اس کمانڈ کو لکھ کر انٹر دبائیں تو ایک ٹیکسٹ ایڈیٹر سامنے ہوگا جس کا نام nano ایڈیٹر ہے جو سادہ اور آسان ہونے کی بنا پر بکثرت استعمال کیا جاتا ہے۔ اب یہاں ہم مخصوص طریقہ سے بالترتیب ان تمام کاموں کی کمانڈ درج کرکے محفوظ کر دیں گے جن کی اوپر فہرست دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہی فائل بیش آر سی کہلاتی ہے۔ یہاں مطلوبہ مواد درج کرنے کے بعد اپنے کلیدی تختہ سے ctrl + x، بعد ازاں y اور پھر enter کی کلید دبائیں۔ یوں آپ کی بیش آر سی محفوظ ہو جائے گی۔

ٹول لاگ ان[ترمیم]

ٹول فورج پر اپنے ٹول کھاتے میں لاگ ان ہونے کے لیے become TOOLNAME کی کمانڈ استعمال ہوتی ہے۔ مثلاً اگر shuaib نامی ٹول کھاتے میں داخل ہونا ہو تو بیش آر سی میں alias کمانڈ کے ساتھ درج ذیل سطر لکھیں:

alias shuaib='become shuaib'

یہاں لفظ alias کے بعد درج shuaib کو اپنے حسب مرضی کسی بھی لفظ سے بدل سکتے ہیں۔ یہ طریقہ اُس وقت مزید کارگر ہو جاتا ہے جب آپ متعدد ٹول کھاتے یا طویل نام استعمال کر رہے ہوں۔ اس طرح آپ اپنے طویل نام کو مختصر کرکے اسے بآسانی استعمال کر سکتے ہیں۔

فائلوں کو رکھنا[ترمیم]

چونکہ یہ رہنما صفحہ پائی ویکی بوٹ کی معاونت کا ایک حصہ ہے، اس لیے یہ طے ہے کہ آپ پائی ویکی بوٹ کی کسی ڈائرکٹری میں اپنی فائل کو رکھتے ہیں۔ اگر آپ اپنی لوکل مشین سے کسی فائل کو ٹول فورج پر موجود پائی ویکی بوٹ کی ڈائرکٹری میں رکھیں تو آپ کو اس کی اجازت نہیں ملے گی۔ چنانچہ پہلے آپ کو لوکل مشین سے اپنے ٹول کھاتے میں فائل رکھنا اور بعد ازاں کمانڈ لائن کی مدد سے اپنی پائی ویکی بوٹ ڈائرکٹری میں منتقل کرنا ہوگا۔ فائل کو منتقل کرنے کی کمانڈ حسب ذیل ہے:

cp FILENAME.py /data/project/TOOLNAME/DIRECTORY/scripts

کمانڈ لائن پر بار بار اتنی طویل کمانڈ لکھنا کارے دارد ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ اسے بھی alias کمانڈ کے ذریعہ بیش آر سی میں رکھ اور اسے کوئی مختصر سا نام دے دیا جائے۔ چنانچہ بیش آر سی کھولنے کے بعد (جس کا طریقہ اوپر درج ہے) نئی سطر میں حسب ذیل کمانڈ/فنکشن لکھ کر محفوظ کر دیں:

alias copy='_copy() { cp "$@" /data/project/TOOLNAME/DIRECTORY/scripts/;}; _copy'

اب آپ کسی فائل کو pywikibot کی scripts ڈائرکٹری میں رکھنا چاہیں تو کمانڈ لائن پر بس یہ لکھنا کافی ہوگا:

copy FILENAME

اسکرپٹ چلانا[ترمیم]

تیسرا اہم کام ہے پائی ویکی بوٹ کی مطلوبہ اسکرپٹ کو ٹول فورج پر چلانا جس کی مخصوص کمانڈ حسب ذیل ہے:

python pwb.py SCRIPTNAME

اس کمانڈ کو مختصر تر کرنے کے لیے .bashrc میں حسب ذیل سطر درج کریں:

alias run='_run() { python pwb.py "$@";}; _run'

اس کمانڈ کے اندراج کے بعد کسی اسکرپٹ کو چلانے کے لیے محض run SCRIPTNAME لکھنا کافی ہوگا۔ اگر اسکرپٹ کسی پیرامیٹر کی طالب ہو تو اسے بھی درج کیا جا سکتا ہے۔

نکات[ترمیم]

  • بیش آر سی میں اندراج کے بعد اسے محفوظ ضرور کریں جس کے لیے ctrl + x، بعد ازاں y اور پھر Enter کی کلیدیں دبائیں۔
  • بیش آر سی میں ہر نئے اندراج کے بعد اسے فعال کرنا ضروری ہے جس کے لیے کمانڈ لائن پر source ~/.bashrc لکھیں۔ اس کے بغیر نئے اندراج موثر نہیں ہوں گے اور درج ذیل نقص پیش آئے گا:
-bash: COMMAND: command not found
  • اس امر کا خصوصی خیال رکھیں کہ بیش آر سی میں برابر کے نشان (=) کے آگے پیچھے کوئی خالی جگہ (space) نہ ہو۔