سمندری کچھوا
سمندری کچھوے (انگریزی: Sea turtles) عام طور پر پانی میں رہتے ہیں۔ یہ پانی سے باہر زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتے۔ تاہم اکثر پانی سے باہر نکل کر دھوپ کا مزا لیتے نظر آتے ہیں۔ خطرہ کے وقت فوراً پانی میں کود جاتے ہیں۔
ان کی خوراک میں سبزی اور کائی کے علاوہ مچھلیاں، مینڈک اور کئی اقسام کے ڈوب کر مرے ہوئے جانور شامل ہیں۔ سمندری کچھوؤں کی عموماً سات انواع ملتی ہیں۔
پاکستان میں یہ پائے جاتے ہیں، یہ کچھوے کراچی اور مکران کے ساحلی ریتیلے میدانوں کو انڈے دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان کی خوراک میں جانور اور سمندری نباتات دونوں یکساں شامل ہیں۔ ان کی ماداؤں کے جھنڈ کے جھنڈ ساحلی علاقوں پر انڈے دینے کے لیے آتے ہیں۔ مادائیں ریت میں گڑھا کھود کر اس میں انڈے دے کر پھر سمندر میں غائب ہو جاتی ہیں۔ سورج کی گرمی سے بچے خود بخود انڈوں سے نکل کر سمندر کی طرف بھاگتے ہیں اور دوبارہ کئی سال بعد جوانی میں انڈے دینے خشکی پر آتے ہیں۔
سمندری کچھوے سینکڑوں میٹر کی گہرائی میں جا کر سمندری جانوروں اور مختلف اقسام کی کائیوں سے اپنا پیٹ بھرتے ہیں۔ گہرائی میں جانے سے قبل کچھوا اپنے پھیپھڑے میں اتنی مقدار میں ہوا لے جاتا ہے کہ گہرائی میں اتر کر اپنے شکار کو ڈھونڈ کر واپس پانی کی سطح پر آجائے۔