مندرجات کا رخ کریں

سید محمد تقی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
سید محمد تقی
معلومات شخصیت
پیدائش 12 مئی 1917ء   ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
امروہہ ،  برطانوی ہند   ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات 20 جون 1999ء (82 سال)  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
کراچی   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وجہ وفات ہیپاٹائٹس سی   ویکی ڈیٹا پر (P509) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مدفن سخی حسن   ویکی ڈیٹا پر (P119) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شہریت برطانوی ہند
پاکستان   ویکی ڈیٹا پر (P27) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
والد شفیق حسن ایلیا   ویکی ڈیٹا پر (P22) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
بہن/بھائی
عملی زندگی
مادر علمی دہلی یونیورسٹی   ویکی ڈیٹا پر (P69) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
تعلیمی اسناد ایم اے   ویکی ڈیٹا پر (P512) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
پیشہ فلسفی ،  مترجم ،  مدیر (اخبار)   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
پیشہ ورانہ زبان اردو   ویکی ڈیٹا پر (P1412) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
ملازمت روزنامہ جنگ   ویکی ڈیٹا پر (P108) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
باب ادب

سید محمد تقی پاکستان کے ممتاز فلسفی، دانشور، شاعر اور صحافی تھے۔ 12 مئی 1917ء کو امروہہ میں پیدا ہوئے۔ آپ کا گھرانہ بشمول والد علامہ شفیق حسن ایلیا ، بڑے بھائی رئیس امروہوی اور چھوٹے بھائی جون ایلیا اردو ادب کی آبرو خیال کیے جاتے ہیں۔ آپ کا انتقال 26 جون 1999ء کو کراچی میں ہوا۔

نسب نامہ: سید محمد تقی ابن سید شفیق حسن ابن سید نصیر حسن ابن سید امیر حسن ابن سید تصدق حسین ابن سید سلطان احمد ابن ابن سید عطا احمد ابن سید ابدال محمد ابن سید محمد منور ابن سید سلطان محمد ابن سید عبد الرحیم عرف علی اصغر ابن سید سعید خان ابن سید حامد ابن سید اسماعیل ابن دیوان سید الیاس عرف منجہو ابن سید عبد الستار بڑے ابن سید میر علی خاصے ابن سید یحییٰ ابن سید تاج الدین ابن سید قاضی امیر علی ابن سید حسین شرف الدین شاہ ولایت ابن سید علی بزرگ ابن سید مرتضیٰ ابن سید ابو المعلی ‌ابن سید حسن ابو الفضل ابن سید داؤد ابن سید حسین ابن سید علی‌ ابن‌سید ہارون ابن سید جعفر زکی ابن امام‌‌ علی نقی علیہ السّلام

نہایت وسیع العلم باپ، علامہ شفیق حسن ایلیا کے صاحبزادے، رئیس امروہوی کے تین سال چھوٹے بھائی، جون ایلیا سے چودہ سال بڑے بھائی، کمال امروہوی کے چچازاد بھائی، سید محمد تقی 1917ء میں پہلی عالمی جنگ کے اختتام کے سال امروہہ میں پیدا ہوئے۔ سیاسی ماحول میں ہندوستان کی جدوجہد آزادی کا زمانہ تھا۔ امروہہ کے نہایت اعلیٰ علمی ادبی ماحول میں پرورش ہوئی۔ بچپن سے عنفوان شباب تک کھلنڈرے رہے کہ علم و ادب سے شغف پیدا نہیں ہوا تھا اور کمال امروہوی، رئیس امروہوی اور محلے کے دیگر شرارتی لڑکوں کی صحبت میں رہے لیکن علامہ شفیق حسن ایلیا جیسے گھنے اعلیٰ علمی و ادبی درخت کے سائے میں کیسے ممکن تھا کہ علم و ادب سے بچتے۔ جب پڑھنے کا شوق پیدا ہوا تو علم و ادب کے مشرقی امتحانات بہت تیزی سے پاس کر لیے۔ چنانچہ اکیس سال کی عمر تک الہ آباد بورڈ کے ادیب، ادیب عالم، ادیب کامل، منشی فاضل، مولوی فاضل، مولوی کامل اور پھر پنجاب بورڈ کا فاضل ادیب پاس کر لیے۔ یہ زمانہ وہ تھا کہ انگریزی کے بغیر آگے بڑھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ چنانچہ دہلی یونیورسٹی سے ایم اے انگریزی زبان و ادب میں مکمل کر لیا۔

اب ملازمت کے میدان میں داخل ہونے کا وقت آیا تو رئیس امروہوی سے مشورہ کیا۔ رئیس صاحب ان دنوں مرادآباد میں عادل صاحب (شکیل عادل زادہ کے والد) کے رسالے ”مسافر“ کے ایڈیٹر تھے۔ دونوں بھائی دہلی آ گئے۔ دہلی میں اولاً تو رسالوں میں مضامین لکھتے رہے، غیر معروف رسالوں کے ایڈیٹر بھی رہے لیکن ساری زندگی کی پیشہ ورانہ مصروفیت اس وقت شروع ہوئی جب میر خلیل الرحمان نے دونوں بھائیوں کو اپنے نوزائیدہ روزنامہ ”جنگ “ میں ساتھ لے لیا۔ رئیس صاحب اداریئے لکھتے تھے اور تقی صاحب نیوز ایڈیٹر تھے۔ 1947ء میں تقسیم ہند کے فوراً بعد کے پرآشوب زمانے میں میر خلیل الرحمان رئیس امروہوی صاحب کو ساتھ لے کر کراچی آ گئے۔ تقی صاحب پھر 26 جنوری 1948ء کو بمبئی کے راستے پانی کے جہاز سے کراچی آئے۔ وہ اپنی بیگم اور چار سال کی بیٹی کے ساتھ اسی دن بمبئی سے سوار ہوئے جب گاندھی جی کے قتل کے نتیجے میں غلط فہمی کے تحت مسلم کش فسادات شروع ہو گئے تھے۔

1950ء کی دہائی کے اوائل میں تقی صاحب نے عام لوگوں میں فلسفے کا شوق پیدا کرنے کی غرض سے ہر ہفتے ایک مضمون فلسفے کے موضوعات پر شائع کرنا شروع کر دیے۔ اتنے مشاق صحافی کے لیے جاذب توجہ سرخیاں لگانا روزمرہ کا معمول تھا۔ مثلاً انگلستان کے فلسفی برکلے پر اپنے مضمون کی یہ سرخی لگائی تھی۔ ”کتے، میزیں اور پردے“۔ اس انداز کے آسان فہم اردو میں لکھے ہوئے مضامین مقبول ہوئے۔ 1958ء میں ان کے ایسے ہی مضامین یکجا کر کے اردو اکیڈمی سندھ نے ان کی پہلی کتاب ”روح اور فلسفہ“ شائع کی۔ اب تقی صاحب کا نام معتبر فلسفیوں میں شامل ہوا تو ڈاکٹر شریف، جو گورنمنٹ کالج میں شعبہ فلسفہ کے صدر تھے سالانہ پاکستان نیشنل فلسفہ کانفرنس میں ہر سال تقی صاحب کو بلاتے اور تقی صاحب نے کئی مقالے ان کانفرنسوں میں پڑھے۔ 1958ء میں تقی صاحب اور دیگر کئی عامل صحافیوں کو برطانیہ کی حکومت نے دورے پر بلایا۔ وہاں تقی صاحب نے برٹرینڈرسل سے ملاقات بھی کی۔ دو سال بعد تقی صاحب کو روم میں ہونے والی بین الاقوامی کانگریس میں مقالہ پیش کرنے بلایا گیا، ساتھ ہی انھیں روم کی تاریخی عمارت اور نہروں والے تاریخی شہر وینس کی تفریح کرائی گئی۔ تقی صاحب واپس آئے تو اپنا سفرنامہ اخبار میں کئی قسطوں میں شائع کیا۔

