جمعیت اتحاد و ترقی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
(اتحاد عثمانی جمعیتی سے رجوع مکرر)

جمعیتِ اتحاد و ترقی یا اتحاد و ترقی جمعیتی (ترکی: İttihad ve Terakki Cemiyeti، انگریزی: Committee of Union and Progress) سلطنت عثمانیہ میں 1889ء میں قائم کردہ ایک خفیہ انجمن تھی جو پہلے جمعیتِ اتحادِ عثمانی یا اتحاد عثمانی جمعیتی (İttihad-ı Osmanî Cemiyeti) کے نام سے قائم کی گئی۔ ابراہیم تیمو، عبد اللہ جودت، اسحاق شوکت اور حسین زادہ علی اس کے بانی تھے۔ بعد ازاں 1906ء میں بہاء الدین شاکر نے نوجوانان ترک کے تحت اسے سیاسی تنظیم بنا دیا۔ 1908ء سے 1918ء کے دوران اسے بھرپور قوت حاصل رہی۔ جنگ عظیم اول کے اختتام پر سلطان محمد ششم نے اس کے کئی اراکین کو سزائیں سنا دیں اور کئی پابندِ سلاسل کر دیے گئے۔ 1926ء میں اتاترک کو قتل کرنے کی مبینہ سازشوں میں ملوث پائے جانے پر اس تنظيم کے متعدد ارکان موت کے گھاٹ اتار دیے گئے۔ بقیہ اراکین نے جمہوریت خلق پارٹی (ترکی: Cumhuriyet Halk Partisi) کے نام سے سیاسی سفر جاری رکھا۔