خان گڑھ، مظفر گڑھ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
شہر
ملکپاکستان
صوبہپنجاب
ضلعضلع مظفر گڑھ
منطقۂ وقتپاکستان کا معیاری وقت (UTC+5)
ویب سائٹwww khangarh.com

خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ کا ایک قصبہ ہے جو تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔

شہر مظفر گڑھ سے علی پور جانے والی سڑک پر16 کلومیٹر کے فاصلے پر دریائے چناب کے کنارے واقع ہے۔ نواب مظفر خان بانی مظفر گڑھ کے والد نواب شجاع نے اپنی بیٹی خان بی بی کو عطا کیا تھا۔ خان بی بی اپنے بھائی نواب مظفر خان کی فوج میں سپہ سالار تھی اور جنگ منکیرہ میں شہید ہو گئی تھی۔ اس کا مزار ملتان میں حضرت غوث بہاول حق کے مزار کے باہر واقع ہے۔ اسی خان بی بی نے قصبہ خان گڑھ کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ قلعہ شہر کے مشرقی طرف دریائے چناب کے کنارے واقع ہے اور قلعہ اب بھی اپنی مکمل فصیلوں کے ساتھ اور دو دروازوں کے ساتھ موجود ہے اور لوگ اب بھی اس میں رہائش پزیر ہیں 1811ء کے بعد نواب مظفر خان اور نواب بہاولپور کے درمیان تنازعات بڑھے ،تو نواب احمد خان نے خان گڑھ کو اپنامستقر بنا کر بہاولپور کے علاقے میں چھیڑ چھاڑ شروع کر دی۔ نواب صادق محمد خان نے تنگ آ کر فوجی افسر یعقوب کی سرکردگی میں ایک لشکر خان گڑھ روانہ کیا۔ یعقوب خان نے خان گڑھ کا محاصرہ کیا، تو احمد خان مقابلے کی تاب نہ لا کر فرار ہو گیا۔ 1818ء میں خان گڑھ پر سکھوں کا قبضہ ہو گیا۔ 1849ء میں انگریزوں کی حکومت قائم ہوئی ،تو انھوں نے خان گڑھ کو ضلعی صدر مقام بنایا اور خان گڑھ، سیت پور اور رنگ پور کی تحصیلوں کو اس میں شامل کیا۔ اس وقت رنگ پور میں ضلع جھنگ کے علاقے گڑھ مہاراجا اور احمد پور سیال بھی شامل تھے۔ 1850ء تک یہ ضلعی صدر مقام رہا، بعد ازاں مظفر گڑھ کو ضلع بنایا گیا اور خان گڑھ تحصیل اس میں شامل کر دی گئی۔ خان گڑھ تھانہ 1849ء میں بنا جبکہ آنریری عدالت 1893ء میں بن چکی تھی اور مرحوم سیاست دان نوابزادہ نصراللہ خان کے والد نوابزادہ سیف اللہ خان اس کے جج تھے۔

تھانہ، ڈاکخانہ، ٹاؤن کمیٹی اور ڈسپنسری بھی انگریزی دور میں بنے۔ تجارتی لحاظ سے علاقے کا اہم مرکز ہے۔ کھجور، آم اور گندم کی پیداوار عام ہوتی ہے۔ محلہ ڈسکیاں والا، محلہ شیخاں، محلہ سیداں، ٹھل مراد شاہ، محلہ توحید آباد، محلہ نواباں والا، نئی بستی، بستی کلاں اور رحمت کالونی یہاں کی رہائشی بستیاں ہیں جبکہ مین بازار اور بازار خواجگان تجارتی مراکز ہیں۔ پاسکو کے گودام بھی ہیں۔ پیر مہدی شاہ، پیر بالک شاہ اور پیر طالب شاہ کے مزارات ہیں۔ یہاں کا بُھنا کھویہ بہت مشہور ہے۔ شمس اور موج قصبہ خان گڑھ کے معروف شعرا میں شمار ہوتے ہیں۔[1]

حوالہ جات[ترمیم]

  1. نگر نگر پنجاب پروفیسر اسد سلیم شیخ، فکشن ہاؤس مزنگ روڈ لاہور