استونیا

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
  
استونیا
استونیا
استونیا
پرچم
استونیا
استونیا
نشان

 

شعار
(انگریزی میں: Epic Estonia ویکی ڈیٹا پر (P1451) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
ترانہ:
زمین و آبادی
متناسقات 59°N 26°E / 59°N 26°E / 59; 26  ویکی ڈیٹا پر (P625) کی خاصیت میں تبدیلی کریں[1]
پست مقام
رقبہ
دارالحکومت ٹالن  ویکی ڈیٹا پر (P36) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
سرکاری زبان استونیائی زبان[2]  ویکی ڈیٹا پر (P37) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
آبادی
حکمران
سربراہ حکومت کایا کلاس (26 جنوری 2021–)[3]  ویکی ڈیٹا پر (P6) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
قیام اور اقتدار
تاریخ
یوم تاسیس 24 فروری 1918  ویکی ڈیٹا پر (P571) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عمر کی حدبندیاں
شادی کی کم از کم عمر
شرح بے روزگاری
دیگر اعداد و شمار
کرنسی یورو  ویکی ڈیٹا پر (P38) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
منطقۂ وقت 00 (معیاری وقت)  ویکی ڈیٹا پر (P421) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
ٹریفک سمت دائیں[4]  ویکی ڈیٹا پر (P1622) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
ڈومین نیم ee.  ویکی ڈیٹا پر (P78) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
سرکاری ویب سائٹ باضابطہ ویب سائٹ  ویکی ڈیٹا پر (P856) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
آیزو 3166-1 الفا-2 EE  ویکی ڈیٹا پر (P297) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
بین الاقوامی فون کوڈ +372  ویکی ڈیٹا پر (P474) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
Map

استونیا جسے سرکاری طور پر جمہوریہ استونیا کہتے ہیں، شمالی یورپ کے بالٹک ریجن میں واقع ہے۔ شمال میں خلیج فن لینڈ، مغرب میں بحیرہ بالٹک، جنوب میں لٹویا اور مشرق میں روس واقع ہے۔ بحیرہ بالٹک کے پار سوئیڈن واقع ہے۔ اسٹونیا کا کل رقبہ 45,339 مربع کلومیٹر (17,505 مربع میل) ہے اور آبادی 1,365,884 (2023 کا تخمینہ) ہے۔ استونین فِنش قوم سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی واحد سرکاری زبان استونین ہے جو فِنش زبان سے مماثل ہے۔ تالن اسٹونیا کا دار الحکومت اور سب سے بڑا شہر ہے اور یورو بطور کرنسی استعمال کیا جاتا ہے۔

استونیا پارلیمانی جمہوریہ ہے اور اس میں کل 15 کاؤنٹیاں ہیں۔ سب سے بڑا شہر اور دار الحکومت ٹالِن ہے۔ اس کی کل آبادی 13٫40٫000 ہے۔ یورپی یونین، یورو زون اور ناٹو کے رکن ممالک میں کم گنجان آباد ممالک میں سے ایک ہے۔ سابقہ روسی ریاستوں میں استونیا فی کس آمدنی کے اعتبار سے سب سے آگے ہے۔ عالمی بینک کے مطابق استونیا کی معیشت امیر ممالک میں شمار ہوتی ہے۔ اقوامِ متحدہ استونیا کو ترقی یافتہ ملک قرار دیتی ہے اور انسانی ترقی کے اعشاریے میں اسٹونیا کا درجہ انتہائی بلند ہے۔ آزادئ صحافت، معاشی آزادی، جمہوریت اور سیاسی آزادی اور تعلیم کے حوالے سے بھی استونیا کا درجہ بہت بلند ہے۔

مختصر تاریخ[ترمیم]

موجودہ دور کے اسٹونیا کے مقام پر 8500 ق م میں برفانی دور کے فوراً بعد انسان آباد ہونے لگ گئے تھے۔ بعد کی صدیوں میں اسٹونین لوگوں پر ڈینش، پولش، سوئیڈش اور روسی قبضے ہوتے رہے۔ 1227 میں اسٹونیا پر غیر ملکی قبضے کی ابتدا ہوئی۔

اسٹونیا کی نشاطِ ثانیہ کے دور میں قومی سطح پر بیداری پیدا ہوئی۔ یہ تحریک 1750 تا 1840 تک جاری رہی۔ 1918 میں اسٹونیا نے اپنی آزادی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد اسٹونیا کی جنگِ آزادی شروع ہوئی۔ جنگ کا اختتام ترتو کے معاہدے پر ہوا جس کے تحت اسٹونیا کی آزادی تسلیم کر لی گئی۔ دوسری جنگِ عظیم کے دوران میں اسٹونیا کو روس نے اپنے ساتھ ضم کر لیا۔

اسٹونیا نے دوبارہ 20 اگست 1991 کو دوبارہ آزادی حاصل کر لی۔ اس وقت سے لے کر اب تک اسٹونیا میں سماجی اور معاشی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ آج کئی برسوں سے مسلسل اسٹونیا کو اس کی معاشی آزادی، نئی ٹیکنالوجیوں کا حصول اور دنیا کی تیز ترین معیشتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ 2007 تا 2010 جاری رہنے والے معاشی بحران میں یورپی یونین کے 27 اراکین میں اسٹونیا کی حالت دوسرے نمبر پر سب سے بری تھی۔ 2010 میں معاشی صورت حال بہتر ہونے لگی اور برآمدات میں اضافہ ہونے لگا۔

تاریخ[ترمیم]

قبل از تاریخ[ترمیم]

اسٹونیا میں 11000 سے 13000 سال قبل برفانی دور کے اختتام پر انسان آباد ہونے لگے۔ اسٹونیا میں سب سے پرانی آبادی پُلی آبادی تھی جو دریائے پیرنُو پر سنڈی کے قصبے کے ساتھ واقع تھی۔ یہ جگہ جنوب مغربی اسٹونیا میں واقع ہے۔ ریڈیو کاربن ڈیٹنگ سے پتہ چلا ہے کہ یہ آبادی 11000 سال قبل تھی۔

اس بات کے بھی ثبوت ملے ہیں کہ 6500 ق م قبل شمالی اسٹونیا میں کنڈا کے قصبے کے پاس شکار اور ماہی گیری ہوتی رہی تھی۔ یہاں موجود ہڈیوں اور پتھروں کے اوزار اسٹونیا اور لٹویا کے دیگر حصوں کے علاوہ شمالی لتھوانیا اور جنوبی فن لینڈ میں بھی ملے ہیں۔ کنڈا ثقافت قرونِ وسطٰی سے تعلق رکھتے ہیں۔

تانبے کے دور کے اواخر اور لوہے کے دور کے آغاز میں بڑے پیمانے پر ثقافتی تبدیلیاں آئیں۔ سب سے اہم تبدیلی کاشتکاری کی ابتدا تھی جو بعد میں اسٹونیا کی معیشت اور ثقافت کی بنیاد بنی۔ پہلی سے پانچویں صدی عیسوی میں مستقل بنیادوں پر کاشتکاری شروع ہو گئی تھی۔ آبادی میں اضافہ ہوا اور بستیاں پھیلنے لگیں۔ رومن سلطنت سے ثقافتی اثرات اسٹونیا میں پہنچے۔

موجودہ اسٹونیا میں آباد لوگوں کے بارے پہلا تذکرہ ہمیں رومن تاریخ دان ٹیسی ٹس کی کتاب جرمینیا سے ملتا ہے۔ اسی کتاب میں ہی اسٹونین زبان کا ایک لفظ استعمال ہوا ہے جو اس زبان کا قدیم ترین حوالہ ہے۔ قرونِ وسطٰی کے اپنے جنگی مسائل کے علاوہ بیرونی حملہ آور بالٹک قبائل سے آنے لگے جو جنوبی سرحد اور سمندر پار سے حملہ آور ہوتے تھے۔ استونین قذاقوں نے وائکنگ دور میں حملے شروع کیے۔

