امینو ایسڈ
امینو ایسڈ سے مراد ایسے نامیاتی سالمے (مولیکیول) ہوتے ہیں جن میں ایک امینو گروپ (-NH2) اور ایک کاربواوکسل گروپ (-COOH) دونوں ایک ہی کاربن ایٹم سے جڑے ہوتے ہیں جسے الفا کاربن کہتے ہیں۔ چونکہ کاربن کا ایٹم چار ایٹموں سے جڑ سکتا ہے اس لیے اسی الفا کاربن ایٹم پر ایک ہائیڈروجن اور ایک مزید کاربن بھی جڑا ہوتا ہے جس کی نوعیت مختلف امینو ایسڈ میں مختلف ہوتی ہے۔
اگرچہ 500 سے زیادہ طرح کے امینو ایسڈ دریافت ہو چکے ہیں مگر انسانی جسم کے پروٹین میں صرف 20 قسم کے امینو ایسڈ پائے جاتے ہیں۔ ہر امینو ایسڈ دوسرے دو اور امینو ایسڈ سے جڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جس طرح انگریزی زبان کے 26 حروف تہجی مختلف ترتیب سے ملکر لاکھوں الفاظ بنا دیتے ہیں اسی طرح 20 امینو ایسڈ مختلف ترتیب میں مل کر کروڑوں پیپٹائیڈ (peptide) بنا دیتے ہیں۔ اور جس طرح الفاظ کا مجموعہ ایک مضمون بن جاتا ہے اسی طرح پیپٹائیڈ آپس میں جڑ کر پروٹین بن جاتے ہیں۔ ہر انسان کے پروٹین کسی بھی دوسرے انسان کے پروٹین سے ذرا سا مختلف ہوتے ہیں۔ جب جراحی کے ذریعے ایک شخص کا کوئی عضو (tissue) نکال کر کسی دوسرے شخص میں لگایا جاتا ہے تو دوسرے شخص کا مدافعتی نظام (immune system) فوراً پہچان لیتا ہے کہ یہ میرے جسم کا حصہ نہیں ہے اور اس کے خلاف کارروائی شروع کر دیتا ہے۔ اسی وجہ سے جسمانی اعضا کی پیوند کاری آج بھی آسان نہیں ہے۔
انسانی امینو ایسڈ
[ترمیم]انسانی جسم میں موجود پروٹین میں صرف 20 قسم کے امینو ایسڈ پائے جاتے ہیں جو درج ذیل ہیں۔ چند ایسے امینو ایسڈ بھی ہوتے ہیں جو قلیل مقدار میں انسانی جسم میں پائے تو جاتے ہیں مگر کسی پروٹین کا حصہ نہیں ہوتے مثلاً gamma-amino-butyric acid (GABA) اور Carnitine۔
امینو ایسڈ | مخفف | نوعیت | قطبیت | پی ایچ 7.4 پر چارج | مولیکیولی وزن | پروٹین میں فیصد مقدار |
---|---|---|---|---|---|---|
Alanine | Ala | aliphatic | nonpolar | neutral | 89.094 | 8.76 |
Arginine | Arg | basic | basic polar | positive | 174.203 | 5.78 |
Asparagine | Asn | amide | polar | neutral | 132.119 | 3.93 |
Aspartic acid | Asp | acid | acidic polar | negative | 133.104 | 5.49 |
Cysteine | Cys | sulfur-containing | nonpolar | neutral | 121.154 | 1.38 |
Glutamic acid | Glu | acid | acidic polar | negative | 147.131 | 6.32 |
Glutamine | Gln | amide | polar | neutral | 146.146 | 3.9 |
Glycine | Gly | aliphatic | nonpolar | neutral | 75.067 | 7.03 |
Histidine | His | basic aromatic | basic polar | positive(10%) | 155.156 | 2.26 |
neutral(90%) | ||||||
Isoleucine | Ile | aliphatic | nonpolar | neutral | 131.175 | 5.49 |
Leucine | Leu | aliphatic | nonpolar | neutral | 131.175 | 9.68 |
Lysine | Lys | basic | basic polar | positive | 146.189 | 5.19 |
Methionine | Met | sulfur-containing | nonpolar | neutral | 149.208 | 2.32 |
Phenylalanine | Phe | aromatic | nonpolar | neutral | 165.192 | 3.87 |
Proline | Pro | cyclic | nonpolar | neutral | 115.132 | 5.02 |
Serine | Ser | hydroxyl-containing | polar | neutral | 105.093 | 7.14 |
Threonine | Thr | hydroxyl-containing | polar | neutral | 119.119 | 5.53 |
Tryptophan | Trp | aromatic | nonpolar | neutral | 204.228 | 1.25 |
Tyrosine | Tyr | aromatic | polar | neutral | 181.191 | 2.91 |
Valine | Val | aliphatic | nonpolar | neutral | 117.148 | 6.73 |
