مندرجات کا رخ کریں

انداز ادائیگی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
انسانی ووکل ٹریکٹ
ایم آر آئی سے ادائیگی کا خاکہ

اندازِ ادائیگی (انگریزی: Manner of articulation) یا طریقِ ادائیگی اظہاری صوتیات کی وہ اصطلاح ہے جو یہ بیان کرتی ہے کہ مصمتوں کی ادائیگی کے دوران بولنے والے اعضائے صوت ہوا کے بہاؤ کے ساتھ کس طرح تعامل کرتے ہیں۔ جب آواز پیدا ہوتی ہے تو صرف اس بات کا تعین اہم نہیں کہ وہ کہاں پیدا ہوئی (مخرجِ صوت)، بلکہ یہ بھی نہایت اہم ہوتا ہے کہ وہ آواز کس انداز میں پیدا کی گئی — یعنی ہوا کو کیسے روکا، محدود کیا یا گزارا گیا ہے۔

یہ جاننا کہ ہوا کیسے روکی جا رہی ہے یا کہاں سے گذر رہی ہے، آواز کی شکل، پچ، تسلسل اور نوعیت پر گہرے اثرات ڈالتی ہے۔ لہٰذا، آوازیں صرف کہاں سے (place of articulation) نہیں بلکہ کیسے (manner of articulation) نکالی جارہی ہے بھی انتہائی اہم ہوتا ہے۔

اقسام

[ترمیم]

اندازِ ادائیگی کو بھی کئی اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے جن میں سے بعض بنیادی یوں:

  • بندشی آوازیں، انسدادی آوازیں یا مسدودے (انگریزی: Stops): وہ آوازیں جن میں ہوا مکمل طور پر روکی جاتی ہے اور پھر اچانک چھوڑ دی جاتی ہے۔ اردو میں: پ /p/، ب /b/، ت /t/، د /d/، ک /k/، گ /g/۔
  • صفیری، رگڑدار آوازیں یا چستانی (انگریزی: Fricatives): ان میں ہوا ایک تنگ راستے سے گذر کر رگڑ پیدا کرتی ہے، جیسے: ف /f/، س /s/، ز /z/، ش /ʃ/ ژ /ʒ/۔
  • بندشی + صفیری (انگریزی: Affricates): یہ آوازیں پہلے روکی جاتی ہیں، پھر دھیرے دھیرے رگڑ کے ساتھ نکلتی ہیں، جیسے /tʃ/ ("چ")، /dʒ/ ("ج") وغیرہ۔ ان کا آغاز بندشی جیسا ہوتا ہے لیکن اختتام صفیری جیسا۔
  • ناک سے نکلنے والی آوازیں، نکی یا انفی (انگریزی: Nasals): جن میں ہوا ناک کے ذریعے خارج ہوتی ہے، جیسے: م /m/، ن /n/ نون غنہ وغیرہ
  • نرم قربت والی آوازیں یا نیم مصوتے (انگریزی: Approximants): ان میں اعضائے صوت قریب آتے ہیں مگر رکاوٹ نہیں ڈالتے، جیسے: و /ʋ/، ی /j/ اور /w/ وغیرہ۔
  • جانب دار آوازیں، بغلی یا پہلوئی (انگریزی: Laterals): جن میں زبان تالو کو چھوتی ہے مگر ہوا اطراف سے گزرتی ہے، جیسے ل /l/۔
  • چٹخنے والی آوازیں، تھپک دار، تالیکا یا لہردار (انگریزی: Taps and flaps): زبان ایک بار تیزی سے کسی عضو سے چھوتی ہے جیسے مختصر ر /ɾ/۔
  • لرزنے والی آوازیں، ارتعاشی یا مکرری (انگریزی: Trills): زبان کی مسلسل تھرتھراہٹ سے پیدا ہونے والی آوازیں، جیسا کہ ہسپانوی اور کئی دیگر زبانوں میں طویل ر /r/۔ اردو میں مشدد ر پر یہ آواز ابھرتی ہے جیسے زرّہ"، "مکرّر" وغیرہ میں۔
یولر ڈایاگرام آوازوں کی ایک مخصوص درجہ بندی (IPA میں) اور ان کے بیان کے آداب اور صوتیاتی خصوصیات

صوتی علامات

[ترمیم]

بین الاقوامی صوتی ابجد (انگریزی: IPA) ہر اندازِ ادائیگی کی نمائندگی کے لیے مخصوص علامات فراہم کرتا ہے، تاکہ زبانوں کی آوازوں کو سائنسی طور پر بیان کیا جا سکے۔

اہمیت

[ترمیم]

اندازِ ادائیگی کی درجہ بندی تلفظ، زبان سیکھنے، صوتی تھراپی، مشینی زبانوں اور صوتی تحقیق میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایک ہی مخرج کی آوازیں بھی مختلف اندازِ ادائیگی کی وجہ سے مختلف سنائی دیتی ہیں، جیسے /t/ اور /s/ دونوں الویولر مگر الگ انداز میں ادا ہوتے ہیں۔

بعض زبانیں صرف fricative آوازوں سے بنائی گئی ہیں (جیسے کچھ مصنوعی زبانیں)، جبکہ بعض میں trills کی بھرمار ہوتی ہے (جیسے ہسپانوی) — اس سے پتا چلتا ہے کہ اندازِ ادائیگی زبانوں کو کس قدر منفرد بناتا ہے۔

مزید دیکھیے

[ترمیم]

حوالہ جات

[ترمیم]