صارف:ڈاکٹر خالد ندیم

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

خالد ندیم 9؍ فروری 1963ء کو شیخوپورہ شہر (پنجاب پاکستان) میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ایم سی ہائی اسکول وارث روڈ شیخوپورہ سے حاصل کی۔ انٹرمیڈیٹ گورنمنٹ کامرس کالج شیخوپورہ، گریجویشن گورنمنٹ کالج شیخوپورہ سے، جب کہ ایم اے (اردو) بطور پرائیویٹ امیدوار کے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے کیا اور پھر اسی یونیورسٹی سے ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی کی نگرانی میں ’’اختر حسین راے پوری، حیات و خدمات‘‘ کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

1986ء سے پنجاب کے مختلف کالجز آف کامرس میں تدریسی فرائض ادا کیے اور 2008ء سے سرگودھا یونیورسٹی کے شعبہ اردو سے منسلک ہو گئے، جہاں آج کل صدرِ شعبہ کی حیثیت سے تدریسی اور انتظامی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تحقیق، تنقید، تدوین اور ترجمہ ان کی دلچسپی کے میدان ہیں۔ تحقیقی و تنقیدی حوالے سے میر سے فیض تک (لاہور، دہلی)، اختر حسین راے پوری: حیات و خدمات (لاہور)، جہانِ تلمیحات (لاہور)، شبلی شکنی کی روایت(لاہور)، عہدِ حاضر کا فکری بحران اور اقبال (لاہور) اور اردو میں ارمغانِ علمی کی روایت (کراچی)؛ ترجمے میں ایسے ہوتے ہیں وہ نامے (لاہور)، حضورؐ بحیثیت سپہ سالار (لاہور، دہلی)، اردو ترجمہ مکاتیبِ شبلی (اعظم گڑھ) اور جمال میاں(اوکسفرڈ یونیورسٹی پریس کراچی)؛ ترتیبِ مکاتیب میں مکاتیبِ ابنِ فرید (لاہور)، رقعاتِ مشفق خواجہ (لاہور) اور اقبالیاتی مکاتیب (راولپنڈی)؛ ترتیب میں انتخابِ ولی دکنی (لاہور)، جھوٹا سب سنسار (لاہور)، شگفتہ افسانے (لاہور)، ارمغانِ رفیع الدین ہاشمی (راولپنڈی) اور نگارشاتِ شمیم (کراچی)؛ اور مرتبہ آپ بیتیوں میں شبلی کی آپ بیتی (لاہور، اعظم گڑھ، دہلی)، آپ بیتی علامہ اقبال (لاہور، کلکتہ، دہی) اور آپ بیتی مرزا غالب (لاہور) شائع ہو چکی ہیں۔

علاوہ ازیں ان کے مقالات و مضامین پاک و ہند کے مؤقر رسائل و جرائد میں شائع ہوتے رہتے ہیں۔