غذائی اہمیت
[ترمیم]20 میں سے 9 امینو ایسڈ ایسے ہوتے ہیں جنہیں انسانی جسم کسی طرح بھی نہیں بنا سکتا۔ یہ انتہائی ضروری (essential) امینو ایسڈ کہلاتے ہیں کیونکہ غذا میں ان کی موجودگی ضروری ہوتی ہے۔ باقی 11 امینو ایسڈ انسانی جسم میں کسی دوسرے امینو ایسڈ میں ردوبدل کر کے بنائے جا سکتے ہیں اور یہ non-essential کہلاتے ہیں۔ ان 11 امینو ایسڈ میں چند ایسے امینوایسڈ بھی ہوتے ہیں جو صحت مند آدمی کے جسم میں تو بن جاتے ہیں مگر شدید بیماری میں جسم انھیں نہیں بنا پاتا۔ انھیں conditionally essential کہتے ہیں اور نیچے جدول میں * کی علامت کے ساتھ دکھائے گئے ہیں۔
Essential | Non-Essential |
---|---|
Histidine (H) | Alanine (A) |
Isoleucine (I) | Arginine* (R) |
Leucine (L) | Aspartic acid (D) |
Lysine (K) | Cysteine* (C) |
Methionine (M) | Glutamic acid (E) |
Phenylalanine (F) | Glutamine* (Q) |
Threonine (T) | Glycine* (G) |
Tryptophan (W) | Proline* (P) |
Valine (V) | Serine* (S) |
Tyrosine* (Y) | |
Asparagine* (N) | |
Selenocysteine (U) | |
Pyrrolysine** (O) |
پیپٹائیڈ بونڈ اور پیپٹائیڈ چین
[ترمیم]
ایک امینو ایسڈ کا امینو گروپ (-NH2) دوسرے امینو ایسڈ کے کاربواوکسلک گروپ (-COOH) سے جڑ سکتا ہے جس کے نتیجے میں دونوں امینو ایسڈ ایک پیپٹائیڈ بونڈ (peptide bond) کے ذریعے باہم جڑ جاتے ہیں اور ایک پانی کے مولیکیول کا اخراج ہوتا ہے۔ اسی طرح تیسرا چوتھا امینو ایسڈ بھی ان میں جڑتا چلا جاتا ہے اور پیپٹائیڈ چین کی لمبائی بڑھتی چلی جاتی ہے۔ اس طرح لاکھوں امینو ایسڈ پر مشتمل پروٹین کے مولیکیول وجود میں آتے ہیں۔ ہر امینو ایسڈ سے صرف دو کاربن اور ایک نائٹروجن کے ایٹم پیپٹائیڈ چین میں شرکت کرتے ہیں جن میں درمیانی کاربن الفا ہوتا ہے۔ (الفا کاربن پیپٹائیڈ چین میں شامل ہوتا ہے مگر خود پیپٹائیڈ بونڈ میں شامل نہیں ہوتا۔) پوری پیپٹائیڈ چین NCC کی تکرار سے بنی ہوتی ہے، جبکہ ہر امینو ایسڈ کا بقیہ حصہ (residue) پیپٹائیڈ چین سے جھولتا رہتا ہے۔ پیپٹائیڈ بونڈ بننے سے الفا کاربن، اس سے جڑے ہائیڈروجن اور residue میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔
پیپٹائیڈ چین (peptide chain) میں موجود امینو ایسڈ دو ہوں یا کئی ہزار، ایک سرے پر ہمیشہ امینو گروپ (-NH2) اور دوسرے سرے پر ہمیشہ کاربواوکسلک گروپ (-COOH) گروپ موجود رہتا ہے۔ امینو گروپ والے سرے کو N terminus اور کاربواوکسلک گروپ والے سرے کو C terminus کہتے ہیں۔
گندھک والے امینو ایسڈ
[ترمیم]پروٹین بنانے والے 20 امینو ایسڈ میں صرف دو ایسے ہیں جن میں گندھک (sulfur) کا ایٹم موجود ہوتا ہے۔ یہ Methionine اور Cysteine ہیں۔ Cysteine میں خاص بات یہ ہے کہ ایک پیپٹائیڈ چین میں موجود Cysteine کسی دوسری پیپٹائیڈ چین میں شامل Cysteine کے ساتھ سلفر برج (ڈائی سلفائڈ بونڈ) بناتے ہوئے جڑ جاتا ہے مثلاً انسولین۔
جب دو Cysteine کے امینو ایسڈ اپنے گندھک کے ایٹموں سے جڑے ہوئے ہوتے ہیں تو انھیں Cystine کہتے ہیں۔
کچے پپیتے میں ایک انزائیم Papain پایا جاتا ہے جو پروٹین میں موجود پیپٹائیڈ بونڈ کو توڑ سکتا ہے۔ اس لیے کچے پپیتے کو گوشت گلانے کے مصالحے میں استعمال کیا جاتا ہے۔
مزید دیکھیے
[ترمیم]- غذا کے اجزا
- چائینیز سالٹ
- بونڈ انرجی
- پروٹین
- ہیموگلوبن
- انسولین کی اقسام
- فینولک ایکسٹریکشن
- فنکشنل گروپ
- الفا کاربن
- گلوکوز
- کریاٹینین
- بیلیروبن
حوالہ جات
[ترمیم]ویکی ذخائر پر امینو ایسڈ سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |