سب سے پہلے پاکستان
مصنف | پرویز مشرف |
---|---|
ملک | پاکستان |
زبان | انگریزی، اردو ،ہندی |
موضوع | سوانح عمری |
ناشر | فری پریس |
تاریخ اشاعت | 2006 |
تاریخ اشاعت انگریری | ستمبر 25, 2006 |
طرز طباعت | ہارڈ کور |
صفحات | 368 |
یہ سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کی لکھی ہوئی انگریزی کتاب (In the Line of Fire) کا اردو ترجمہ ہے۔ یہ کتاب پرویز مشرف کی یادداشتوں پر مبنی ہے۔ اس کتاب کی پرنٹنگ پہلی مرتبہ 25 ستمبر، 2006ء میں ہوئی۔ اس کتاب کو پرویز مشرف کی آپ بیتی بھی کہا جاتاہے۔
خلاصہ
[ترمیم]کتاب کے آغاز میں اُس وقت کی صورت حال کا خاکہ کھینچا گیا ہے جس وقت مشرف نے پاکستانی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مصنف نے اپنے بچپن اور پھر تعلیم کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ مصنف نے اپنے ترکی میں قیام پر ایک الگ باب لکھا ہے، جس میں مصنف نے ایک بچے کے طور پر ترکی میں قیام اور اپنے والدین کی زندگی کے بارے میں بھی بات کی ہے، جو غربت کے باوجود سماجی سرگرمیوں میں دل کھول کر حصہ لیتے تھے۔ اس میں مصنف نے اپنی زندگی کے اہم واقعات کا تذکرہ بھی کیا ہے، جن میں بچپن میں آم کے درخت سے گرنے پر زخمی ہونے، اپنے استاد کے خطوط کے ڈبے میں ٹائم بم اور بے کار ربن لگانے اور پاکستان ملٹری اکیڈمی میں داخلے کے دنوں کا تذکرہ بھی کیا ہے، جس کو وہ دنیا کی بہترین ترین اکیڈمی قرار دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں انھوں نے اپنے پاکستانی سیاست پر اپنے خیالات اور پاکستانی فوج کے اُن افسروں کا بھی ذکر کیا ہے، جن کے کردار کو وہ مثالی سمجھتے ہوئے، انھیں اپنا آئیڈیل کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ مصنف نے پاکستان کی روایتی جمہوریت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی کو بار بار مداخلت پر مجبور کیا گیا تاہم پاکستان آرمی نے ہمیشہ اپنے آپ کو سیاست سے دور اور الگ رکھا۔ انھوں نے وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں لگائے گئے مارشل لا کے بارے میں اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا اورمحمد ضیاء الحق کے دورمیں لگائے گئے مارشل لا میں اپنے کردار کا بھی تذکرہ کیا۔ اس کے علاوہ مصنف نے پاکستان آرمی میں دوران ملازمت اپنے مختلف کرداراور فطرتی ترغیبی صلاحیتوں کے بارے میں بھی لکھا ہے۔ وہ پاکستان آرمی کا کمانڈر ہونے کو اپنے لیے انتہائی زیادہ باعثِ افتخار سمجھتے ہیں۔ انھوں نے مختلف مہمات و مشقوں کی نگرانی کی اور ان کا کہنا ہے کہ کامیابی کی بڑی وجہ ان کی قیادت تھی۔