ایڈر
ایڈر (انگریزی: Adder) ایک زہریلا سانپ ہے جس کا تعلق سانپوں کے وائپیریڈائی (Viperidae) خاندان سے ہے۔ عمومً اس کو وائپر (Viper) بھی کہا جاتا ہے۔ یورپ، ایشیا اور افریقا میں ایڈر کی کئی انواع پائی جاتی ہیں۔ اس کی لمبائی 0.3 میٹر [ایک فٹ] سے 1.8 میٹر [6 فٹ] تک ہوتی ہے۔ جغرافیائی مقام کے لحاظ سے اس کی رنگت میں تنوع پایا جاتا ہے۔ ایڈر اپنے شکار کو ڈس کر ہلاک کر دیتا ہے۔ یہ اپنے سامنے کے خمیدہ اور کھوکھلے سرنج نما لیے دانتوں کے ذریعے شکار کے جسم میں زہر داخل کرتا ہے۔ جب اس کا شکار مر جاتا ہے تو یہ اسے سالم نگل جاتا ہے۔ یہ اتنا زہریلا ہوتا ہے کہ انڈے سے نکلتے ہی اپنے شکار کو مار سکتا ہے۔ یورپ اور ایشیا کے ٹھنڈے خطوں میں پائے جانے والے ایڈر سانپ موسم سرما خوابیدگی کی حالت میں گزارتے ہیں۔
ایڈر سانپ کی جانی پہچانی نوع یورپی وائپر ہے۔ یہ سانپ یورپ، ایشیا اور قطب شمالی (Arctic circle) میں رہتا ہے۔ یہ رات کے وقت شکار کرتا ہے اور اس کے شکار میں جوندے، پرندے اور جل تھلیے شامل ہیں۔ یورپی وائپر کی لمبائی 0.6 میٹر [2 فٹ] تک ہوتی ہے۔ اس کا زہر انسان کے لیے مہلک ہو سکتا ہے۔ افریقا کا پف (Puff) ایڈر ان میں سب سے بڑا ہوتا ہے جس کی لمبائی 1.35 میٹر [4.5 فٹ] تک ہوتی ہے۔ اس کی موٹائی انسانی بازو کے برابر ہوتی ہے یہ بھی زہریلا ہوتا ہے۔