پہلی صدی عیسوی میں سیاسی اور انتظامی ڈھانچہ بننے لگا۔ دو بڑی تقسیمیں ہوئیں جن میں زمین اور صوبہ شامل تھے۔ صوبوں میں کئی گاؤں شامل تھے۔ تقریباً ہر صوبے کا اپنا کم از کم ایک قلعہ تھا۔ اعلیٰ سرکاری افسر صوبے کے دفاع کا ذمہ دار تھا جو بادشاہ کو جواب دہ تھا۔

قرونِ وسطٰی[ترمیم]

13ویں صدی کے آغاز میں ایک مقامی سردار نے 6٫000 جوانوں کی مدد سے غیر ملکی افواج کو نکال باہر کرنے اور ملک کو متحد کرنے کی ٹھانی لیکن بعد ازاں ستمبر 1217 میں ایک جنگ میں مارا گیا۔ 1481 اور 1558 میں ماسکو کی حکومت اور زار نے ناکام حملے کیے۔

تشکیلِ نو[ترمیم]

سرکاری طور پر یورپ کی تشکیلِ نو کا آغاز 1517 مارٹن لوتھر نے کیا۔ اس کا سب سے زیادہ اثر بالٹک علاقوں پر پڑا۔ زبان، تعلیم، مذہب اور سیاست، سب ہی بڑے پیمانے پر تبدیل ہوئے۔ چرچ کی خدمات اب مقامی زبان میں مہیا کی جانے لگیں۔ 1561 کی لیونین جنگ کے دوران میں شمالی اسٹونیا پر سوئیڈن کا قبضہ ہو گیا۔ 1629 میں سارا اسٹونیا ہی سوئیڈن کے قبضے میں آ گیا۔

1631 میں بادشاہ گستاف دوم اڈولف نے اشرافیہ کو مجبور کیا کہ وہ کسانوں کو زیادہ حقوق دیں۔ 1632 میں چھاپہ خانہ اور ایک یونیورسٹی بھی یہاں ترتُو کے قصبے میں بنیں۔ اس دور کو "دی گڈ اولڈ سوئیڈش ٹائم" کہا جاتا ہے۔

1657 میں طاعون کی وباء پھیلنے تک یہاں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوتا رہا تھا۔ 1695 تا 1697 کے قحط میں تقریباً 70٫000 افراد ہلاک ہوئے جو کل آبادی کا پانچواں حصہ تھے۔

روسی سلطنت کا اسٹونیا[ترمیم]

عظیم شمالی جنگ کے دوران میں اسٹونیا اور لیونیا نے ہتھیار ڈال دیے اور سوئیڈش بادشاہ نے اسٹونیا کو روس کے حوالے کر دیا۔ تاہم اشرافیہ وغیرہ زیادہ تر بالٹک جرمن ہی رہے۔ جنگ کی وجہ سے اسٹونیا کی آبادی بہت گھٹ گئی تھی۔ تاہم جنگ کے بعد دوبارہ تیزی سے بڑھی۔ 1917 کے روسی انقلاب کے بعد 24 فروری 1918 تک ٹالِن پر روسی افواج کا قبضہ رہا۔ اس کے بعد اسٹونیا نے آزادی کا اعلان کر دیا۔

اعلانِ آزادی[ترمیم]

جبری مزدوری کے خاتمے اور مقامی اسٹونین زبان میں تعلیم کے حصول سے قوم پرستی کی تحریک 19ویں صدی میں شروع ہوئی۔ اس کی ابتدا ثقافتی طور پر ہوئی۔ نتیجتاً اسٹونین زبان میں ادب، تھیٹر اور موسیقی شروع ہوئی اور اسٹونین قومی شناخت بنی۔ اسے بیداری کا دور بھی کہتے ہیں۔

1869 میں پہلا قومی گیت میلہ منعقد ہوا۔ روس کے بڑھتے ہوئے اثرات کے خلاف پہلے پہل تو دانشوروں نے خود مختاری اور بعد ازاں مکمل آزادی کا مطالبہ کیا۔

1917 کے انقلاب کے بعد جب روس پر بالشویک لوگوں نے قبضہ کیا اور جرمن فوج نے روس کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں تو 23 فروری 1918 کو پیرنُو اور 24 فروری کو ٹالِن میں آزادی کا اعلان کر دیا۔

روس کے خلاف اسٹونیا کی جنگِ آزادی میں کامیابی کے بعد ترتُو کا معاہدہ ہوا۔ جمہوریہ استونیا کو 7 جولائی 1920 میں فن لینڈ، ارجنٹائن نے 12 فروری 1921 اور مغربی اتحادی افواج نے 26 جنوری 1921 میں تسلیم کیا۔

اسٹونیا کی آزادی 22 سال تک قائم رہی۔

اسٹونیا اور جنگِ عظیم دوم[ترمیم]

دوسری جنگِ عظیم دوم میں جب جرمنی اور روس نے عدم جارحیت کا معاہدہ کیا تو اسٹونیا کی قسمت پر مہر ثبت ہو گئی۔ دوسری جنگِ عظیم میں اسٹونیا کی چوتھائی آبادی موت کے گھاٹ اتر گئی۔ دوسری جنگِ عظیم کی ابتدا میں اسٹونیا کے اہم علاقائی اتحادی پولینڈ پر نازی جرمنی اور روس نے مل کر قبضہ کر لیا۔

روسی حملہ اور قبضہ[ترمیم]

دوسری جنگِ عظیم کی ابتدا سے قبل ہی ہٹلر اور سٹالن نے فیصلہ کیا کہ مشرقی یورپی کو خصوصی تعلق کے علاقوں میں تقسیم کیا جائے۔ جرمنی اور روس کے عدم جارحیت کا معاہدہ کیا

24 ستمبر 1939 کو روسی فوج کے بحری بیڑے نے اسٹونیا کی بندرگاہوں اور روسی بمبار طیاروں نے ٹالِن اور آس پاس کے علاقوں پر بمباری کی۔ اسٹونیا کی حکومت نے مجبور ہو کر روس کو اس بات کی اجازت دی کہ وہاں "باہمی دفاع" کے لیے 25٫000 فوجی روس کے اڈوں میں رکھے جائیں۔ 12 جون 1940 کو روسی افواج کو حکم ملا کہ ہر طرح سے اسٹونیا کی ناکہ بندی کر دی جائے۔

14 جون 1940 کو روس نے اسٹونیا کی فوجی ناکہ بندی کر لی۔ روس کے دو فوجی بمبار طیاروں نے فنِنش مسافر بردار طیارے کو تباہ کر دیا جس میں ٹالِن، ریگا اور ہیلسنکی میں متعین امریکی سفارتی عملے موجود تھے۔ 16 جون 1940 کو اسٹونیا میں موجود روسی فوج اپنے اڈوں سے باہر نکل آئی اور اگلے دن مزید 90٫000 روسی فوجی اسٹونیا میں داخل ہو گئے۔ اسٹونیا کی حکومت نے خون خرابے سے بچنے کے لیے ہتھیار ڈال دیے۔

