مندرجات کا رخ کریں

ربذہ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
ربذہ
ملک سعودی عرب   ویکی ڈیٹا پر  (P17) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

نقشہ
إحداثيات 24°37′55″N 41°17′26″E / 24.63185556°N 41.2906°E / 24.63185556; 41.2906   ویکی ڈیٹا پر  (P625) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

ربذہ ایک تاریخی آثار قدیمہ کا شہر ہے ۔ یہ مقام مدینہ منورہ کے مشرق میں واقع ہے اور اس سے تقریباً 170 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ قافلوں کے ایک اہم پڑاؤ (اسٹیشن) پر واقع ہے، جو درب زبیدہ پر ہے—وہ راستہ جو عراق سے مکہ مکرمہ کی طرف جاتا ہے۔

الشِّربَة کا علاقہ، جو رَبَذَہ کے وسط میں واقع ہے، اونٹوں کے چرنے کے لیے نہایت موزوں مقام تھا۔ قبائلِ محارب، عبس اور غطفان (فزارہ) وہاں چراگاہ کے لیے آیا کرتے تھے، یہاں تک کہ اسلام آ گیا۔ سنہ 16 ہجری میں خلیفہ عمر بن الخطابؓ نے رَبَذَہ کو مسلمانوں کے گھوڑوں کے لیے محفوظ چراگاہ (حِمىٰ) قرار دیا۔ آج کل رَبَذَہ، الحنکیہ (محافظہ الحناکیہ) کے جنوب مشرق میں 100 کلومیٹر کے فاصلے پر اور مدینہ منورہ سے تقریباً 200 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔[1]

سبب تسميہ

[ترمیم]

یاقوت الحموی نے اپنی مشہور کتاب معجم البلدان میں رَبَذَہ کی نام گزاری کے متعلق مختلف اقوال نقل کیے ہیں:

  1. . ابن الأعرابی کا قول: الرَّبَذَة کا مطلب ہے "سختی و شدت"۔ کہا جاتا ہے: كنّا في رَبَذَة فانجلت عنّا یعنی ہم سختی میں تھے، پھر وہ دور ہو گئی۔
  2. . الخلیل الفراهیدی کا قول: الرَّبَذ ہلکی چال کے ساتھ چلنے کو کہتے ہیں اور کام میں انگلیوں کی تیزی و ہلکی پھرتی کو بھی ربذ کہا جاتا ہے۔
  3. . ابن الکلبی نے الشرقي بن القطامي سے روایت کی ہے: اس کے مطابق رَبَذَة کا نام "ربذة بنت یثرب بن قانیة بن مہلیل بن أرم بن عبيل بن أرفخشذ بن سام بن نوح علیہ السلام" کے نام پر رکھا گیا ہے۔[2]

تاریخ

[ترمیم]

سنہ 30 ہجری میں حضرت ابو زر غفاری رضی اللہ عنہ سب سے پہلے شخص تھے جنھوں نے رَبَذَہ میں سکونت اختیار کی۔ بعض مؤرخین کے مطابق، ابو زرؓ کا یہ نظریہ تھا کہ کسی مسلمان کے پاس اپنی روز و شب کی خوراک یا اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کے لیے کچھ مال یا کسی مہمان کی خدمت کے لیے کوئی چیز کے سوا، دولت کا ذخیرہ نہیں ہونا چاہیے۔ وہ قرآن کریم کی اس آیت پر عمل کرتے تھے:

” ﴿وَالَّذِينَ يَكْنِزُونَ الذَّهَبَ وَالْفِضَّةَ وَلَا يُنْفِقُونَهَا فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَبَشِّرْهُمْ بِعَذَابٍ أَلِيمٍ﴾ (التوبہ: 34)

ترجمہ: "اور جو لوگ سونا اور چاندی جمع کر کے رکھتے ہیں اور اسے اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے، تو انھیں دردناک عذاب کی خوشخبری سنا دو۔"

“

حضرت ابو زرؓ شام میں کھڑے ہو کر کہتے: "اے مالدارو! غریبوں کا خیال کرو، ان لوگوں کو آگ کے انگاروں کی خوشخبری دو، جو سونا چاندی جمع کرتے ہیں اور اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے، وہ انگارے ان کی پیشانی، پہلوؤں اور پیٹھوں پر داغے جائیں گے۔" ان کے ان اقوال کا غریبوں پر اثر ہوا اور وہ دولت مندوں پر زکوٰۃ اور سخاوت کو واجب سمجھنے لگے۔ جب امیر شام، معاویہؓ نے دیکھا کہ ابو زرؓ کے قول و فعل نے مالداروں کو تنگ کر دیا ہے، تو انھوں نے خلیفہ عثمانؓ کو لکھا کہ ابو زرؓ میرے لیے تنگی کا باعث بن رہے ہیں۔ چنانچہ حضرت عثمانؓ نے انھیں مدینہ بلوایا۔

جب حضرت ابو زرؓ مدینہ پہنچے اور جبلِ سلع کے دامن میں لوگوں کی نئی تعمیرات دیکھیں تو فرمایا: "مدینہ والوں کو ایک شدید حملے اور سخت جنگ کی خبر دے دو!" جب وہ حضرت عثمانؓ کے پاس پہنچے، تو خلیفہ نے ان سے کہا: "شامی لوگ تمھاری زبان کی سختی کی شکایت کرتے ہیں۔" ابو زرؓ نے اپنا مؤقف بیان کیا۔ عثمانؓ نے فرمایا: "اے ابو زر! میرا کام یہ ہے کہ جو مجھ پر لازم ہے وہ پورا کروں اور رعایا کو کوشش، اعتدال اور سادگی کی دعوت دوں، نہ کہ ان پر زہد کو لازمی قرار دوں۔"

ابو زرؓ نے فرمایا: "مالداروں کو اُس وقت تک راضی نہ کیا جائے جب تک وہ نیکی نہ کریں، پڑوسیوں اور بھائیوں سے حسن سلوک نہ کریں اور قرابت داروں سے صلہ رحمی نہ کریں۔" پھر انھوں نے عثمانؓ سے کہا: "مجھے مدینہ سے نکلنے کی اجازت دیجیے، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھے فرمایا تھا: جب مدینہ کی عمارتیں جبلِ سلع تک پہنچ جائیں تو یہاں سے نکل جانا۔" چنانچہ حضرت عثمانؓ نے انھیں اجازت دے دی۔ ابو زرؓ رَبَذَہ چلے گئے، وہاں ایک مسجد بنائی اور عثمانؓ نے انھیں چند اونٹنیاں، دو غلام اور روزانہ وظیفہ عطا کیا۔ رافع بن خدیجؓ بھی مدینہ سے کسی بات پر نکل گئے تھے، ان پر بھی وظیفہ جاری کیا گیا۔

حضرت ابو زرؓ کبھی کبھار مدینہ بھی آتے تاکہ دوبارہ دیہاتی زندگی میں نہ چلے جائیں۔ معاویہؓ نے ان کے اہلِ خانہ کو بھی ان کے پاس رَبَذَہ بھیج دیا۔ وہ لوگ ساتھ میں ایک بورا (جراب) لے کر آئے، جو ہاتھ سے بھرا ہوا تھا۔ کسی نے کہا: "دیکھو، جو دنیا سے زہد کرتا ہے، اس کے پاس کیا ہے!" تو ان کی بیوی نے کہا: "واللہ! نہ وہ دینار ہیں نہ درہم، بلکہ یہ تو وہ سکے ہیں جو وہ اپنا وظیفہ ملنے پر ہماری ضروریات کے لیے خرید لیتے تھے۔"

رَبَذَہ میں ایک بار نماز کے لیے اقامت ہوئی اور ایک غلام (جو صدقے کا مال وصول کرتا تھا) امامت کے لیے کھڑا ہوا، تو اس نے ابو زرؓ سے کہا: "آپ امامت کروائیں۔" تو ابو زرؓ نے فرمایا: "نہیں، تم آگے بڑھو، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا تھا: سنو اور اطاعت کرو، اگرچہ تم پر کوئی غلام امیر ہو، چاہے وہ ناک کٹا ہوا ہو۔ تم غلام ہو اور ناک کٹے نہیں ہو۔" یہ غلام "مجاشع" تھا اور صدقہ کے مال سے تھا۔

سنہ 32 ہجری

[ترمیم]

اسی سال حضرت ابو زر غفاریؓ کا انتقال ہوا۔ انھوں نے اپنی بیٹی سے فرمایا:

  • "اے بیٹی! باہر دیکھو، کیا تمھیں کوئی آتا ہوا نظر آ رہا ہے؟"

بیٹی نے کہا: "نہیں۔" فرمایا: "تو ابھی میرا وقت نہیں آیا۔"

  • پھر اپنی بیٹی سے کہا کہ ایک بکری ذبح کرو اور اس کا گوشت پکا لو۔

پھر فرمایا: "جب وہ لوگ آ جائیں جو مجھے دفنائیں گے تو ان سے کہنا: ابو زرؓ تمھیں قسم دیتے ہیں کہ سوار نہ ہونا جب تک کھانا نہ کھا لو۔" جب ہانڈی تیار ہو گئی تو فرمایا: "اب دیکھو، کیا کوئی آ رہا ہے؟" بیٹی نے کہا: "ہاں، کچھ سوار آ رہے ہیں۔" فرمایا: "مجھے قبلہ رُخ کر دو۔" تو بیٹی نے ایسا ہی کیا۔

  • پھر فرمایا:

"بسم اللہ، وباللہ، وعلى ملة رسول الله" (اللہ کے نام سے، اللہ ہی کے بھروسے پر اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دین پر)

  • پھر روح قفسِ عنصری سے پرواز کر گئی۔

اس کے بعد ان کی بیٹی باہر نکلی اور ان آنے والوں کو روکا اور کہا: "اللہ تم پر رحم کرے، یہ ابو زرؓ ہیں، انھیں دفناؤ۔" انھوں نے پوچھا: "کہاں ہیں؟" تو بیٹی نے اشارہ کیا۔ انھوں نے کہا: "ہاں، یہ تو بڑی نعمت ہے، اللہ نے ہمیں اس شرف سے نوازا۔" ان میں حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ بھی شامل تھے، وہ رو پڑے اور فرمایا: "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سچ فرمایا تھا: (يموت وحده ويبعث وحده) یعنی 'وہ اکیلے فوت ہو گا اور اکیلے اٹھایا جائے گا۔'" پھر ان لوگوں نے حضرت ابو زرؓ کو غسل دیا، کفن پہنایا، نماز جنازہ ادا کی اور دفن کر دیا۔

” بیٹی نے ان سے کہا:

"ابو زرؓ آپ کو سلام کہہ رہے تھے اور قسم دی تھی کہ سوار نہ ہونا جب تک کھانا نہ کھا لو۔" چنانچہ انھوں نے کھانا کھایا اور پھر اہلِ خانہ کو ساتھ لے کر مکہ روانہ ہو گئے۔ وہاں پہنچ کر حضرت عثمانؓ کو ان کی وفات کی خبر دی، تو عثمانؓ نے ان کی بیٹی کو اپنی کفالت میں لے لیا اور فرمایا: "اللہ ابو زر پر رحم کرے اور اس کی مغفرت فرمائے۔"

“

فتن کا زمانہ

[ترمیم]

امیر المومنین حضرت علیؓ نے ربیع الآخر 36 ہجری کے آخر میں مدینہ منورہ سے اہلِ شام کے مقابلے کے لیے کوچ کیا۔ ان کے ہمراہ کوفہ اور بصرہ کے وہ لوگ بھی تھے جو فتنہ کی خبر پاکر جلدی روانہ ہوئے، ان کی تعداد تقریباً 900 تھی۔ حضرت علیؓ کی امید تھی کہ وہ طلحہ، زبیر اور اُم المؤمنین عائشہؓ کے بصرہ سے نکلنے سے پہلے انھیں روک لیں گے۔ راستے میں حضرت عبد اللہ بن سلامؓ نے اُن کا راستہ روک کر کہا:

” "اے امیر المومنین! مدینہ سے مت نکلیں، بخدا اگر آپ نکل گئے تو سلطنتِ اسلامیہ کبھی واپس یہاں نہ لوٹے گی!"

