عبدالرحمٰن بن ابی لیلی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
عبدالرحمٰن بن ابی لیلی
معلومات شخصیت
پیدائشی نام عبد الرحمن بن ابی ليلی
کنیت أبو عيسى
لقب الانصاری الاوسى مدنی كوفی
اولاد محمد بن عبد الرحمن
عملی زندگی
طبقہ الطبقة الثانية من كبار التابعين
پیشہ محدث  ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

عبد الرحمٰن بن ابی لیلیؒ تابعین میں سے ہیں۔

نام ونسب[ترمیم]

عبد الرحمٰن نام،ابو عیسیٰ کنیت،والد کا نام یسار اورکنیت ابی لیلیٰ تھی ، اس نے نام کی جگہ لے لی، نسب نامہ یہ ہے عبد الرحمن بن یسار بن بلال بن بلیل بن احیحہ بن الحلاج بن الحیرش ابن حجبا بن کلفہ بن عوف بن عمرو بن عوف اوسی انصاری۔ ابن ابی لیلی علمی اعتبار سے ممتاز تابعین میں تھے، ان کے والد ابی لیلی صحابی تھے اور متعدوغزوات میں آنحضرتﷺ کی ہمرکابی اورجہاد کا شرف حاصل کیا تھا کوفہ آباد ہونے کے بعد یہاں بودوباش اختیار کرلی تھی،، جنگِ صفین میں حضرت علیؓ کی حمایت میں شہید ہوئے ۔ [1]

پیدائش[ترمیم]

عبد الرحمن حضرت عمرؓ کے وسط عہدِ خلافت میں پیدا ہوئے۔ [2]

فضل وکمال[ترمیم]

علمی اعتبار سے عبد الرحمن بلند مرتبہ تھے، خوش قسمتی سے انھوں نے زمانہ ایسا پایا تھا جب صحابہ کرام کی بڑی تعداد موجود تھی؛چنانچہ انھوں نے ایک سو بیس انصار صحابی کو دیکھا تھا [3] اور ان میں بہتوں سے فائدہ اٹھایا ان کے فیض وبرکات نے عبد الرحمن کو دولتِ علم سے مالا مال کر دیا،علامہ نووی لکھتے ہیں کہ ان کی توثیق وجلالت پر سب کا اتفاق ہے،انھیں قرآن وحدیث اورفقہ جملہ فنون میں درک تھا۔

قرآن[ترمیم]

قرآن کی قرأ ت کا خاص ذوق تھا، ان کے یہاں ہر وقت قراء کا مجمع لگا رہتا تھا ،مجاہد کا بیان ہے کہ عبد الرحمن کے ایک خاص مکان میں بہت سے مصاحف رکھے رہتے تھے،یہاں ہر وقت قراء کا مجمع رہتا تھا، صرف کھانے کے اوقات میں یہ لوگ یہاں سے ہٹتے تھے۔ [4]

حدیث[ترمیم]

حدیث کے وہ ممتاز حفاظ میں تھے، حافظ ذہبی انھیں امام لکھتے ہیں [5] صحابہ میں انھوں نے اپنے والد ابو لیلیؓ، عمرؓ، علیؓ،سعدؓ،حذیفہؓ،معاذ بن جبلؓ، مقداد بن اسودؓ، عبد اللہ بن مسعودؓ، ابوذر غفاریؓ،ابی بن کعبؓ، بلال بن رباحؓ،سہل بن حنیفؓ، ابن عمرؓ،عبد الرحمن بن ابی بکرؓ، قیس بن سعدؓ، ابو ایوب انصاریؓ،کعب بن عجرہؓ، عبد اللہ بن زیدؓ، ابوذرغفاریؓ، ابو موسیٰ اشعریؓ،انس بن مالک، براء بن عازب، زید بن ارقم،سمرہ بن جندبؓ، صہیبؓ،عبد الرحمن بن سمرہؓ، عبد اللہ بن حکم اور اسید بن حضیرؓ وغیرہ سے استفادہ کیا تھا، ان میں بعضوں سے سماع ثابت نہیں ہے۔ [6]

حلقہ درس[ترمیم]

حدیث میں ان کا علم اتنا وسیع اورمسلم تھا کہ صحابہ تک ان کے حلقہ درس میں شریک ہوکر ان کی احادیث سنتے تھے،عبد الملک بن عمیر کا بیان ہے کہ میں نے عبد الرحمن کے حلقہ درس میں متعدد صحابہ کو دیکھا جن میں ایک براء تھے،یہ لوگ خاموشی کے ساتھ عبد الرحمن کی احادیث سنتے تھے۔ [7]

مذاکرہ حدیث[ترمیم]

حفظ حدیث کے لیے مذاکرہ ضروری سمجھتے تھے ؛چنانچہ خود ان کے یہاں برابر مذاکرہ حدیث جاری رہتا تھا اور دوسروں کو بھی ہدایت کرتے تھے کہ حدیث کی زندگی اس کے مذاکرہ میں ہے۔ [8]

فقہ[ترمیم]