21 جون 1940 کو اسٹونیا پر فوجی قبضہ مکمل ہو چکا تھا۔

اسٹونیا کی زیادہ تر افواج نے حکومت کے حکم پر ہتھیار ڈال دیے لیکن ایک خود مختار سگنل بٹالین نے ٹالِن میں لڑائی جاری رکھی۔ تاہم دن ڈھلنے پر مذاکرات کے بعد انھوں نے بھی ہتھیار ڈال دیے۔

اگست 1940 میں غیر قانونی طور پر اسٹونیا کو روس میں شامل کر دیا گیا۔ اسٹونیا کے آئین میں درج شق جس کے تحت کسی بڑے ملک میں شمولیت کے لیے اسٹونین باشندوں کا ریفرنڈم ہونا ضروری ہے، کو نظر انداز کر دیا گیا۔ اس کی بجائے ایک ماہ قبل ہونے والے فرضی انتخابات کو بنیاد بنایا گیا۔ ایسے سیاست دان جنھوں نے روس میں شمولیت کے لیے ووٹ نہ دیا تھا، کو روسی فوجی عدالتوں نے سزائے موت دے دی۔

جب جرمنی نے روس کے خلاف آپریشن باربروسا شروع کیا تو تقریباً 34٫000 اسٹونین نوجوانوں کو زبردستی روسی فوج میں شامل کر دیا گیا۔ ایک تہائی سے بھی کم افراد جنگ میں زندہ بچے۔ جو سیاسی قیدی نہ نکالے جا سکے، انھیں روسیوں نے قتل کر دیا گیا۔

کئی ممالک بشمول امریکا نے اسٹونیا کی روس میں شمولیت کو قبول نہ کیا۔ ایسے ممالک نے اپنے ہاں موجود اسٹونین سفارتی عملے کی حیثیت برقرار رکھی۔

روس کے جدید سیاست دان اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ روس نے اسٹونیا پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا۔ ان کے بقول روس نے اسٹونین حکومت کی منظوری سے فوج ادھر بھیجی تھی۔ ان کے بقول اسٹونیا نے رضاکارانہ طور پر اپنی آزاد حیثیت کو ختم کیا تھا۔ آزادی کی جد و جہد کرنے والے افراد کو روسیوں نے مجرم اور نازی کہا۔ تاہم روسی نقطہ نظر کو بین الاقوامی حمایت حاصل نہیں۔

جرمن قبضہ[ترمیم]

22 جون 1941 میں روس پر حملے کے دوران میں چند ہی دنوں میں جرمن افواج اسٹونیا تک پہنچ گئیں۔ جرمن فوج نے 7 جولائی کو اسٹونیا کی جنوبی سرحد عبور کی۔ روسی افواج پیرنُو کے دریا تک پیچھے ہٹ گئیں۔ جولائی کے اختتام پر جرمن فوج نے اسٹونین چھاپہ ماروں کے ساتھ پیش قدمی دوبارہ شروع کر دی تھی۔ 17 اگست کو جرمن اور اسٹونین افواج نے ناروا کا شہر واپس لے لیا اور 28 اگست کو اسٹونیا کا دار الحکومت ٹالِن بھی روس کے ہاتھ سے نکل گیا۔ روسی افواج کے انخلا کے بعد روسی افواج نے تمام اسٹونین افراد سے ہتھیار رکھوا لیے۔

اگرچہ ابتدا میں اسٹونین لوگوں نے جرمن افواج کو اپنا نجات دہندہ سمجھا اور انھیں اسٹونیا کی آزادی سامنے دکھائی دینے لگی لیکن جلد ہی احساس ہو گیا کہ جرمن انھیں آزادی دلانے نہیں بلکہ ان پر قبضہ کرنے آئے ہیں۔ جرمنوں نے اسٹونیا کے وسائل کو اپنی جنگ کے لیے استعمال کیا۔

نازیوں سے بد دل ہو کر بہت سارے اسٹونین افراد نے فِننش افواج میں شمولیت اخیتار کر لی۔ فِننش انفینٹری رجمنت نمبر 200 انہی اسٹونین رضاکاروں سے بنائی گئی تھی۔ اگرچہ کچھ اسٹونین افراد جرمن افواج میں شامل ہو چکے تھے لیکن ان کی اکثریت نے جرمن فوج میں 1944 میں شمولیت اختیار کی جب اسٹونیا پر روس کے ایک اور حملے کا وقت آ چکا تھا اور اسٹونین جان چکے تھے کہ جرمنی یہ جنگ نہیں جیت سکتا۔

جنوری 1944 میں محاذِ جنگ کو اسٹونیا کی سابقہ سرحدوں تک واپس دھکیل دیا گیا تھا۔ ناروا کو خالی کر دیا گیا۔ روسی قبضے سے قبل اسٹونیا کے آخری وزیرِ اعظم نے اب اعلان کیا کہ 1904 سے 1923 کے درمیان میں پیدا ہونے والے تمام صحت مند افراد فوج میں شمولیت اختیار کریں۔ اس سے قبل وزیرِ اعظم اس بات کے خلاف تھے۔ اس پر ہر طرف سے لوگوں نے لبیک کہی اور 38٫000 افراد رجسٹریشن کے مراکز پر پہنچ گئے۔

کئی ہزار فوجی جو فِننش فوج میں بھرتی ہوئے تھے، واپس آ کر اپنی ملکی افواج میں شامل ہو گئے۔ انھیں روسی حملے کے خلاف مزاحمت کے لیے مقرر کیا گیا۔ اندازہ تھا کہ اس طرح مزاحمت کرتے ہوئے اسٹونیا مغربی اقوام کی حمایت حاصل کر کے اپنی آزادی کو پا لے گا۔

روسی اسٹونیا[ترمیم]

روسی افواج نے 1944 کے خزاں کے دوران میں خونی لڑائیوں کے بعد ناروا دریا سے شمال مشرق کے رقبے اور دیگر حصوں پر قبضہ کر لیا۔

روسی فوج کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے پیشِ نظر اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہزاروں کی تعداد میں تھے اور ان کے پاس دو ہی راستے تھے کہ یا تو وہ جرمنوں کے ساتھ فرار ہو جائیں یا پھر فن لینڈ اور سوئیڈن نکل جائیں۔ 12 جنوری 1949 کو روسی وزراء کی کونسل نے اعلان جاری کیا کہ تمام مقامی افراد جو مزاحمت کرتے ہوں، کو ان کے خاندان کے ہمراہ ملک بدر کر دیا جائے۔

اس حکم نامے سے 2٫00٫000 سے زیادہ افراد متائثر ہوئے۔ کل آبادی کے دس فیصد سے زیادہ افراد کو روسی مزدور کیمپوں اور ڈیتھ کیمپوں میں بھیج دیا گیا۔ بڑھتی ہوئی مزاحمت کے پیشِ نظر 20٫000 سے زیادہ افراد کو یا تو بیگار کیمپوں یا سائبیریا بھیج دیا گیا۔

دوسری جنگِ عظیم کے بعد روسیوں کے پیشِ نظر یہ مقصد تھا کہ سارے بالٹک ممالک کو روس میں ضم کر دیا جائے۔ اس سلسلے میں روسیوں کی ان ممالک میں آباد کاری کو ترجیح دی جانے لگی۔ جنگ سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں مقامی لوگوں کو ملک بدر کر دیا گیا۔ یہ سلسلہ 1953 تک جاری رہا اور جوزف سٹالن کی موت کے ساتھ ختم ہوا۔