اس دوران روزنامہ جنگ میں ان کے فلسفیانہ مضامین شائع ہوتے رہے، ساتھ ہی بعض طبعزاد اور بعض اپنے ہی اردو مضامین کے ترجمے روزنامہ ”ڈان“ میں احمد علی خان صاحب شائع کرتے رہے۔ وہ تقی صاحب کے جوانی کے دوست تھے۔ انہی دنوں تقی صاحب مصر کے سرکاری دورے پر جا رہے تھے تو مولوی عبدالحق نے ان سے کہا کہ وہ وہاں سے یہ معلوم کر آئیں کہ کارل مارکس کی شہرہ آفاق اور تاریخ ساز کتاب ”داس کیپٹل “ کا ترجمہ عربی میں ہوا ہے یا نہیں۔ تقی صاحب مصر سے لوٹے تو انھوں نے مولوی صاحب کو بتایا کہ عربی میں ترجمہ نہیں ہوا ہے۔ مولوی صاحب نے اسی وقت اس کتاب کا اردو ترجمہ کرنے کا کام تقی صاحب ہی کے ذمے کر دیا جو انجمن ترقی اردونے 1961ء میں شائع کیا۔ اس کی اشاعت کے پچیس سال بعد جب انجمن کا کاپی رائٹ ختم ہو گیا تو تین سال پہلے 2004ء میں دارالشعور نے بہت دیدہ زیب انداز میں یہ ترجمہ شائع کیا۔ کارل مارکس کی اس عسیر الفہم کتاب کے پڑھنے والے اتنی تعداد میں ضرور موجود ہیں کہ چار سال بعد اسی سال دارالشعور نے دوسرا ایڈیشن شائع کیا۔ جس پر تقی صاحب کے بہت پرانے ساتھی اور دوست شفیع عقیل کا تبصرہ چند روز پہلے ”جنگ“ میں شائع ہوا ہے۔

اس ترجمے کے زمانے میں ہی نہیں بلکہ ”جنگ“ سے وابستگی کے چوبیس پچیس برسوں کے دوران تقی صاحب کا معمول یہ تھا کہ صبح ساڑھے چھ بجے ناشتا کر کے تصنیف اور ترجمے میں چار گھنٹے مصروف رہتے اور گیارہ بجے مزید ایک پیالی چائے پی کر گھر کی گوشت ترکاری کی خریداری کے لیے بازار جاتے۔ پھر گھر آ کر نہا دھو کر کھانا کھا کر ساڑھے بارہ ایک بجے دفتر جنگ آتے اور پھر رات کو ساڑھے نو دس بجے اخبار مکمل کر کے پریس بھجوا کر گھر آتے، کھانا کھا کردو گھنٹے مطالعہ کر کے سو جاتے۔ اس دوران تقی صاحب سر سید کالج کے بانی اور پاکستان ایجوکیشنل سوسائٹی کے صدر سید الطاف علی بریلوی کے لیے کتابوں کے ترجمے کرتے رہے۔ انہی دنوں انھوں نے بریلوی صاحب کے لیے امریکی تعلیمی فلسفی کی کتاب ”جمہوریت اور تعلیم“ اور وہائٹ ہیڈ کی ”تعلیم کا فلسفہ“ نام کی کتابیں ترجمہ کیں۔ پھر اپنے طور پر نوبل انعام یافتہ سائنس دان سر جیمس جینس کی کتاب ”پراسرار کائنات“ اور سر آرتھر ایڈنگٹن کی کتاب ”سائنس اور فلسفہ“ کے ترجمے شائع کیے۔ تقی صاحب کی پہلی طبعزاد کتاب ”روح اور فلسفہ“ 1958ء میں اور دوسری ”منطق، فلسفہ اور سائنس“ 1968ء میں شائع ہوئیں۔ 1971-72ء میں بھٹو کے اقتدار کے اوائل میں انھوں نے اپنی سب سے اہم تصنیف ”تاریخ و کائنات، میرا نظریہ“ تقریباً آٹھ مہینے کے عرصے میں تصنیف کی جس کی رونمائی 1974ء میں ہوئی۔ اس میں موضوعات کے تنوع پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی نے رونمائی میں اپنی تقریر کے آخر میں یہ مصرع پڑھا کہ ”ناوک نے تیرے صید نہ چھوڑا زمانے میں۔“ اس کتاب نے تقی صاحب کو اردو زبان میں لکھنے والا برصغیر پاک و ہند کا پہلا صاحب نظام فلسفی بنایا۔

