سر پایاں
سر پایہ (انگریزی: Cephalopod) سمندر میں پایا جانے والا ایک جانور ہے جس کا تعلق قوم صدفیہ کی سر پایاں (Cephalopoda) جماعت سے ہے۔ آکٹوپس، میہ (قیر ماہی)، کٹل مچھلی اور صدف ماہی (ناٹیلس) جیسے جانور اسی جماعت میں شامل کیے جاتے ہیں۔
سر پایاں نرم جسم کے جانور ہوتے ہیں یعنی ان میں ہڈی بالکل نہیں ہوتی۔ جلد کی ایک موٹی کی تہ ان کے جسم کو جزوی طور پر ڈھانپتی ہے۔ اس کو غلاف (Mantle) کہتے ہیں۔ دوسرے صدفیوں مثلا ریگ صدفیوں (Clams) میں یہ غلاف ایک سخت خول کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور یہ خول جانور کے جسم کو اپنے اندر چھپا لیتا ہے۔ البتہ سر پایاں میں ناٹیلس واحد زندہ جانور ہے، جس میں یہ خول پایا جاتا ہے۔ تاہم کٹل فش اور میہ کے جسم میں بھی اس خول کے مدھم سے آثار ملتے ہیں، لیکن آکٹوپس میں ایسے خول کا کوئی نام و نشان نہیں ملتا۔
سر پایاں گلپھڑوں کے ذریعے سانس لیتے ہیں۔ یہ گلپھڑے غلافی جوف (Mantle cavity) میں موجود ہوتے ہیں۔ پانی جب ان گلپھڑوں میں داخل ہوتا ہے تو یہ ان کے منھ کے لیے لمبے سے راستے سے گزرتا ہے۔ اس راستے کو سائفن کہتے ہیں۔ پھر جب یہ پانی تیزی سے اس سائفن سے باہر دھکیلا جاتا ہے تو اس کے نتیجے میں جانور تیزی سے پیچھے کی طرف ہوتا ہے۔ اس طریقے سے پیچھے ہٹ کر سر پایاں اپنے دشمنوں سے بھی بچ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ جانور سیاہی کی طرح کا ایک مائع بھی خارج کرتے ہیں جس سے پانی دھندلا ہو جاتا ہے اور اس میں سے بمشکل دکھائی دیتا ہے۔ یوں یہ اپنے دشمن کو دھوکا دے کر غائب ہو جاتے ہیں۔