ملک بدر ہونے والے افراد کی نصف تعداد ماری گئی اور بقیہ افراد کو 1960 کی دہائی سے اوائل میں واپس آنے کی اجازت دی گئی۔ روسیوں کے تسلط کے دوران میں روس کے خلاف اسٹونین لوگوں نے کئی چھاپہ مار گروہ تشکیل دے دیے تھے۔ یہ گروہ سابقہ جرمن اور فِننش فوجیوں کے ساتھ ساتھ محدود تعداد میں شہریوں پر بھی مشتمل تھے۔ دوسری جنگِ عظیم اور پھر روسی قبضے کے دوران میں ہونے والے مالی نقصانات کی وجہ سے اسٹونیا کی معیشت کمزور ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں فن لینڈ اور سوئیڈن کی نسبت اسٹونیا کے لوگ بہت غریب ہو گئے۔

مختلف علاقوں کو فوجی قرار دے دینا بھی روسی حکمتِ عملی کا ایک حصہ تھا۔ ملک کے بڑے حصے، خصوصاً ساحلی علاقے صرف فوجیوں کے لیے مخصوص کر دیے گئے تھے۔ زیادہ تر سمندری ساحل اور سمندری جزیرے بھی سرحدی علاقے قرار دے دیے گئے تھے۔ ان علاقوں کے غیر رہائشی افراد کو وہاں جانے کے لیے الگ سے اجازت نامے درکار ہوتے تھے۔ سب سے عام مثال پالڈیسکی کا شہر تھا جو عوام کے لیے بالکل بند کر دیا گیا تھا۔ یہ شہر روسی بالٹک بیڑے اور کئی فوجی مراکز کی رسد کا مرکز تھا۔ اس شہر میں ایٹمی آبدوزوں کی تربیت گاہ بھی تھی جہاں ایک اصل آبدوز کی نقل رکھی گئی تھی جس میں اصلی ایٹمی ری ایکٹر بھی موجود تھا۔ 1994 میں روسی افواج کے انخلا کے بعد یہ ساری سہولیات اسٹونیا کے قبضے میں آ گئی ہیں۔ امیگریشن بھی روسی قبضے کا ایک اہم پہلو تھا۔ ملک کے کونے کونے سے افراد کو خصوصی طور پر اسٹونیا میں لا کر بسایا گیا تھا تاکہ وہ فوجی اور صنعتی حوالے سے روس کی مدد کر سکیں۔ اندازہ ہے کہ 45 سال کے عرصے میں پانچ لاکھ افراد اسٹونیا بھیجے گئے تھے۔

آزادی کے بعد[ترمیم]

امریکا، برطانیہ، اٹلی اور مغربی ممالک کی اکثریت نے اسٹونیا کے روس میں انضمام کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔ انھوں نے آزاد اسٹونیا کے سفارت کاروں کا درجہ بحال رکھا اور روسی قبضے میں جانے والے اسٹونیا کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جب روس کے اندرونی نظام میں بگاڑ پیدا ہوا تو اسٹونیا کی آزادی کے امکانات پیدا ہو گئے۔ 1980 کی دہائی کے گذرنے کے ساتھ ساتھ اسٹونیا کی آزادی کی تحریک زور پکڑتی گئی۔ 1987 سے 1989 میں یہ تحریک زیادہ تر معاشی آزادی کے لیے تھی۔ تاہم کمزور ہوتے ہوئے روس کی وجہ سے ملک کی مکمل آزادی کا مطالبہ زور پکڑتا گیا۔

1989 میں گانوں کا انقلاب یعنی سنگنگ ریولوشن منعقد ہوا۔ یہ تاریخی واقعہ آزادی کے سفر میں اہم تھا۔ اسے بالٹک وے بھی کہا گیا۔ بیس لاکھ سے زیادہ افراد نے لتھوانیا، لٹویا اور اسٹونیا سے اس میں حصہ لیا۔ تینوں ریاستوں کو ایک ہی جیسے حالات کا سامنا تھا اور تینوں پر ہی روس کا ہی قبضہ رہا تھا۔ اسٹونیا کی خود مختاری کا اعلان 16 نومبر 1988 کو کیا گیا جب ماسکو میں فوجی بغاوت ہوئی۔ روس نے 6 ستمبر 1991 کو اسٹونیا کو تسلیم کر لیا۔ 31 اگست 1994 کو آخری فوجی اسٹونیا سے نکل گیا۔ آئس لینڈ سفارتی سطح پر اسٹونیا کی آزادی تسلیم کرنے والا پہلا ملک بنا۔

یورپی یونین میں ہونے والی 2004 کی توسیع یونین کی تاریخ کی سب سے بڑی توسیع تھی۔ یہ توسیع نہ صرف رقبے اور آبادی بلکہ دولت کے اعتبار سے بھی سب سے بڑی تھی۔ یکم مئی 2004 کو جو دس ملک یورپی یونین کا حصہ بنے، اسٹونیا ان میں سے ا یک تھا۔

جغرافیہ[ترمیم]

اسٹونیا کی سرحد لٹویا کے ساتھ تقریباً 267 کلومیٹر طویل ہے۔ روس کے ساتھ سرحد 290 کلومیٹر لمبی ہے۔ تاہم آج بھی روس اور اسٹونیا کے درمیان میں سرحد کا واضح تعین نہیں۔

اسٹونیا بحیرہ بالٹک کے مشرقی ساحل پر خلیج فن لینڈ کے پار موجود ہے۔ اسٹونیا کی اوسط بلندی تقریباً 50 میٹر ہے تاہم ملک کا بلند ترین مقام 318 میٹر اونچا ہے۔ بے شمار خلیجیں، کھاڑیاں وغیرہ ملا کر کل ساحل تقریباً 1٫500 کلومیٹر طویل ہے۔ اسٹونیا میں دو جزیرے اتنے بڑے ہیں جو خود سے الگ ملک بن سکتے ہیں۔ انہی میں سے ایک میں شہابِ ثاقب کے گرنے سے بننے والی کھائیاں موجود ہیں۔

اسٹونیا میں چار الگ الگ موسم ہوتے ہیں۔ جولائی کا اوسط درجہ حرارت 16.3 سے 18.1 ڈگری رہتا ہے۔ سب سے زیادہ بارش بھی اسی ماہ ہوتی ہے۔ فروری میں اوسط کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری رہتا ہے۔ سالانہ اوسط درجہ حرارت 5.2 ڈگری رہتا ہے۔ 1961 تا 1990 سالانہ بارش کی اوسط 535 تا 727 ملی میٹر رہی ہے۔

بالعموم وسط دسمبر سے مارچ کے آخر تک ساری زمین برف سے ڈھکی رہتی ہے۔ اسٹونیا میں 1٫400 جھیلیں ہیں۔ ان کی اکثریت بہت چھوٹی ہیں تاہم سب سے بڑی جھیل کا رقبہ 3٫555 مربع کلومیٹر ہے۔ اسٹونیا میں بہت سارے دریا بھی موجود ہیں جن میں سے وہنڈو نامی دریا 162 کلومیٹر طویل ہے۔ اس کے علاوہ یہاں دلدلیں بھی پائی جاتی ہیں۔

انتظامی تقسیم[ترمیم]

ماکُنڈ سب سے بڑی انتظامی تقسیم ہے۔ اسے انگریزی میں کاؤنٹی بھی کہتے ہیں۔ کاؤنٹی کی حکومت پر کاؤنٹی کا گورنر ہوتا ہے جو قومی حکومت کی نمائندگی کرتا ہے۔ گورنر کو وفاقی حکومت پانچ سال کی مدت کے لیے مقرر کرتی ہے۔

اسٹونیا میں کل 15 کاؤنٹیاں ہیں۔ ہر کاؤنٹی مزید بلدیوں میں منقسم ہوتی ہے۔ بلدیہ یا تو شہری ہوتی ہے یا دیہاتی۔

