ایم این رائے

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

M.N Roy

پیدائش: 1887ء

انتقال: 1954ء

بنگال کے انقلابی لیڈر۔ ایک دیہاتی اسکول ماسٹر کے لڑکے تھے۔ اصل نام نریندر ناتھ تھا۔ اوائل عمر میں بنگال کے مشہور انقلابی جتندر ناتھ مکرجی سے ملاقات ہوئی اور ان کے ساتھ 1907 سے 1914ء تک انقلابی پارٹی میں کام کیا۔ اس دوران میں دو بار گرفتار ہوئے۔ پہلی جنگ عظیم کے آغاز میں غدر پارٹی میں شامل ہو گئے اور جرمنی سے ہندوستان میں اسلحہ لانے کی سازش میں اہم حصہ لیا۔ ناکامی پر فرار ہو کر پہلے چین اور پھر امریکا گئے اور وہاں ایم این رائے کا نام اختیار کرکے کمیونسٹ تحریک میں سرگرم حصہ لینے لگے۔ بعد ازاں میکسیکو میں کمیونسٹ پارٹی کی تنظیم کی اور جنوبی امریکا کی ریاستوں میں کمیونسٹ نظریات کا پرچار کیا۔ لینن نے انھیں سوویت یونین بل کر بین الاقوامی کمیونسٹ تحریک کے مشرقی شعبے کا منصرم مقرر کیا۔ اسی دوران میں انھیں چین میں کمیونسٹ پارٹی کی تنظیم کے لیے بھیجا

1918ء میں اختلافات کی بنا پر، بین الاقوامی کمیونسٹ تحریک سے الگ ہو گئے۔ ان کا خیال تھا کہ مارکسزم میں سائنس اور فلسفے کے بدلتے ہوئے تصورات کی بنا پر تبدیلیاں کی جانی چاہئیں۔

رائے جرمنی اور فرانس سے ہوتے ہوئے پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد خفیہ طور پر ہندوستان پہنچے۔ 1931ء میں بمبئی میں پکڑے گئے۔ کانپور میں مقدمہ چلا اور چھ سال کی سزا ہوئی۔ 1936ء میں کانگرس میں شامل ہو گئے لیکن دوسری عالمی جنگ کے آغاز میں اتحادیوں کی حمایت کی بنا پر نکال دیے گئے۔ آخری عمر میں انھوں نے ایک نئے فلسفۂ حیات Radical Humanism کی بنیاد رکھی۔ جس نعرہ تھا، ’’انسان ہر چیز کا پیمانہ ہے۔ ‘‘ لیکن اسے مقبولیت حاصل نہ ہو سکی۔