اخلاقیات طب

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

اخلاقیاتِ طب (انگریزی: Medical ethics) اخلاقیات اور طب کا ایک اہم شعبہ ہے جو طب و مذہب اور معاشرتی زندگی میں ہم آہنگی پیدا کرتا ہے۔ نفاذی اخلاقیات سے متعلق یہ علم ان اخلاقی قدروں سے بحث کرتا ہے جو طب و حکمت کے شعبہ جات پر مذہب و معاشرے کی جانب سے نافذ ہوتی ہوں۔ اخلاقیات طب میں سب سے اہم کردار خود اس پیشے سے تعلق رکھنے والے افراد کا ہوتا ہے ؛ ان افراد کے باہمی روابط کی اخلاقیات، پھر طبیب و مریض اخلاقیات اور ان افراد کا اپنا پیشہ ورانہ اجازت نامہ حاصل کرنے سے قبل اٹھائے گئے حلف (عہد پیشہ وری) کی پاسداری کا مطالعہ شامل ہے۔ دنیا کے قریباً تمام معاشروں میں ہی طب کو ایک اعلٰی اور قابل عزت پیشے کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور اسی وجہ سے اس شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی اخلاقیات بھی بلند ہونے کی توقع رکھی جاتی ہے۔ طب کا شعبہ مریض کی محض ظاہری حالت تک محدود نہیں ہوتا بلکہ یہ انسان کے جسم اور معالجے و تحقیق کے دوران اس کی روح تک جاتا ہے اور یوں زندگی بنانے والے خالق کی شہادت اور نشانیوں اور اس کے علم سے منسلک ہوجاتا ہے۔

اخلاقیات طب سے متعلق (منسلک) ایک اور وسیع شعبۂ علم اخلاقیات حیات (bioethics) ہوتا ہے جس میں تمام وہ پہلو شامل ہو جاتے ہیں جو حیات سے متعلق ہوں اور ان پر اخلاقیات لازم آتی ہو؛ اس کے برعکس عموماً اخلاقیات طب اپنی حدود اطلاقی طب (یعنی طبیب و مریض) تک محدود رکھتا ہے ؛ بعض اوقات یہ دونوں اصطلاحات ایک دوسرے کے متبادل بھی مستعمل نظر آتی ہیں۔

اسلامی نقطہ نظر[ترمیم]

ایک مسلم طبیب یا اسلامی ممالک کے شفاخانوں اور مطب میں کام کرنے والے افراد کے لیے اسلامی عہدِ زریں کے زمانے سے طبی اخلاقیات پر توجہ دی جاتی رہی ہے اور طب کے شعبے میں خالق کی نشانیوں کو اشرف المخلوقات میں آشکار کرنے کی وجہ سے طب، پیشے اور روزگار کے ساتھ ساتھ عبادت کی حیثیت بھی حاصل کر لیتا ہے اور یوں عمومی اخلاقیات طب، اسلامی شفاخانوں میں خصوصی اسلامی اخلاقیات طب کے ماتحت آجاتی ہے ؛ عملاً ایسا (تمام مواقع پر) ہوتا ہے یا نہیں اس بارے میں اعداد و شمار دستیاب نہیں۔

حوالہ جات[ترمیم]