مندرجات کا رخ کریں

تھیلی دار جانور

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

تھیلی دار یا کیسہ دار (انگریزی: Marsupial، مارسوپیل) ممالیہ جانوروں کا ایک متنوع گروہ ہیں جو تحتی جماعت مارسوپیالیا (Marsupialia) سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ فطری طور پر آسٹریلیشیا، والیسیا اور امریکا کے خطوں میں پائے جاتے ہیں۔ ان کی ایک نمایاں خصوصیت ان کا تولیدی طریقہ ہے: بچے نہایت ناتمام حالت میں پیدا ہوتے ہیں اور پھر ماں کے پیٹ پر ملحق تھیلی میں پرورش پاتے ہیں۔ موجودہ تھیلی دار جانوروں میں کنگارو، کوآلا اوپوسم، پوسم، تسمانی ڈیول، ومباٹ، والابی اور بندی کوٹ شامل ہیں۔

تھیلی دار جانور ایک ارتقائی فرع (کلیڈ) بناتے ہیں جو موجودہ میٹا تھیریا (Metatheria) کے آخری مشترک جد سے نکلی ہے، جس میں وہ تمام ممالیہ شامل ہیں جو آنول دار جانوروں کے مقابلے میں تھیلی دار جانوروں سے زیادہ قریبی تعلق رکھتے ہیں۔ آنول دار اور تھیلی دار جانوروں کے درمیان ارتقائی تقسیم تقریباً 125 سے 160 ملین سال پہلے وسط عصرِ جُراسی سے اوائل عصر چاکی میں ہوئی۔

اس وقت تقریباً 334 موجودہ انواع میں سے لگ بھگ 70 فیصد آسٹریلوی براعظم میں پائے جاتے ہیں جن میں مین لینڈ آسٹریلیا، تسمانیہ، نیو گنی اور قریبی جزائر شامل ہیں۔ باقی 30 فیصد امریکا میں پائے جاتے ہیں خاص طور پر جنوبی امریکا میں جبکہ وسطی امریکا میں تیرہ انواع اور شمالی امریکا میں میکسیکو کے شمال میں صرف ایک نوع وِرجینیا اوپوسم پائی جاتی ہے۔ تھیلی دار جانوروں کا حجم چند گرام وزنی لمبی دم والے کیسوی موش (long-tailed planigale)[1] سے لے کر معدوم ڈپروٹوڈون جیسے کئی ٹن وزنی جانور تک مختلف ہوتا ہے۔[2]

تھیلی دار کے لیے انگریزی میں marsupial استعمال ہوتا ہے جو marsupium سے ماخوذ ہے، یہ پیٹ کی تھیلی کے لیے سائنسی اصطلاح ہے۔ یہ لفظ لاطینی marsupium سے لیا گیا ہے جو خود قدیم یونانی لفظ μάρσιππος (مارسِپّوس) سے نکلا ہے، جس کے معنی ”تھیلی“/”کیسہ“ کے ہیں۔

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. Andrew M. Baker (27 Apr 2021). "Meet 5 of Australia's tiniest mammals, who tread a tightrope between life and death every night". The Conversation (بزبان امریکی انگریزی). Retrieved 2024-05-29.
  2. S. Wroe; M. Crowther; J. Dortch; J. Chong (2004). "The size of the largest marsupial and why it matters". Proceedings of the Royal Society B: Biological Sciences (بزبان انگریزی). 271 (Suppl 3): S34–S36. Bibcode:2004PBioS.271.0095W. DOI:10.1098/rsbl.2003.0095. PMC:1810005. PMID:15101412.