چین میں مصوری

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
مصوری

مصوری چینی ثقافت کا ایک درخشاں پہلو ہے۔ چینی باشندے قبل مسیح ہی سے اس میں زیادہ دلچسپی سے کام لیتے ہیں۔ چین میں مصوری کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ اس کی ابتدا کے بارے میں تاریخ واضع طور پر نہیں بتاتی البتہ تاریخی طور پر چینی مصوری کی ابتدا 400 قبل مسیح سے پہلے ہوئی۔ ابتدا میں چینی مصور جانوروں کے بالوں سے بنے ہوئے برش سے مصوری کرتے جس کے لیے سنگ سیاہی استعمال ہوتی۔ قدیم چینی مصور پہلے پہل مقبروں اور تربتوں پر نقش و نگار بنانے کے لیے مصوری کرتے تھے۔ چینی مصوری میں جب کچھ تبدیلی ہوئی تو مصوروں نے دیواروں، ریشم اور کاغذ کی سطح پر مصوری بنانا شروع کر دی۔ جب سلکی اور کاغذی تصویروں نے سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کی تو طوماری مصوری نے موزوں ترین میڈیم کی حیثیت حاصل کر لی اور اس نے انتہائی نازک سکرین پینٹنگ اور نا حرکت پزیر دیواری مصوری کو پیچھے چھوڑ دیا۔ شروع شروع میں چینی مصور مذہبی و دیو مالائی موضوعات پر تصویر کشی کے لیے مصوری کرتے تھے۔ اس دور میں مصور انسانی زندگی کے مختلف مراحل کی بھی عکاسی کرتے۔ چینی میں مصوری سونگ خاندان کے عہد (960ء تا 1279ء) تک صرف مذہبی اور انسانی موضوعات تک ہی ہوتی رہی۔ اس دور کے نصف اول میں مصوری کے صحیح رنگ لینڈ سکیپ کا آغاز ہوا۔ اس دور میں ایک طرف تو برش کے استعمال کی تکنیکوں میں ترقی ہوئی اور دوسری طرف فطرت کے انفرادی پہلوؤں کو فلسفیانہ مفاہیم سے مربوط کرنے کی کوششیں ہونے لگیں تھیں۔ اس دور کے بعد چینی مصوری میں دانشور فنکاروں کا غلبہ نظر آتا ہے جو اس فن کو ذاتی اظہار کا ایک وسیلہ خیال کرتے تھے۔ منگ خاندان کے عہد (1368ء تا 1644ء) سے لے کر چنگ خاندان کے دور (1644ء تا 1911ء) کے شروع تک چینی مصوری کا اصل روایتی رنگ ماند پڑتا گیا تھا۔ اس کے بعد کے دور میں اسلوب اوراصناف کا ایک اژدھام قدیم چینی مصوری کی جگہ لیتا نظر آتا ہے جو چینی فنکاروں میں تخلیقی احیاء کی نشان دہی کرتا ہے۔ [1]

حوالہ جات[ترمیم]

  1. عالمی ثقافت کی لغت تالیف کوامے انتھونی اپیاہ اور ہنری لوئی گیٹس جونئیر اردو مترجم پروفیسر حنیف کھوکھر صفحہ 124 اور 125