شبینہ لباس
شبینہ لباس (انگریزی: Nightgown), جسے انگریزی زبان کے استعمالات کی روشنی میں نائٹ ڈریس، نائٹ گاؤن یا نائٹی بھی کہا جاتا ہے، رات کے وقت بستر پر سونے کے لباس کو کہا جاتا ہے۔ یہ لباس عام لباسوں کے مقابلے کافی ہلکے پھلکے ہوتے ہیں۔ اس کی سلائی میں کافی لچک اور گنجائش ہوتی ہے، تاکہ اس کے پہن کر سونے کے بعد کسی شخص کو یہ جاگتے یا سوتے وقت نہ چبھیں اور ان میں کافی آرام محسوس ہو۔ یہ لباس عمومًا کپاس، ریشم، ساٹن یا نائلون کے ہوتے ہیں۔ ان میں کئی بار کشیدہ کاری بھی کی جاتی ہے۔ عورتوں کے شبینہ لباس میں عام طور سے چھاتی کے حصے کے پاس ڈیزائن اترے ہو سکتے ہیں۔
زنانہ شبینہ لباس کی فروخت
[ترمیم]کچھ مسلمان ممالک جیسے کہ سعوی عرب میں زنانہ لوازمات فروخت کرنے والی دکانوں پر اپنے ہی ملک کی خواتین کی تقرری کے فیصلے کے تیسرے مرحلے کا آغاز یکم صفر 1439ھ سے ہو چکا ہے۔ اس کی بہ دولت زنانہ لوازمات کے شعبے میں خواتین کے لیے روز گار کے مزید مواقع پیدا ہو چکے ہیں۔ ملک کی وزارت محنت کے مطابق یکم صفر سے کھلے اور بند تجارتی مراکز میں زنانہ لوازمات فروخت کرنے والی تمام دکانوں پر سعودی خواتین کی تقرری کو یقینی بنایا جا چکا ہے۔ مصنوعی زیورات ، میک اپ کا سامان، دلہنوں کے ملبوسات، عبائے اور شبینہ لباس صرف سعودی خواتین فروخت کرسکتی ہیں۔[1] تاہم بیش تر مسلم ممالک میں ایسی کوئی قید نہیں کہ ملکی یا غیر ملکی خواتین زنانہ مصنوعات فروخت کریں۔ کچھ جگہوں پر اس کام میں مرد حضرات بھی اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