احسان الحق قادری

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
حافظ محمد احسان الحق قادری
معلومات شخصیت
پیدائش 1926ء
شمس آباد، اٹک (کیمل پور) پنجاب
تاریخ وفات 14 اکتوبر 1989ء
شہریت پاکستانی
مذہب اسلام
مکتب فکر اہلسنت والجماعت (بریلوی - حنفی)
عملی زندگی
مادر علمی جامعہ رضویہ مظہر الاسلام
متاثر محمد عبدالحکیم شرف قادری

استاذالعلما ء شیخ الحدیث حافظ محمد احسان الحق قادری 1926ء کو شمس آباد، اٹک (کیمل پور) پنجاب میں مولانا محمد نصیر احمد کے گھر پیدا ہوئے جو پنجاب کی معزز اعوان برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ استاذالعلماء شیخ الحدیث حافظ محمد احسان الحق قادری، اہلسنت والجماعت، حنفی بریلوی مکتب فکر کے ممتاز عالم دین، ولی کامل، مصنف، مدرس، مبلغ، شاعر، نعت خواں، مناظر اور فقیہہ تھے۔ آپ نےجمعیت علمائے پاکستان اور جماعت اہلسنت میں گراں قدر سیاسی خدمات سر انجام دیں۔

تعلیم[ترمیم]

حافظ صاحب نے ابتدائی تعلیم مقامی اسکول سے حاصل کی۔ بعد میں حافظ سید محمد مقبول شاہ صاحب سے فیصل آباد کے نواحی گاؤں برج میں قرآن کریم حفظ کیا۔ شیخ الحدیث علامہ غلام رسول رضوی صاحب سے مکمل درسِ نظامی شرقپور شریف سے پڑھا۔ اور محدث اعظم پاکستان مولانا محمد سردار احمد قادری سے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں دورہ حدیث شریف کیا۔

تدریس[ترمیم]

آپ جامعہ رضویہ فیصل آباد میں صدر المدرسین اور نائب شیخ الحدیث کے منصب پر فائض رہے۔ تبلیغ قرآن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کی تشکیل میں بھرپور کردار ادا کیا۔ اور انتھک تدریسی کوششوں سے ہزاروں شاگرد علما تیار کیے۔ متعدد دینی کتب مقالات اور مفصل فتاویٰ جات کی صورت میں بہت بڑا تحقیقی مواد فراہم کیا۔

تلامذہ[ترمیم]

آپ سے بے شمار علما نے اکتساب فیض حاصل کیا ان میں سے چند کے نام یہ ہیں

  • قاضی محمد فضل رسول حیدر رضوی (سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان)
  • شرف ملت علامہ محمد عبدالحکیم شرف قادری
  • نائب محدث اعظم مولانا عبد الرشید قادری رضوی صاحب (سمندری شریف)
  • حضرت مولانا محمد ابراہیم خوشترصاحب (انگلینڈ)
  • مناظر اسلام مولانا محمد سعید احمد اسعد صاحب
  • پیر علاؤ الدین صدیقی (نیریاں شریف)
  • مفتی محمد عبد المنان صاحب (لکی مروت)

دیگر خدمات[ترمیم]

انھوں نے تحریک ختم نبوت میں جیل کاٹی اور نظام مصطفٰی کے نفاذ کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ آپ ایک بے مثال مناظر تھے۔ محدث اعظم پاکستان جامعہ رضویہ سے مناظروں کے لیے اکثر آپ ہی کو بھیجا کرتے تھے۔ غیر مقلدین نے جب فتاویٰ عالمگیری پر اعتراضات کی بوچھاڑ کی تو آپ نے منہ توڑ جواب دیا اور ان کا علمی محاسبہ کیا۔

وفات[ترمیم]

عاشق مدینہ منورہ، خلیفہ مجاز حضور مفتی اعظم و قطب مدینہ و محدث اعظم پاکستان، شیخ الحدیث و التفسیر استاذ العلماء حافظ محمد احسان الحق قادری رضوی 12 ربیع الاول 1410 ہجری 14 اکتوبر 1989ء بروز ہفتہ بعد نماز ظہر اس دنیا فانی سے پردہ فرما گئے۔ ان کا مزارجامع مسجد ہجویری سے ملحق ہے جو جناح کالونی فیصل آباد، پاکستان میں واقع ہے۔

حوالہ جات[ترمیم]