دعائے ربانی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
پہاڑی پر وعظ

دعائے ربانی ایک مقدس مسیحی دعا ہے جس کی تعلیم، عہدنامہ جدید کے مطابق، یسوع مسیح نے اپنے حواریوں کو دی۔ عہدنامہ جدید میں اس دعا کے دو نسخے پائے جاتے ہیں: طویل نسخہ متی کی انجیل (6: 9-13) میں پہاڑی پر وعظ کے حصے کے طور پر درج ہے، جب کہ اس کی ایک مختصر صورت لوقا کی انجیل (11: 1-4) میں بیان ہوتی ہے کہ جب یسوع مسیح سے اُن کے ایک حواری نے درخواست کی کہ وہ انھیں اسی طرح دعا مانگنا سکھائیں جیسے یحییٰ علیہ السلام نے اپنے حواریوں کو سکھائی تھی، تو یسوع مسیح نے یہ دعا سکھائی۔ اوّل الذکر میں دعا کا اختتام ’’بلکہ برائی سے بچا‘‘ پر ہوتا ہے جب کہ موخر الذکر میں دعا ’’ہمیں آزمائش میں نہ لا‘‘ کے الفاظ پر ختم ہوجاتی ہے۔

متی کی انجیل (6: 9-13) میں یہ دعا یوں درج ہے:

اے ہمارے باپ تُو جو آسمان پر ہے۔ تیرا نام پاک مانا جائے۔
تیری بادشاہی آئے۔ تیری مرضی جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی ہو۔
ہمارے روز کی روٹی آج ہمیں دے۔
اور جس طرح ہم نے اپنے قرض داروں کو معاف کیا ہے، تُو بھی ہمارے قرض ہمیں معاف کر۔
اور ہمیں آزمائش میں نہ لا بلکہ برائی سے بچا۔

لوقا کی انجیل (11: 2-4) میں درج ذیل عبارت ہے:

اے باپ تیرا نام پاک مانا جائے۔ تیری بادشاہی آئے۔
ہماری روز کی روٹی ہر روز ہمیں دے۔
اور ہمارے گناہ معاف کر کیوں کہ ہم بھی اپنے ہر قرض دار کو معاف کرتے ہیں اور ہمیں آزمائش میں نہ لا۔

متی میں دعا کا سیاق و سباق ایسے افراد پر تنقید ہے جو دکھاوے کے لیے دعا مانگتے ہیں۔ یسوع مسیح ریاکاروں کی مانند دعا مانگنے والوں سے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے دعا مانگنے کا درست طریقہ سکھاتے ہیں۔ دعا کے انداز، بیان اور تاکید کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے، دعائے ربانی کی ایک تشریح یہ بھی کی جاتی ہے کہ اس سے مراد ان ہی الفاظ کو رٹ کر دہرائے جانا نہیں بلکہ یہ صرف دعا مانگنے کے انداز کی تعلیم ہے۔ عہدنامہ جدید میں یسوع مسیح اور اُن کے حواریوں کے دعا مانگنے کے کئی مواقع کا ذکر ہے، لیکن کہیں اس مخصوص دعا کا حوالہ نہیں ملتا۔

حوالہ جات[ترمیم]