شاستر
شاستر (سنسکرت: शास्त्र) سنسکرت کا لفظ ہے جس کے معنی عام طور پر ضابطہ، اصول، رہنما کتاب، مجموعہ یا علمی رسالہ کے ہوتے ہیں۔[1] ہندوستان کی علمی و مذہبی روایت میں یہ لفظ عموماً ایسے متون کے لیے استعمال ہوتا ہے جن میں کسی مخصوص فن یا علم کے اصول اور قواعد بیان کیے گئے ہوں۔[2]
ہندستانی ادب میں شاستر اکثر کسی علم یا فن کے نام کے ساتھ بطور لاحقہ آتا ہے اور اس سے مراد کسی خاص شعبے کے علمی یا فنی اصولوں کا باقاعدہ بیان ہوتا ہے۔ اس اعتبار سے اس کا مفہوم اردو کے لاحقے ”-یات“ سے ملتا جلتا ہے جیسے کسی مخصوص علم کے بنیادی اور منظم مطالعے کو ظاہر کرنا جیسے نفسیات۔ مثال کے طور پر:
- بھوتک شاستر ’طبیعیات‘
- رس شاستر ’کیمیا‘
- جیو شاستر ’حیاتیات‘
- واستو شاستر ’تعمیرات یا فنِ تعمیر کا علم‘
- شِلپ شاستر ’مجسمہ سازی اور فنی صنعتوں کا علم‘
- ارتھ شاستر ’سیاست اور معاشیات کا علم‘[3]
- نیتی شاستر ’اخلاقیات یا درست حکمت عملی کا ملخص‘
- ناٹیہ شاستر ’پرفارمنگ آرٹس (فنونِ ادائیگی) کا علم‘
اشتقاق
[ترمیم]لفظ شاستر کے لغوی معنی ہیں ”وہ چیز جو سکھائی یا مقرر کی گئی ہو“۔ یہ سنسکرت کے مادّہ शास (شاس) سے نکلا ہے جس کے معنی حکم دینا، تعلیم دینا یا ہدایت کرنا ہیں اور اس کے ساتھ ष्ट्र (شٹر) لاحقہ مل کر یہ لفظ بنتا ہے۔[4][5]
اصطلاح
[ترمیم]شاستر عام طور پر کسی مخصوص علم یا فن سے متعلق علمی رسالہ، کتاب یا ضابطہ کو کہا جاتا ہے۔ ابتدائی ویدک ادب میں اس لفظ سے مراد کوئی بھی اصول، حکم، تعلیم، مذہبی ہدایت یا رسم و رواج کی ہدایات ہوتی تھیں۔ بعد کے ویدک اور ہندومت کے ادبی متون میں شاستر ہر اس کتاب یا رسالے کے لیے استعمال ہونے لگا جس میں کسی علم یا موضوع کے اصول و قواعد بیان کیے گئے ہوں۔[1] اکثر یہ لفظ کسی علم کے نام کے ساتھ بطور لاحقہ بھی آتا ہے مثلاً:
- یوگ شاستر
- نیائے شاستر
- دھرم شاستر (ہندو قانون)
- کام / کوک شاستر[6]
- موکش شاستر
- ارتھ شاستر
- النکار شاستر
- کاویہ شاستر
- سنگیت شاستر
- ناٹیہ شاستر
- ویاکرن شاستر (سنسکرت گرامر)[1][2]
بدھ مت میں شاستر سے مراد عموماً وہ تشریحی کتاب یا شرح ہوتی ہے جو کسی قدیم مذہبی متن یا سوتر کی وضاحت کے لیے بعد میں لکھی جائے۔ اس لحاظ سے جو تحریر براہ راست بدھ سے منسوب نہ ہو بلکہ بعد کے عالم کی وضاحت ہو، اسے شاستر کہا جاتا ہے۔[7]
جین مت میں بھی اس اصطلاح کا مفہوم تقریباً وہی ہے جو ہندومت میں ہے۔ مثال کے طور پر بارھویں صدی عیسوی کی کتاب یوگ شاستر (ہیم چندراچاریہ کی تصنیف) جین مت کے اہم شاستروں میں شمار ہوتی ہے۔[8]
کبھی یہ لفظ سنسکرت کے مرکب الفاظ کی بنیاد بھی بنتا ہے۔ مثلاً ’شاستردھاری‘ اس شخص کو کہا جاتا ہے جو شاستروں کا نگہبان یا عالم ہو۔[9]
حوالہ جات
[ترمیم]- ^ ا ب پ Monier Williams, Monier Williams' Sanskrit-English Dictionary, Oxford University Press, Article on zAstra
- ^ ا ب James Lochtefeld (2002), "Śāstra" in The Illustrated Encyclopedia of Hinduism, Vol. 2: N-Z, Rosen Publishing, ISBN 0-8239-2287-1, page 626
- ↑ Roger Boesche (Jan 2003). "Kautilya's Arthaśāstra on War and Diplomacy in Ancient India". The Journal of Military History (بزبان انگریزی). Society for Military History. 67 (1): 9–37. DOI:10.1353/jmh.2003.0006. ISSN:0899-3718.
- ↑ "Knowledge-Net of Amarakosha (अमरकोश-ज्ञान-जालम्)" (بزبان انگریزی).
- ↑ "शासना at Spokensanskrit.org" (بزبان انگریزی). Archived from the original on 2023-06-02. Retrieved 2026-03-08.
- ↑ Alex Comfort and Charles Fowkes (1993), The Illustrated Koka Śāstra: Medieval Indian Writings on Love Based on the Kāma Sūtra, Simon & Schuster, ISBN 978-0684839813
- ↑ The Unification of Wisdom and Compassion Dr. Yutang Lin
- ↑ Amritlal Savchand Gopani (1989), The Yoga Śāstra of Hemchandracharya: A 12th Century Guide to Jain Yoga, Prakrit Bharti Academy, OCLC 21760707
- ↑ disctionary meaning of Śāstradhāri