مندرجات کا رخ کریں

بغیر گرمیوں والا سال

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

سال 1816 کو بغیر گرمیوں والا سال (Year Without a Summer) کہا جاتا ہے، کیونکہ اُس سال موسم میں ایسی عجیب تبدیلیاں ہوئیں جن کی وجہ سے دنیا کا اوسط درجہ حرارت تقریباً 0.4 سے 0.7 سینٹی گریڈ (یعنی 0.7 سے 1 فارن ہائیٹ) تک کم ہو گیا۔[1] یورپ میں اُس سال موسم گرما اتنا ٹھنڈا تھا کہ 1766 سے 2000 تک کے ریکارڈز میں سرد ترین موسم گرما شمار ہوتا ہے۔[2] نتیجہ یہ ہوا کہ فصلیں تباہ ہو گئیں اور پورے شمالی نصف کرے میں خوراک کی کمی پیدا ہو گئی۔[3]

شواہدات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سب ایک بہت بڑے آتش فشاں کے پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔ اپریل 1815 میں موجودہ انڈونیشیا (جو اُس وقت ہالینڈ کے زیر انتظام ڈچ ایسٹ انڈیز کہلاتا تھا) کے ماؤنٹ ٹامبورا کا آتش فشاں پھٹا، یہ پچھلے کم از کم 1300 سالوں میں سب سے بڑا آتش فشانی کا عمل تھا۔ اس کے ساتھ ہی 1814 میں فلپائن کے مایون (Mayon) آتش فشاں کا پھٹنا بھی اس موسمی تبدیلی کے اسباب میں شامل رہا۔ ان آتش فشانوں کے پھٹنے سے بڑی مقدار میں راکھ اور گیسیں فضا میں پھیل گئیں، جس نے سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے سے روک دیا۔ اس کی وجہ سے پوری دنیا کا درجہ حرارت کم ہو گیا اور ایک طرح کی "آتش فشانی سردی" (volcanic winter) شروع ہو گئی۔

برطانیہ اور فرانس جیسے ممالک میں حالات بہت خراب ہو گئے اور بھوک، قحط اور فسادات کا سامنا ہوا۔ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا تھا جب یورپ ابھی نپولین جنگوں سے سنبھلنے کی کوشش کر رہا تھا، اس لیے حالات اور زیادہ خراب ہو گئے۔

ادھر شمالی امریکا میں بھی موسم بہت سخت ہو گیا۔ امریکا کے مشرقی حصوں میں ایک عجیب سی "خشک دھند" (ڈرائی فوگ) چھائی رہی، جس نے سورج کی روشنی کو مدھم کر دیا۔ گرمیوں کے مہینوں میں بھی ٹھنڈی ہوائیں اور برف باری ہوتی رہی۔ نیو انگلینڈ جیسے علاقوں میں فصلیں تباہ ہو گئیں اور لوگ خوراک کی کمی کا شکار ہو گئے۔ ان مشکلات کی وجہ سے کئی خاندانوں نے اپنے گھر بار چھوڑ دیے اور بہتر زمین اور زندگی کی تلاش میں مغربی حصوں کی طرف نکل گئے — جس سے امریکا میں ویسٹ ورڈ ایکسپینشن کا عمل تیز ہوا۔

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. رچرڈ بی۔ سٹوتھرز (1984)۔ "1815 میں عظیم آتش فشاں کا پھٹنا اور اس کے نتائج"۔ سائنس۔ ج 224 شمارہ 4654: 1191–1198۔ Bibcode:1984Sci...224.1191S۔ DOI:10.1126/science.224.4654.1191۔ PMID:17819476۔ S2CID:23649251
  2. اینڈریو پی۔ شوہرر; گیبریل سی۔ ہیگرل; جرگ لوٹرباخر; سٹیفن برونیمان; ٹم کوان; سائمن ایف۔ بی ٹیٹ; ڈیوڈے زینختن; کلاؤڈیا ٹمرک (17 Sep 2019). "بغیر گرمیوں کے سال کی وجوہات کا جائزہ". انوائرمنٹ ریسرچ لیٹرز (بزبان انگریزی). 14 (9): 094019. Bibcode:2019ERL....14i4019S. DOI:10.1088/1748-9326/ab3a10. hdl:21.11116/0000-0004-B878-6. ISSN:1748-9326.
  3. "سینٹ جان نیو برنسوک ٹائم کی تاریخ"۔ نیو برنزوک۔نیٹ۔ 2017-01-09 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2012-03-05