ہر بلدیہ میں ایک یا ایک سے زیادہ آبادیاں ہوتی ہیں۔ کچھ شہری بلدیوں کو اضلاع میں تقسیم کرتے ہیں۔ مثلاً ٹالِن میں آٹھ اضلاع ہیں۔

بلدیہ کی آبادی میں بہت فرق ہوتا ہے۔ مثلاً ٹالِن میں 4٫00٫000 جبکہ رُہنُو میں 60 افراد رہتے ہیں۔ دو تہائی سے زیادہ بلدیوں کی آبادی 3٫000 سے کم ہے۔ مارچ 2008 میں اسٹونیا میں کل 227 بلدیہ جات تھیں۔ ان میں سے 33 شہری جبکہ 193 دیہاتی ہیں۔

سیاست[ترمیم]

پارلیمانی نمائندہ جمہوریت کے بیان کردہ اصولوں کے مطابق اسٹونیا میں سیاست کام کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم حکومت کا سربراہ ہوتا ہے اور کثیر الجماعتی سیاسی نظام ہے۔

پارلیمان[ترمیم]

اسٹونیا کی پارلیمان چار سال کے عرصے کے لیے عام انتخابات سے چنی جاتی ہے۔ اسٹونیا کا سیاسی نظام 1992 کے آئین کے مطابق کام کرتا ہے۔ پارلیمان میں کل 101 اراکین ہوتے ہیں اور حکومت کی پالیسیوں کا زیادہ تر انحصار قومی آمدن اور اخراجات کے تناسب سے ہوتا ہے۔

اسٹونیا کی پارلیمان ملکی اعلیٰ عہدے داروں کا تقرر کرتی ہے۔ ان میں ملک کا صدر بھی شامل ہے۔ مزید برآں یہ اسمبلی صدر کے مشورے سے مرکزی بینک کے چیئرمین، آڈیٹر جنرل، لیگل چانسلر اور مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف وغیرہ کا تعین کرتی ہے۔ عوام کی طرف سے اسمبلی کے اراکین حکومت سے مختلف امور پر وضاحت طلب کر سکتے ہیں۔

حکومت[ترمیم]

اسٹونیا میں حکومت کا تقرر وزیرِ اعظم صدر کے مشورے سے کرتا ہے اور اس کی توثیق پارلیمان سے ہوتی ہے۔ حکومت کے پاس آئین کے تحت انتظامی اختیارات ہوتے ہیں۔ حکومت میں وزیرِ اعظم سمیت کل 12 وزراء ہوتے ہیں۔ وزیرِ اعظم حکومتی وزراء اور ان کے محکموں کا تعین کرتا ہے۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ وزیر کے پاس کوئی محکمہ نہ ہو۔

بغیر محکمے والے وزراء زیادہ سے زیادہ تین ہو سکتے ہیں اور وزراء کی کل تعداد 15 سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔ اسے وفاقی کابینہ بھی کہتے ہیں۔ کابینہ کا کام اندرونی اور خارجہ پالیسیوں کو حکومت کی مرضی کے مطابق تشکیل دینا، حکومتی اداروں کے کام کی دیکھ بھال اور اپنے اختیارات میں آنے والے تمام فرائض کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ کابینہ کا سربراہ وزیرِ اعظم ہوتا ہے جو حکومت کے فیصلوں کا ذمہ دار ہوتا ہے۔

اسٹونیا ای گورنمنٹ اور ای سٹیٹ کے لیے کوشاں ہے۔ انٹرنیٹ کی مدد سے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا عمل 2005 میں شروع ہو چکا ہے۔

قانون[ترمیم]

اسٹونیا کے آئین کے مطابق اصل اختیارات عوام کے پاس ہوتے ہیں۔ عوام اس اختیار کو استعمال کرتے ہوئے اپنے پارلیمانی نمائندے مقرر کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے پاس جوڈیشل طاقت ہوتی ہے جس میں کل 19 جج ہوتے ہیں۔ چیف جسٹس کو صدر کی ہدایت پر 9 سال کے لیے مقرر کیا جاتا ہے۔ کسی بھی قانون کی منظوری کے لیے ملک کے سربراہ یعنی صدر کے دستخط لازمی ہوتے ہیں۔ صدر کے پاس کسی قانون کو مسترد کرنے اور نئے قوانین متعارف کرانے کے اختیارات ہوتے ہیں۔

عموماً صدر ان اختیارات کو استعمال نہیں کرتا اور صدر کا عہدہ محض نمائشی ہوتا ہے۔ صدر کو پارلیمان کی دو تہائی اکثریت سے چُنا جاتا ہے۔

خارجہ تعلقات[ترمیم]

22 ستمبر 1921 سے اسٹونیا لیگ آف نیشن کا رکن ہے اور اقوامِ متحدہ کی رکنیت 17 ستمبر 1991 سے شروع ہوئی ہے۔ 29 مارچ 2004 سے اسٹونیا ناٹو کا بھی رکن ہے۔ یکم مئی 2004 سے اسٹونیا یورپی یونین کا حصہ ہے۔

آزادی پانے کے بعد اسٹونیا نے اپنے مغربی یورپی ہمسائیوں کی طرف جھکاؤ والی خارجہ پالیسی بنائی ہے۔ اسی سلسلے کے دو اہم ترین اقدامات یورپی یونین اور ناٹو میں شمولیت تھے۔ ساتھ ہی ساتھ اسٹونیا کے تعلقات روس سے کم ہوتے جا رہے ہیں۔

اسٹونیا کی خارجہ پالیسی کے اس اہم موڑ میں نارڈک ممالک بالخصوص فن لینڈ اور سوئیڈن کا بھی عمل دخل ہے۔ سوئیڈن، ڈنمارک بالخصوص فن لینڈ کے ساتھ تاریخی تعلقات کی بنیاد پر اسٹونیا خود کو بالٹک ریاستوں کی بجائے نارڈک ریاست سمجھتا ہے۔

2005 میں اسٹونیا نے یورپی یونین کے نارڈک بیٹل گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ نارڈک کونسل میں شامل ہونے کے لیے اسٹونیا کی کوششیں کسی سے مخفی نہیں۔ 1992 تک اسٹونیا کی بین الاقوامی تجارت کا 92 فیصد حصہ روس کے ساتھ تھا۔ آج اسٹونیا کی زیادہ تر بین الاقوامی تجارت نارڈک ممالک کے ساتھ ہے۔ تاہم اسٹونیا کا سیاسی نظام، انکم ٹیکس کی یکساں شرح اور غیر فلاحی ریاست ہونا نارڈک ممالک کرتا ہے۔

فوج[ترمیم]

اسٹونیا کی افواج بری، بحری اور ہوائی فوج کے علاوہ پیرا ملٹری نیشنل گارڈوں پر مشتمل ہے۔ دفاعی پالیسی میں ملک کی آزادی اور سرحدوں کا دفاع، ریاستی بحری اور فضائی اور آئینی حدود تحفظ شامل ہیں۔ اس وقت ملک کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ایسی فوج کی تیاری بھی جاری ہے جو ناٹو اور یورپی یونین کے اراکین ممالک کی افواج کے ساتھ مل کر کام کر سکیں۔

اس وقت قومی سطح پر 18 سے 28 سال کی عمر میں فوجی تربیت لازمی ہے جو 8 سے 11 ماہ پر محیط ہو سکتی ہے۔ اس وقت اسٹونیا اپنی قومی آمدنی کا دو فیصد حصہ اپنے دفاع پر خرچ کرتا ہے۔