فقہ میں بھی پوری دستگاہ حاصل تھی، حافظ ذہبی انھیں امام وفقیہ لکھتے ہیں۔ [9]

عہدہ قضاء[ترمیم]

ان کا فقہی کمال اتنا مسلم تھا کہ جب حجاج نے کوفہ کے عہدہ قضا کا انتظام کرنا چاہا تو اس کی نظر انہی پر پڑی،اس کے پولیس افسر حوشب نے مخالفت بھی کی اور کہا کہ اگر آپ علی بن ابی طالب کو قاضی بنانا چاہتے ہیں تو انھیں بنائیں [10] (یعنی وہ ان ہی کی طرح تمھاری مخالفت کریں گے )لیکن حجاج نے اس کے باوجود ان ہی کو قاضی بنایا،پھر کچھ دنوں کے بعد اختلاف کی بنا پر جن کا تذکرہ آگے آئے گا معزول کر دیا۔ [11]

احتیاط[ترمیم]

فتاویٰ کے جوابات دینے میں بڑے محتاط تھے، کہا کرتے تھے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے ایک سو بیس انصاری اصحاب کو دیکھا کہ جب ان میں سے کسی سے کوئی مسئلہ پوچھا جاتا تھا تو وہ اپنا پہلو بچا کر چاہتا تھا کہ دوسرا شخص جواب دے دے اوراب یہ حال ہے کہ لوگ ایک دوسرے پر ٹوٹے پڑتے ہیں۔ [12]

تلامذہ[ترمیم]

ان کے تلامذہ کا دائرہ خاصا وسیع تھا، ان میں ان کے لڑکے عیسیٰ،پوتے عبد اللہ عمرو بن میمون شعبی ثابت البنانی،حکم بن عتبہ،حسین بن عبد الرحمن،عمرو بن مرہ،مجاہد بن جبیر، یحییٰ بن الجزا،ہلال الوزان،یزید بن ابی زیاد،ابو اسحٰق شیبانی،منہال بن عمرو،عبد الملک بن عمیر، اعمش اوراسمٰعیل بن ابی خالد وغیرہ لائق ذکر ہیں۔ [13]

سادگی[ترمیم]

طبعاً نہایت سادہ مزاج تھے تکلفات کو سخت ناپسند کرتے تھے، ایک مرتبہ وضو کے بعد منہ پونچھنے کے لیے رومال پیش کیا،انھوں نے پھینک دیا۔

ہیبت[ترمیم]

لیکن اس سادگی کے باوجود لوگوں کے دلوں میں ان کی اتنی عظمت ہیبت تھی کہ ان کے ساتھ امرا کی جیسی عظمت کرتے تھے۔ ایک آزمائش: ان کے دور قضات میں انھیں ایک سخت آزمائش سے دوچار ہونا پڑاان کا پورا گھر حضرت علی کے فدائیوں میں تھا ان کے والد ابو لیلی حضرت علی کی حمایت میں جنگ صفین میں مارے گئے تھے [14]خود یہ جنگ جمل میں حضرت علی کے پرجوش حامیوں میں تھے اوران کی فوج کا علم ان کے ہاتھ میں تھا،خارجیوں کے مقابلہ میں نہروان کے معرکہ میں بھی حضرت علیؓ کے ساتھ تھے، اس فدویت کی بنا پر حجاج نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ حضرت علیؓ پر تبرا کریں،تو یہ توریہ کرتے تھے صاف برا نہ کہتے تھے، اس لیے حجاج نے ان کو معزول کرکے انھیں مارا۔ [15]

ایک بہترین اسوہ[ترمیم]

عبد الرحمن علوی تھے یعنی حضرت عثمان کے مقابلہ میں حضرت علیؓ کی فضیلت کے قائل تھے،ان کے ایک دوسرے معاصر عبد اللہ بن حکیم عثمانی تھے، لیکن اس اختلاف عقیدہ کے باوجود دونوں ایک مسجد میں نماز پڑھتے تھے اور کبھی حضرت عثمانؓ اور علیؓ کی فضیلت پر بحث ومناظرہ نہ کرتے تھے۔ [16]

وفات[ترمیم]

حجاج کے ان مظالم سے تنگ آکر اس کی مخالفت میں ابن اشعث کے ساتھ ہو گئے تھے اور اسی جنگ میں وہ کام آئے یاڈوب کر انتقال کیا۔

حوالہ جات[ترمیم]

  1. (تہذیب التہذیب:6/367)
  2. (تہذیب التہذیب:6/367)
  3. (ابن سعد:2/76)
  4. (تذکرہ الحفاظ:1/50)
  5. (تہذیب التہذیب:6/260)
  6. (ایضاً:261)
  7. (ابن سعد:6/76)
  8. (ابن سعد ایضاً:76)
  9. (تذکرہ الحفاظ:1/50)
  10. (ابن سعد:6/76)
  11. (تہذیب التہذیب:6/361)
  12. (ابن سعد: /75)
  13. (تہذیب التہذیب:6/361)
  14. (تہذیب الاسماء:1/4)
  15. (تذکرہ الحفاظ:1/50)
  16. (تاریخ خطیب بغدادی:10/201)