اویس نیازی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
Jump to navigation Jump to search


اویس نیازی پاکستان کے معروف گلوکار اور فنکار ہیں ان کا تعلق موسیقی کے مشہور گھرانے سے ہے۔ اویس نیازی کے جد امجد شاہ دین خان مرحوم کا شمار برصغیر کے پکھاوجی گھرانے کے نامور گلوکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ عظیم فنکار اور گلوکار طفیل نیازی مرحوم کے نواسے ہیں۔ وہ گزشتہ دس برسوں سے گلوکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

پیدائش اور بچپن[ترمیم]

اویس نیازی 26اپریل 1981ءکو اسلام آباد میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم بھی اسلام آباد سے ہی حاصل کی۔ انہوں نے موسیقی کی تعلیم اپنے نانا طفیل نیازی سے حاصل کی۔ طفیل نیازی مرحوم سے انتہائی قربت کے باعث انہوں نے موسیقی کے اسرار و رموز طفیل نیازی سے سیکھے۔ سن 1988ءمیں پی ٹی وی کے پروگرام کسب کمال میں پہلی بار طفیل نیازی نے انہیں متعارف کرایا۔ سکول اور کالج کے ایام میں انہوں نے ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور متعدد انعامات حاصل کیے۔

پیشہ ورانہ زندگی[ترمیم]

طفیل نیازی کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنے ماموں جاوید نیازی اور بابر نیازی کی باقاعدہ شاگردی اختیار کی جبکہ پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز کے سلسلے میں ان کے ماموں بادشاہ نیازی اورشہنشاہ نیازی نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اویس نیازی نے گلوکاری کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز سن 1997ءسے کیا۔ انہوں نے ریڈیو ‘ٹیلی ویژن اور سٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اویس نیازی ہمہ جہت فنکار ہیں انہوں نے کلاسیکی‘ نیم کلاسیکی ‘غزل اورگیت کے علاوہ مغربی موسیقی اور لوک موسیقی میں اپنے فن کے جوہر دکھائے اور وہ پاکستان کے مختلف شہروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ اویس نیازی اسلام آباد کے ایک تعلیمی ادارے سے وابستہ ہیں جہاں وہ طلبہ کو موسیقی کی تعلیم دیتے ہیں۔

تخلیقات[ترمیم]

اویس نیازی اپنی موسیقی خود ہی تخلیق کرتے ہیں اور اب تک موسیقی کی 50 سے زیادہ تخلیقات پیش کر چکے ہیں وہ اپنی تخلیقات کے لیے شاعری بھی خود ہی کرتے ہیں۔ انہوں نے اردو‘پنجابی ‘انگریزی ‘گوجری اور سرائیکی میں اپنے فن کا اظہار کیا۔ ان کے گائے ہوئے کئی کیسٹ بازار میں دستیاب ہیں۔