آبی پودا
آبی پودا (انگریزی: Aquatic plant) جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، پانی میں رہنے والے پودے کو کہتے ہیں۔ اسے نبات الماء (انگریزی: Hydrophyte ہائیڈروفائیٹ) بھی کہتے ہیں، جس کے معنی بھی ”آبی پودا“ ہی ہیں۔ آبی پودوں کی بہت سی مختلف اقسام ہیں۔ ان کا تعلق پودوں کے متعدد اور مختلف طبقوں سے ہو سکتا ہے۔ ایک قسم پانی میں ڈوبے ہوئے پودوں کی ہے۔ یہ مکمل طور پر پانی کے اندر رہتے ہیں۔ اس قسم کے پودوں کی مثال کائی کی کئی اقسام ہیں۔ دوسری قسم تیرنے والے پودوں کی ہے جو آزادانہ طور پر پانی کی سطح پر تیرتے ہیں۔ ڈک ویڈ (Duck Weed) اور وولفیا (Wolffia) تیرنے والے پودے ہیں۔ تیسری قسم خارجی پودوں کی ہے جن کی جڑیں اور بنیادیں پانی میں ہوتی ہیں لیکن ان کے پتے پانی کی سطح کے اوپر اُگتے ہیں، اسی لیے یہ خارجی پودے کہلاتے ہیں۔ پتیرا (Cattail) ایک لمبا خارجی ہوتا ہے۔
پانی میں رہنے والے پودوں کو زمینی یا بری پودوں کے مقابلے میں مختلف حالات سے مطابقت پیدا کرنا پڑتی ہے۔ پانی میں ڈوبے رہنے والے آبی پوروں کی چھال زمینی پودوں کی طرح موٹی اور موم دار نہیں ہوتی اس لیے کہ انھیں تبخیر کم کرنے جیسے مسائل کا سامنا نہیں ہوتا۔ کئی آبی پودوں کی جڑیں نہیں ہوتیں۔ ان پودوں کو پانی اور معدنیات اپنے پتوں کی سطح سے جذب کرنی پڑتی ہیں۔ کچھ کائی جو پانی کی سطح پر ہوتی ہے، ان پر خشک ہونے سے بچاؤ کے لیے ایک لعابی تہ (Mucus) ہوتی ہے۔
زمینی پھول دار پودوں کے زر دانے ہوا یا حشرات کے ذریعے پھیلتے ہیں۔ آبی پھول دار پودوں میں ایسا نہیں ہوتا۔ ان میں زیرگی زیر آب قدرتی طریقوں سے ہوتی ہے۔
آبی پودے، آبی ماحول کے بہت اہم ارکان ہیں۔ یہ بہت سے آبی جانوروں کے لیے خوراک، پناہ اور نسیم وغیرہ فراہم کرتے ہیں۔ اگر آبی پودے بہت زیادہ مقدار میں اُگ آئیں تو یہ آبی راستوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کے علاوہ ماحول کو آبی جانوروں کے لیے کم موافق بنا دیتے ہیں۔ یہ پیداوار عموماً آبی آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہے۔