مگر بعض لوگوں نے انھیں بُرا بھلا کہا، حضرت علیؓ نے فرمایا: "چھوڑ دو، یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی ہیں۔"

“

حضرت علیؓ ربذہ پہنچے تو معلوم ہوا کہ وہ لوگ پہلے ہی بصرہ روانہ ہو چکے ہیں، چنانچہ وہیں قیام کیا تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا مشورہ کر سکیں۔ بعد ازاں ربذہ حجاج کے لیے عراق سے مکہ جانے والے قافلوں کی ایک اہم منزل بن گئی۔

یہ جنگ عبد الله بن زبیرؓ کی حمایت یافتہ فوج (جس کی قیادت الحنتف بن السجف التميمي کر رہے تھے) اور اموی خلافت کے لشکر (جس کی قیادت حُبیش بن دلجہ اور عبيد الله بن الحكم کر رہے تھے) کے درمیان ہوئی۔ جنگ کا نتیجہ عبد الله بن زبیرؓ کے حامیوں کی فتح اور شام کی افواج کے دو اہم سپہ سالاروں (حُبیش اور عبید الله) کے قتل پر منتج ہوا۔

ربذہ کا زلزلہ (119 ہجری)

[ترمیم]

کتاب مختصر تاريخ دمشق کے مطابق مفسر محمد بن كعب کے چند جلیس ربذہ کی مسجد میں جمع تھے کہ زلزلہ آیا اور مسجد اُن پر گر گئی، وہ سب اس حادثے میں شہید ہو گئے۔

144 ہجری

[ترمیم]

عباسی خلفاء ربذہ کو حج کے دوران قیام گاہ کے طور پر پسند کرتے تھے۔ اس سال خلیفہ ابو جعفر المنصور نے ربذہ میں قیام کیا اور حج ادا کرنے کے بعد مدینہ میں داخل ہوئے بغیر واپس چلے گئے۔ اسی زمانے میں ربذہ میں حاجیوں کی خدمت کے لیے تالاب اور دیگر تعمیرات کی گئیں۔

243 ہجری

[ترمیم]

بغداد کے قاضی القضاة یحییٰ بن أکثم حج کے ارادے سے مکہ گئے۔ جب انھیں خلیفہ متوکل کی جانب سے دل صاف ہونے کی خبر ملی تو واپسی کا ارادہ کیا، مگر ربذہ پہنچ کر انتقال فرما گئے۔ ان کی عمر 83 برس تھی، وہ وہیں دفن کیے گئے۔

ربذہ کا زوال (319 ہجری)

[ترمیم]

مشہور جغرافیہ دان یاقوت الحموي نے تاریخ ابن سیران الأهوازي سے نقل کیا ہے کہ 319 ہجری میں ربذہ میں مقامی قبائل اور ضرية کے درمیان جنگوں کا سلسلہ جاری رہا، حتیٰ کہ ضرية والوں نے قرامطہ سے مدد مانگی۔ نتیجتاً ربذہ کے باشندے وہاں سے ہجرت کر گئے اور یہ مقام ویران ہو گیا، حالانکہ وہ حج کے راستے پر ایک نہایت شاندار قیام گاہ تھی۔

تاریخی اہمیت

[ترمیم]

ربذہ اسلامی تاریخ کی ایک اہم بستی تھی جو حج کے کوفی راستے پر مدینہ منورہ کے مشرق میں واقع تھی۔ اس مقام کی اہمیت کا ایک بڑا سبب یہ ہے کہ صحابیِ رسول حضرت ابو زر غفاری رضی اللہ عنہ خلافتِ عثمانی کے دور میں یہاں منتقل ہوئے اور یہیں وفات پائی اور دفن ہوئے۔ ربذہ کا مسجد غالباً اسی جگہ قائم کیا گیا ہے جہاں حضرت ابو زرؓ نے اپنا مسجد بنایا تھا۔

خلیفہ دوم حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کے دور میں ربذہ کو مسلمانوں کے گھوڑوں کے لیے چراگاہ (حمى) قرار دیا گیا تھا۔ تاریخی ذرائع کے مطابق یہ ایک آباد اور خوش حال بستی تھی اور قافلوں کی ایک اہم منزل بھی، لیکن 319 ہجری میں قبائلی جنگوں کے نتیجے میں اجڑ گئی۔ ربذہ، الحناکیہ کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔ الحناکیہ مدینہ منورہ سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے (مدینہ سے ریاض جانے والے راستے پر)، جبکہ ربذہ مدینہ منورہ سے تقریباً 170 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