جنوری 2008 میں اسٹونیا کے 300 فوجی کوسوو، افغانستان، عراق، بوسنیا و ہرزیگوینیا اور اسرائیل میں گولان کی پہاڑیوں پر تعینات ہیں۔

حالیہ برسوں میں وزارتِ دفاع اور مسلح افواج سائبر وار فئیر پر بھی کام کر رہی ہیں۔ 2007 میں ہونے والے سائبر حملوں کے بعد اسٹونیا کی ای ملٹری تشکیل دی گئی جو ملکی سائبر ڈھانچے کے دفاع کا کام کرتی ہے۔ کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم اس سلسلے میں بنیادی تنظیم ہے اور 2006 میں بنائی گئی۔ اس کے ذمے مقامی نیٹ ورکوں کو بیرونی حملوں سے بچانے کے علاوہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والے خطرات کا توڑ بھی شامل ہیں۔

معیشت[ترمیم]

یورپی یونین کا رکن ہونے کی حیثیت سے اسٹونیا کی معیشت عالمی بینک کی نظر میں امیر شمار ہوتی ہے۔ تیز رفتار ترقی کی وجہ سے اسے بالٹک ٹائیگر کہتے ہیں۔ یکم جنوری 2011 سے اسٹونیا نے یورو کو بطور کرنسی اپنا لیا ہے اور یورو زون کی 17ویں معیشت بن گیا ہے۔

15 نومبر 2010 کو چھپنے والی یورو سٹیٹ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین میں حکومتی قرضوں کی شرح ملکی آمدنی کے اعتبار سے سب سے کم ہے۔

متوازن بجٹ، نہ ہونے کے برابر عوامی قرضے، یکساں شرحِ انکم ٹیکس، فری ٹریڈ، بینکاری کے شعبے میں مقابلے، نت نئی ای سروسز کے علاوہ موبائل فون پر استعمال ہونے والی خدمات اسٹونیا کی معیشت کے اہم ستون ہیں۔

اسٹونیا توانائی کے حوالے سے تقریباً خود مختار ہے۔ اپنی بجلی کا 90 فیصد سے زیادہ حصہ اپنے معدنی ذرائع سے پورا کرتا ہے۔ لکڑی وغیرہ بجلی کا 9 فیصد حصہ پیدا کرنے کے کام آتا ہے۔ تیل اور اس سے متعلقہ مصنوعات یورپ اور روس سے آتے ہیں۔ معدنی ذرائع سے بجلی پیدا کرنا، مواصلات، ٹیکسٹائل، کیمیکل مصنوعات، بینکاری، خدمات، خوراک اور ماہی گیری، لکڑی، جہاز سازی، الیکٹرانکس اور نقل و حمل مقامی معیشت کے اہم ترین جزو ہیں۔ ٹالِن کے پاس موجود مُوگا کی بندرگاہ سارا سال برف سے پاک رہتی ہے۔ یہاں سامان کی نقل و حمل اور ذخیرے کے لیے بے شمار سہولیات موجود ہیں۔ ریل روڈ مغرب، روس اور مشرق کے درمیان میں پُل کا کام دیتا ہے۔

اسٹونیا پر سوئیڈن، فن لینڈ اور جرمنی کی ترقی کا گہرا اثر ہے۔ حکومت نے حال ہی میں ایجادات پر سرمایہ کاری کی ہے۔ اسٹونین وزیرِ اعظم کے مطابق 2022 تک اسٹونیا کی معیشت کو وہ یورپی یونین کی پانچ بڑی معیشتوں تک لانا چاہتے ہیں۔

یورو سٹیٹ ڈیٹا کے مطابق اسٹونیا کی کل ملکی آمدنی یورپی یونین کی اوسط کا 67 فیصد ہے۔ 2010 کی چوتھی سہ ماہی میں اسٹونیا کی اوسط تنخواہ 785 یورو تھی۔

تاہم مختلف علاقوں سے ہونے والی آمدنی مختلف ہوتی ہے۔ کل ملکی آمدنی کا نصف سے زیادہ حصہ دار الحکومت ٹالِن سے وصول ہوتا ہے۔

اسٹونیا کی معیشت کی تاریخ[ترمیم]

1929 میں اسٹونیا میں مستحکم کرنسی کرون کو ملک کے مرکزی بینک یعنی بینک آف اسٹونیا نے جاری کیا۔ تجارت کا مرکز مغرب بالخصوص جرمنی اور برطانیہ تھے۔ کل تجارت کا 3 فیصد روس سے ہوتا تھا۔

دوسری جنگِ عظیم سے قبل اسٹونیا ایک زرعی ملک تھا جہاں مکھن، دودھ اور پنیر وغیرہ مغربی مارکیٹ میں مشہور تھے۔ 1940 میں روس نے اسٹونیا پر زبردستی قبضہ کیا اور پھر نازی جرمنی اور روس کی چپقلش کی وجہ سے اسٹونیا کی معیشت خسارے کا شکار رہی۔ جنگ کے بعد روس نے اسٹونیا کی معیشت اور صنعت کو اپنے لیے استعمال کیا۔

آزادی دوبارہ پانے کے بعد اسٹونیا نے خود کو مشرق اور مغرب کے درمیان میں رابطے کا ذریعہ بنایا۔ اس کے علاوہ معیشت میں بنیادی اصلاحات کے علاوہ معیشت کو مغرب سے ہم آہنگ کرنے کی کوششیں کیں۔ 1994 میں اسٹونیا دنیا کے ان پہلے ممالک میں شامل ہو گیا جہاں یکساں شرح ٹیکس عائد ہے۔ ذاتی آمدنی سے قطع نظر ٹیکس کی شرح 26 فیصد رکھی گئی ہے۔ جنوری 2005 میں یہ شرح 24 فیصد اور پھر جنوری 2008 میں 21 فیصد کر دی گئی۔ 2004 میں اسٹونیا کی حکومت نے یورو کے سکوں کی بناوٹ کا فیصلہ کر لیا۔ یکم جنوری 2011 سے اسٹؤنیا میں یورو کا استعمال شروع ہو گیا ہے۔ اگرچہ یورو زون میں اسٹونیا غریب ترین ملک شمار ہوتا ہے اور اس کی آمدنی کل یورو زون کی آمدنی کا 0.2 فیصد ہے تاہم اس کے بجٹ کے خسارے اور قرضوں کی مقدار پورے گروپ میں سب سے کم ہے۔

حوالہ جات[ترمیم]

اگرچہ اسٹؤنیا میں خام مال کی شدید قلت ہے پھر بھی چھوٹے چھوٹے ذرائع بکثثرت ہیں۔ ملک میں معدنی تیل اور چونے کے بڑے ذخائر ہیں۔ جنگلات کل رقبے کے نصف سے زیادہ پر پھیلے ہوئے ہیں۔ معدنی تیل اور چونے کے علاوہ یہاں فاسفورائٹ، پچ بلنڈ اور گرینائٹ بھی پائے جاتے ہیں۔ تاہم ان کی کان کنی ابھی شروع نہیں کی گئی۔

حالیہ برسوں میں عوام اس بات پر بحث کر رہی ہے کہ آیا 2016 میں ناروا کے ایٹمی بجلی گھر کے بند ہونے سے قبل دیگر ایٹمی بجلی گھر بنائے یا نہیں۔

صنعت اور ماحول[ترمیم]

اسٹونیا کی صنعت میں خوراک، تعمیرات اور الیکٹرانکس کی صنعتیں اہم ترین ہیں۔ 2007 میں تعمیرات کی صنعت میں 80٫000 سے زیادہ افراد کام کرتے ہیں جو کل ملکی ورک فورس کا 12 فیصد ہے۔ مشینری اور کیمیکل کی صنعتیں بھی اہم ہیں۔

