امیبا
امیبا یک خلوی جاندار ہے۔ اس کا تعلق ثعلیہ قوم (فائیلم پروٹوزوا) سے ہے جو عالم حیوانات میں سب سے نچلے درجے میں آتا ہے۔ جسامت کے اعتبار سے اتنا چھوٹا ہے کہ خرد بین کے بغیر دکھائی نہیں دیتا۔ امیبا کے عام انواع ندی نالوں، تالابوں اور جو ہڑوں میں پائی جاتے ہیں جبکہ کچھ انواع نمکین پانیوں کی تبہ، دلدلی مٹی اور خوراک میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے کچھ انواع بیماریاں بھی پھیلاتے ہیں۔
حیات کے لیے ضروری ہر چیز اس ایک خلیے میں موجود ہوتی ہے۔ اس کا مرکزہ (نیوکلیئس) کنٹرول سینٹر کی طرح کام کرتا ہے اور اس کے خالیے (Vacuoles) خوراک اور فضلے کو اپنے اندر جمع کرنے کے بعد باہر خارج کر دیتے ہیں۔ امیبا کا خلیہ جیلی جیسے مادے سے بھرا ہوتا ہے جو خلیہ مایہ کہلاتا ہے۔
حرکت کرنے کے لیے امیبا بالکل جیلی کی طرح دھکے کے ساتھ اپنی ایک طرف اوپر اٹھاتا ہوا آگے بڑھتا ہے لہذا اس آگے بڑھنے والے قدم کو کاذب پاؤں (Pseudopodium) کہا جاتا ہے اور حرکت کرنے کے اس انداز کے باعث اس کی شکل و صورت بھی مسلسل تبدیل ہوتی رہتی ہے اور یہی کاذب پاؤں جب خوراک کو چھوتا ہے تو اس کے گرد لپٹ کر اسے اپنے جسم کے اندر داخل کر لیتا ہے چونکہ امیبا کا کوئی منھ نہیں ہوتا اس لیے خوراک جسم میں پہنچانے کا یہی راستہ ہے۔
اگر چہ اس جانور کے کوئی پھیپھڑے یا گلپھڑے نہیں ہوتے لیکن یہ کسی بھی پیچیدہ جانور کے جسمانی نظام کی طرح پانی سے آکسیجن جذب کرتا ہے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتا اور اپنی خوراک کو ہضم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں حواس بھی پائے جاتے ہیں مثلا اگر اسے چھوا یا چھیڑا جائے تو فورا اپنے آپ کو ایک ننھے سے دائرے کی صورت میں لپیٹ لیتا ہے۔ تیز روشنی تیز گرم اور زیادہ ٹھنڈے پانی سے خود کو دور رکھتا ہے۔
جب امیبا اپنی پوری جسامت کو پہنچتا ہے تو اس کا مرکزہ جو نخزمایہ کے درمیان میں پایا جاتا ہے، دو حصوں میں تقسیم ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد امیبا خود ہی تمام کا تمام تقسیم ہو کر دو مکمل نئے امیبا میں تقسیم ہو جاتا ہے۔