آثار ربذہ

[ترمیم]
ربذہ کے مقام سے ایک بڑی مٹی کی صراحی
شیشے کے برتن
ربذہ کی تہذیب سے مٹی کے برتن

ربذہ کی کھدائیوں سے بہت سے اہم آثار دریافت ہوئے ہیں جو اس بستی کی تہذیبی و تمدنی عظمت کا پتہ دیتے ہیں۔ ان میں بڑی مٹی کی مٹکیاں، شیشے اور مٹی کے برتن شامل ہیں جو مقامی صنعت کی مہارت کو ظاہر کرتے ہیں۔

  • معماری اور تعمیراتی خصوصیات:

ربذہ کے محلات اور مکانات کا طرزِ تعمیر خاصا منظم اور دلکش تھا: عمارتیں مربع شکل میں اور قبلہ رخ بنی ہوئی تھیں۔ اندرونی کمرے باہم جڑے ہوئے تھے، جن کے بیچ میں صحن یا کھلا میدان ہوتا تھا۔ مکانات میں خدمت کے لیے مخصوص مقامات بھی تھے، جیسے کہ باورچی خانے، پانی ذخیرہ کرنے کی جگہیں، اناج کے گودام وغیرہ۔[3]

  • مساجد:

ربذہ میں دو بڑے مساجد کے آثار ملے: 1. جامع مسجد – جو بستی کے مغرب میں واقع ہے اور غالب گمان ہے کہ یہی حضرت ابو زر غفاری رضی اللہ عنہ کا تعمیر کردہ مسجد ہے۔ 2. دوسرا مسجد رہائشی علاقے کے قریب واقع تھا۔

  • پانی ذخیرہ کرنے کا نظام:

یہاں زیرِ زمین پانی کے ذخیرے (خزانات) بھی دریافت ہوئے جو گھروں، صحنوں اور راہ داریوں کے نیچے بنائے گئے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ربذہ میں پانی جمع کرنے اور محفوظ رکھنے کا ایک منظم نظام موجود تھا۔[4]

  • صنعت و دستکاری:

ربذہ میں مٹی، شیشہ، پتھر اور دھات کے برتن اور اوزار بنائے جاتے تھے۔ کھدائی سے کئی مکمل برتن جیسے کہ: مرتبان رکابیاں پیالے شیشیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ان پر نفیس نقش و نگار اس دور کے کاریگروں کی مہارت کو ظاہر کرتے ہیں۔[5]

  • سکہ جات (مسكوكات):

ربذہ سے صدرِ اسلام، دورِ اموی اور عباسی خلافت کے سکے بھی ملے ہیں، جو یہاں کے معاشی استحکام کی علامت ہیں۔ ان سکوں پر جن خلفاء کے نام یا ادوار کے نشانات ملے، ان میں شامل ہیں: ولید بن عبد الملک ابو جعفر منصور ہارون الرشید المعتضد باللہ یہ سب آثار اس بات کا ثبوت ہیں کہ ربذہ تین صدیوں تک ایک زرخیز، فعال اور فنی لحاظ سے ترقی یافتہ بستی رہی۔[6]