معدنی تیل کے حوالے سے کان کنی کی صنعت جو مشرقی حصے میں موجود ہے، ملکی بجلی کا 90 فیصد سے زیادہ پیدا کرتی ہے۔ تاہم معدنی تیل کے بکثرت استعمال سے ماحول کو سخت نقصان پہنچا ہے۔

توانائی اور اس کی پیدوار کے حوالے سے اسٹونیا خود کفیل ہے۔ حالیہ برسوں میں مقامی اور غیر ملکی کمپنیاں قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے لیے سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

اس وقت ناروا کے ایٹمی بجلی گھر کے مختلف حصوں کی مرمت اور نئے بجلی گھروں کی تعمیر کی بجائے معدنی تیل پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔

اسٹونیا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے بہت مضبوط ہے۔ ای گورنمنٹ کے حوالے سے اسٹونیا یورپ بھر میں سب سے آگے ہے۔

سکائپ اور کازا پروگرام اسٹونین ماہرین نے لکھے تھے۔

تجارت[ترمیم]

1990 کی دہائی کے اواخر سے اسٹونیا کی معیشت مارکیٹ بیسڈ ہے اور مشرقی یورپ میں فی کس آمدنی کی شرح بلند ترین شرحوں میں سے ہے۔ سکینڈے نیوین مارکیٹوں کے نزدیک ہونے، مغرب اور مشرق کے درمیان میں واقع ہونے، مقابلے کی وجہ سے کم لاگت اور بہتر ہنرمند افراد کی وجہ سے اسٹونیا کی مارکیٹ زیادہ فائدے میں ہے۔ ٹالِن سب سے بڑا شہر ہونے کے علاوہ معاشی مرکز بھی ہے۔ حکومت کی مالیاتی پالیسیاں نسبتاً مستحکم اور متوازن بجٹ اور کم قرضے ہیں۔

تاہم 2007 میں بجٹ کے خسارے اور افراطِ زر کی وجہ سے اسٹونیا کی کرنسی پر دباؤ پڑا جس سے برآمدی صنعتوں کی اہمیت اُجاگر ہوئی ہے۔ اسٹونیا زیادہ تر مشینری و آلات، کاغذ اور لکڑی، ٹیکسٹائل، خوراک، فرنیچر اور دھاتی اور کیمیکل اشیاء برآمد کرتا ہے۔ سالانہ اسٹونیا 1.562 ارب کلو واٹ آور مقدار میں بجلی بھی برآمد کرتا ہے۔ تاہم اس کے ساتھ اسٹونیا مشینری و آلات، کیمیکل مصنوعات، ٹیکسٹائل، خوراک اور ذرائع نقل و حمل بھی بھی ملک میں منگواتا ہے۔ سالانہ 20 کروڑ کلو واٹ آور جتنی بجلی بھی ملک میں درآمد ہوتی ہے۔

2007 تا 2013 اسٹونیا کو یورپی یونین کے اراکین سے 3.4 ارب یورو جتنی امداد ملنی ہے۔ اس مالی امداد کو توانائی، انٹر پرینیور شپ، انتظامی صلاحیتوں، تعلیم، انفارمیشن سوسائٹی، ماحولیاتی تحفظ، علاقائی اور مقامی خدمات، تحقیق اور ترقی، صحت اور بہبودِ عامہ، نقل و حمل اور لیبرمارکیٹ میں استعمال کیا جانا ہے۔

نقل و حمل[ترمیم]

قرونِ وسطٰی سے ہی اسٹونیا اہم تجارتی گذرگاہ رہا ہے۔ جغرافیائی اعتبار سے اور بہتر ہوتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی وجہ سے تجارتی سامان کی آسان اور سستی منتقلی وغیرہ بہت پر کشش ہیں۔ سامان کی نقل و حمل میں ریلوے کل سامان کا 70 فیصد سے زیادہ حصہ منتقل کرتی ہے۔ تاہم 2007 سے روس اور اسٹونیا کے درمیان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے نقل و حمل کم ہوئی ہے۔

شاہراہیں زیادہ تر مسافروں کے لیے استعمال ہوتی ہیں اور 90 فیصد مسافر سڑک سے ہی سفر کرتے ہیں۔ ٹاِلن سے ترتُو موٹر وے دو سب سے بڑے شہروں کو ملاتی ہے کی تعمیرِ نو پر سب کی نظریں ہیں۔ تعمیرِ نو کے بعد دو دو رویہ موٹر وے بن جائے گی۔ اس کے علاوہ سارے ما جزیرے کو مستقل بنیادوں پر باقی ملک سے ملانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ تاہم ان منصوبوں کی تعمیراتی لاگت کی وجہ سے اس پر بحث چل رہی ہے۔

اس وقت اسٹونیا میں کل پانچ بڑی بندرگاہیں ہیں جہاں سفری آسانی، گہرے پانی اور برف کے مسائل نہیں۔ اس کے علاوہ ملک میں 12 ہوائی اڈے اور ایک ہیلی پورٹ بھی موجود ہے۔ لنارٹ میری ٹاِلن ائیرپورٹ سب سے بڑا ہوائی اڈا ہے اور یہاں سے بین الاقوامی پروازیں 23 مختلف جگہوں کو جاتی ہیں۔

آبادی[ترمیم]

دوسری جنگِ عظیم سے قبل اسٹونین افراد کل آبادی کا 88 فیصد تھے۔ 1934 میں اقلیتی گروہوں میں روسی، جرمن، سوئیڈش، لٹوین، یہودی، پولش، فنِنش اور انگریان لوگ تھے۔

1945 تا 1989 اسٹونیا کے مقامی باشندوں کی شرح 61 فیصد تک گر گئی کیونکہ روسی حکومت نے روس، یوکرائن اور بیلاروس سے ہنرمند افراد یہاں آن بسائے۔ اس کے علاوہ مقامی آبادی کی بے دخلی بھی اہم وجہ تھی۔ 1989 تک آبادی کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ غیر اسٹونین افراد پر مشتمل تھا۔

1980 کی دہائی کے اختتام تک اسٹونین لوگوں کو آبادی میں ہونے والی تبدیلیاں خطرناک دکھائی دینے لگ گئیں۔ روس کی جانب سے زبردستی لاگو کی گئی تبدیلوں کو ختم کرنے کی وجہ سے 2006 میں مقامی آبادی 61 فیصد سے بڑھ کر 69 فیصد ہو گئی ہے۔

موجودہ اسٹونیا نسلی اعتبار سے ملا جلا ہے تاہم دو کاؤنٹیوں میں اسٹونین افراد کی شرح بہت فرق ہے۔ ہریُو نامی کاؤنٹی جس میں ٹالِن بھی شامل ہے، میں اسٹونین افراد 60 فیصد جبکہ ایڈا وِیرو میں اسٹونین کل آبادی محض 20 فیصد ہیں۔ روسی کل آبادی کا 25.6 فیصد ہیں تاہم ہریو میں ان کی شرح 36 فیصد جبکہ ایڈا وِیرو میں روسی افراد کل آبادی کا 70 فیصد ہیں۔

1925 میں قومی اقلیتوں کو ثقافتی آزادی دینے کا قانون بنایا گیا تھا جو یورپ میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون تھا۔ 3٫000 سے زیادہ افراد پر مشتمل اقلیتوں کو ثقافتی آزادی دی گئی تھی۔ روسی قبضے سے پہلے جرمن اور یہودی آبادیوں کو اپنی ثقافتی کونسل چننے کا اختیار تھا۔ 1993 میں یہ قانون دوبارہ لاگو ہوا۔