1999ء میں وفات تک وہ تصنیف ہی میں مصروف رہے۔ 1982ء میں بین الاقوامی فلسفہ کانگریس میکسیکو سٹی میں ہوئی۔ تقی صاحب کو مقالے کی دعوت دی گئی۔ انھوں نے کانگریس میں شرکت کی، مقالہ پیش کیا جس کا عنوان تھا ”فلسفہِ قانون“۔ اس سے کچھ ماہ قبل تقی صاحب کے انگریزی مضامین کا مجموعہ "Essays in Philosophy" شائع ہواتھا۔ انھیں اس سیشن کی صدارت کا اعزاز بھی دیا گیا۔ اسی دوران انھوں نے امریکا کے بعض نوبل انعام یافتہ سائنسدانوں سے ملاقات کر کے سائنس پر اپنے فلسفیانہ اعتراضات پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس کے بعد تقی صاحب روزانہ چھ سے آٹھ گھنٹے مطالعہ کرتے۔ ایک تصنیف اس دوران مکمل ہوئی یعنی ”نہج البلاغہ کا تصور الوہیت“۔ وفات سے چار پانچ سال پہلے انھوں نے قویٰ مضمحل ہونے کے باوجود ٹائپرائٹر پر انگریزی کتاب "My View of Science" تصنیف کی جس کی کمپوزنگ 1998ء میں مکمل ہو گئی تھی لیکن ابھی شائع نہیں ہوئی ہے۔ سید محمد تقی فلسفی کی حیثیت سے خدا کو ”شعور محض“ کہتے تھے اور کائنات کو توانائی کے مختلف مظاہر سے تعبیر کرتے تھے۔ سیاست میں جمہوریت، معیشت میں مساوات اور ذاتی اخلاق میں ہر انسان کی عزت وتکریم کے قائل تھے۔ ان کا اپنا اخلاق اپنے اصولوں پر عمل کی تصدیق تھا۔

وفات

[ترمیم]

1999ء کی 20 جون کو تقی صاحب کی مختصر علالت شروع ہوئی۔ ڈاکٹروں نے انھیں ہیپاٹائٹس سی تشخیص کیا جو لاعلاج حد تک پھیل گیا تھا۔ 25 اور 26 جون کی شب وہ عظیم فلسفیوں کی آسمانی محفل میں شرکت کے لیے اس جہان فانی سے سدھار گئے۔ کراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔ ان کی قبر کے تین اطراف ان کے بہترین اقوال کندہ ہیں اور کتبے پر جو تحریر کندہ ہے اس کے لکھنے والے نے حافظ شیرازی کے معروف شعر میں ایک لفظ کی تبدیلی کے ساتھ یہ شعر لکھ دیا ہے

ہرگز نمیرد آن کہ دِلش زندہ شدز ”علم“

ثبت است بر جریدہِ عالم دوام ما

تصانیف

[ترمیم]

آپ کی اہم کتب کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

  • روح، فلسفہ اور سائنس
  • روح اور فلسفہ
  • تاریخ اور کائنات، میرا نظریہ
  • ہندوستان، پس منظر اور پیش منظر

مزید دیکھیے

[ترمیم]

حوالہ جات

[ترمیم]

حوالہ جات