اسلامی شخصیات جن کا ربذہ سے تعلق رہا

[ترمیم]
  1. . حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ: مشہور صحابی جنھوں نے خلافتِ عثمانی کے دوران ربذہ میں سکونت اختیار کی اور وہیں وفات پائی۔ ان کا مزار ربذہ میں واقع ہے۔
  2. . عتبہ بن غزوان رضی اللہ عنہ: صحابی اور ماہر جرنیل، جنھوں نے حضرت عمر بن خطاب کے زمانے میں بصرہ کی بنیاد رکھی۔ ان کا انتقال ربذہ میں 15ھ یا 17ھ کو ہوا۔
  3. . جسرہ بنت دجاجہ عامريہ: تابعیہ خاتون، جنھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایتیں سنی تھیں اور حضرت ابو زر سے بھی نقل کیا۔
  4. . سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ: جلیل القدر صحابی، جو حضرت عثمان کے بعد ربذہ چلے گئے، وہاں شادی کی اور وفات سے کچھ دن پہلے واپس مدینہ آئے جہاں 74ھ میں ان کا انتقال ہوا۔
  5. . محمد بن مسلمہ رضی اللہ عنہ: غزوۂ بدر کے شرکاء میں شامل، کچھ وقت ربذہ میں مقیم رہے، لیکن 43ھ میں مدینہ منورہ میں انتقال ہوا۔
  6. . علی بن ابی طالب کرم اللہ وجهہ: حضرت علی جب جنگ جمل کے لیے بصرہ جا رہے تھے، تو 36ھ میں ربذہ میں قیام کیا اور وہاں اپنی فوج کو ترتیب دی۔
  7. . مزار بن ثمامہ اسدی : واقعۂ کربلا کے بعد ربذہ آ گئے اور یزید کی وفات تک وہیں قیام کیا، بعد میں کوفہ چلے گئے۔
  8. . حنتف بن سجف تميمی : 65ھ کی ربذہ کی جنگ میں عبد اللہ بن زبیر کی طرف سے لڑے اور شامی فوج کو شکست دی۔
  9. . ابو عبد العزيز موسى بن عبيدہ بن نشيط ربذی: حدیث کے راوی، ربذہ ہی سے منسوب تھے اور وہیں 153ھ میں وفات پائی۔
  10. . ابراہیم بن حمزہ بن مصعب بن زبير: تاجر اور زبیر بن عوام کی نسل سے تھے، وقتاً فوقتاً ربذہ آتے تھے۔ وفات 230ھ میں مدینہ منورہ میں ہوئی۔
  11. . يحيى بن اكثم: عباسی قاضی القضاة، خلیفہ المتوکل کے عہد میں تھے، 240ھ میں ربذہ میں انتقال ہوا۔
  12. . زبيدة (زوجہ ہارون الرشید): اگرچہ ربذہ میں قیام کا ثبوت نہیں، تاہم درب زبیدہ کی وجہ سے ان کا ربذہ کے راستے سے تعلق مشہور ہے، کیونکہ یہ شاہراہ حج کے لیے بنوائی گئی تھی۔[7]

بیرونی روابط

[ترمیم]

رحلة إلى الربذة[مردہ ربط]

دیگر مصادر

[ترمیم]
  • الربذة: صورة للحضارة الإسلامية المبكرة في المملكة العربية السعودية، سعد الراشد، جامعة الملك سعود، الرياض، 1986م.
  • الملامح الجغرافية لدروب الحجيج، سيد عبد المجيد بكر، تهامة، جدة، ط1، 1401هـ/1981م.

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. ↑ Brief description of Al- Rabadha at a website at the King Saud University. [مردہ ربط] آرکائیو شدہ 2020-04-26 بذریعہ وے بیک مشین
  2. ↑ ياقوت الحموي (1977)، معجم البلدان (ط. 1)، بيروت: دار صادر، ج. 3، ص. 24،
  3. ↑ "مدينة الربذة... شاهدة على تطور الحضارة الإسلامية وثرائها"۔ الشرق الأوسط (بزبان عربی)۔ 29 يوليو 2020 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2020-07-29 {{حوالہ ویب}}: تحقق من التاريخ في: |آرکائیو تاریخ= (معاونت)
  4. ↑ تحرير-وليد عبدالله العوفي- المدينة المنورة (2015-04-25)۔ "الربـــــــــذة..موطــن الصحـــابي أبي ذروعشق خلفاء بني العباس"۔ Madina (بزبان عربی)۔ 29 يوليو 2020 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2020-07-29 {{حوالہ ویب}}: تحقق من التاريخ في: |آرکائیو تاریخ= (معاونت)
  5. ↑ "«الربذة».. خرجت من تحت الأرض قبل 30 عاماً بعد أن أندثرت مئات السنين"۔ جريدة الرياض (بزبان عربی)۔ 29 يوليو 2020 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2020-07-29 {{حوالہ ویب}}: تحقق من التاريخ في: |آرکائیو تاریخ= (معاونت)
  6. ↑ "قصة اكتشاف الربذة"۔ www.al-jazirah.com۔ 2020-01-20 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2020-07-29
  7. ↑ الحناكية (نخل): تاريخها، جغرافيتها، آثارها، محمد المخلفي، الطبعة الأولى، 1427هـ/2007م، ص148-149