1944 میں روسی افواج سے بچنے کے لیے اسٹونیا کے سوئیڈش افراد کی اکثریت سوئیڈن چلی گئی تھی۔ اس وقت اسٹونیا میں کل سوئیڈش افراد 3٫800 تھے۔

شہروں کو منتقلی[ترمیم]

ٹالِن اسٹونیا کا دار الحکومت اور سب سے بڑا شہر ہے۔ یہ شہر شمالی ساحل پر خلیج فن لینڈ کے کنارے واقع ہے۔ ملک میں اس وقت 33 شہر اور کئی قصبے موجود ہیں۔ شہروں اور قصبوں کی کل تعداد اس وقت 47 ہے۔ 70 فیصد سے زیادہ آبادی شہروں میں رہتی ہے۔

مذہب[ترمیم]

اسٹونیا کے آئین میں مذہبی آزادی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مذہب اور ریاست الگ الگ ہیں اور ہر شخص کو مذہب اور عقائد کی آزادی ہے۔ ملک میں سب سے بڑا مذہب ایونجلیکل لوتھرین ازم ہے جو 14.8 فیصد افراد مانتے ہیں۔ ان کی اکثریت اسٹونین النسل افراد ہیں۔ تقریباً اتنے ہی افراد ایسٹرن آرتھوڈکس مسیحی ہیں۔ یہ افراد روسی النسل ہیں۔

ڈینٹو کمیونیکشن انسٹی ٹیوٹ، اسٹونیا کے ایک جائزے سے پتہ چلا ہے کہ 75.7 فیصد افراد لادین ہیں۔ یورو بیرو میٹر پول 2005 کے مطابق محض 16 فیصد اسٹونین افراد خدا کو مانتے ہیں۔ تاہم اسی جائزے سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ 54 فیصد افراد روح یا ایسی ہی کسی چیز پر یقین رکھتے ہیں۔

معاشرہ[ترمیم]

اسٹونین النسل افراد کی تعداد 11٫48٫895 ہے۔ روسی النسل افراد کی تعداد 95٫939 ہے۔ دیگر نسلوں کے افراد 21٫517 ہیں۔ 99٫173 افراد خود کو کسی خاص نسل سے نہیں مانتے۔

زبانیں[ترمیم]

واحد سرکاری زبان اسٹونین ہے جو یورالک خاندان کی فِننک شاخ سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ زبان فِننش زبان کے کافی قریب ہے۔ یہ ان چند یورپی زبانوں میں سے ایک ہے جو انڈو یورپیئن نہیں۔ چند مثالوں کو چھوڑ کر فِننش اور اسٹونین زبانیں اپنی ہمسائیہ سوئیڈش، لٹوین اور روسی سے یکسر فرق ہیں۔

30 سے 70 سال تک کی عمر کے افراد کی اکثریت روسی زبان جانتی ہے۔ روسی دور میں اسکولوں میں لازمی ثانوی زبان کے طور پر روسی زبان اسکولوں میں پڑھائی جاتی تھی۔

تعلیم اور سائنس[ترمیم]

روایتی تعلیم اسٹونیا میں 13ویں اور 14ویں صدی عیسوی میں شروع ہوئی تھی۔ 1575 میں پہلی بار اسٹونین زبان کی پہلی درسی کتاب لکھی گئی۔ یونیورسٹی آف ترتُو کا قیام سوئیڈش بادشاہ گستاؤ دوم اڈولف کے حکم پر 1632 میں ہوا جو ملک کی پہلی یونیورسٹی ہے۔ 1919 میں یونیورسٹی کی سطح پر اسٹونین زبان میں تعلیم شروع ہوئی۔

اسٹونیا کا موجودہ نظام تعلیم جنرل، ووکیشنل اور تفریحی تعلیم پر مشتمل ہے۔ تعلیمی نظام میں چار سطحیں ہیں جو پریاسکول، بنیادی، ثانوی اور اعلیٰ تعلیمی سطحیں ہیں۔ تعلیمی ادارے ریاستی، بلدیاتی، پبلک اور پرائیوٹ بھی ہو سکتے ہیں۔ اسٹونیا میں اس وقت 589اسکول ہیں۔

اعلیٰ تعلیم کے تین درجے ہیں جو بیچلر، ماسٹرز اور ڈاکٹوریل ہیں۔

ثقافت[ترمیم]

اسٹونیا کی ثقافت پر مقامی اثرات غالب ہیں جس کی مثالیں اسٹونین زبان اور ساؤنا ہیں۔ تاریخ اور جغرافیہ کے حوالے سے فِننک، بالٹک، سلواک اور جرمینک افراد کے علاوہ سوئیڈن اور روس کے اثرات بھی پائے جاتے ہیں۔

ادب[ترمیم]

اسٹونیا کے ادب سے مراد اسٹونین زبان میں لکھا ہوا ادب ہے۔ 13ویں صدی شمالی صلیبی جنگیں اور پھر 1918 میں جرمن، سوئیڈش اور روس کے غلبے کی وجہ سے اسٹونین زبان میں قدیم تحاریر زیادہ نہیں۔ 13ویں صدی سے تحریری اسٹونین زبان کے آثار ملتے ہیں۔

تعطیلات[ترمیم]

اسٹوین کا قومی دن یوم آزادی ہے جو 24 فروری کو منایا جاتا ہے۔ اس وقت کل 12 عام تعطیلات اور 12 قومی تعطیلات ہیں۔

خوراک[ترمیم]

موسم کے اعتبار سے اسٹونیا کی خوارکیں فرق ہوتی ہیں۔ اس وقت عام خوراک میں مختلف ملکوں کے اثرات پائے جاتے ہیں۔ کالی روٹی، سؤر، آلو اور ڈیری مصنوعات عام خوراک کا حصہ ہیں۔ روایتی طور پر گرمیوں اور بہار میں بیری، جڑی بوٹیاں، سبزیاں وغیرہ تازہ پسند کی جاتی ہیں۔ شکار اور مچھلی پکڑنے کا رحجان بھی عام ہے۔ گرمیوں میں صحن میں گرِل عام ہے۔

سردیوں میں اچار اور جام وغیرہ عام ہوتے ہیں۔ ماضی میں اسٹونیا نے بہت سخت حالات کا سامنا کیا ہے اور پھلوں اور سبزیوں کو سردیوں کے لیے محفوظ کرنا لازمی تھا۔ آج دوکانوں سے ہر چیز مل جاتی ہے تاہم دیہاتوں میں آج بھی خوراک کو سردیوں کے لیے محفوظ کرنا اہم مشغلہ ہے۔ طویل ساحل کی وجہ سے مچھلی بھی بہت اہم شمار ہوتی ہے۔

کھیل[ترمیم]

کھیلوں کا کردار اسٹونین ثقافت میں بہت اہم ہے۔ اسٹونیا نے زیادہ تر تمغے جسمانی کرتب، ویٹ لفٹنگ، کُشتی اور کراس کنٹری سکیئنگ میں جیت رکھے ہیں۔

فہرست متعلقہ مضامین استونیا[ترمیم]

  1.   ویکی ڈیٹا پر (P402) کی خاصیت میں تبدیلی کریں "صفحہ استونیا في خريطة الشارع المفتوحة"۔ OpenStreetMap۔ اخذ شدہ بتاریخ 17 مارچ 2024ء 
  2. باب: 6
  3. Estonia's first female PM sworn in as new government takes power — اخذ شدہ بتاریخ: 26 جنوری 2021 — ناشر: دی گارجین — شائع شدہ از: 26 جنوری 2021
  4. http://chartsbin.com/view/edr