طب حیوانات
طب حیوانات[1] یا بیطاری[2] یا علاج المواشی[2][3] یا مداوائے حیوانات[4] جسے انگریزی میں ویٹرنری میڈیسن کہا جاتا ہے، طب کی وہ شاخ ہے جو حیوانات میں بیماری، خرابی اور چوٹ کے انسداد، نظم، تشخیص اور علاج سے متعلق ہے۔ اس شعبے کا دائرہ بہت وسیع ہے جو تمام اقسام کے جانوروں، پالتو اور غیر پالتو دونوں اور ان میں پائی جانے والی مختلف جسمانی و ذہنی کیفیات کا احاطہ کرتا ہے۔
جانوروں کا علاج عام طور پر بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے، کبھی ماہرین کی نگرانی میں اور کبھی بغیر کسی پیشہ ور نگرانی کے۔ پیشہ ورانہ نگہداشت عموماً بیطار (ویٹرنری ڈاکٹر)، جسے ویٹرنری سرجن یا مختصراً ”ویٹ“ بھی کہا جاتا ہے، کی زیر نگرانی انجام دی جاتی ہے۔ اس میں معاون عملہ بھی شامل ہوتا ہے، جیسے ویٹرنری نرس، تکنیکی ماہرین اور مددگارِ بیطاری (اسسٹنٹ)۔[5] اس کے علاوہ مخصوص مہارتوں والے معاون افراد، جیسے جانوروں کا طبیعی معالجہ (فزیوتھراپی) یا دانتوں کی دیکھ بھال کرنے والے اور بعض جانوروں سے متعلق ماہرین مثلاً نعل ساز (farriers) بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔
علم بیطاری انسانی صحت میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، مثلاً حیوان آوردہ امراض (ایسی متعدی بیماریاں جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہیں) کی نگرانی و روک تھام، خوراک کی حفاظت اور طبی تحقیق کے ذریعے انسانی طب میں معاونت۔ اس کے علاوہ مویشیوں کی صحت کی دیکھ بھال اور علاج کے ذریعے خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے اور اور پالتو جانوروں کو صحت مند اور طویل عمر دے کر ذہنی صحت میں بھی معاون ہوتے ہیں۔
علمائے بیطاری اکثر وبائی امراض کے ماہرین اور دیگر صحت کے یا فطری علوم سے وابستہ محققین کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ اخلاقی طور پر بیطار پر جانوروں کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنا لازم ہوتا ہے۔ وہ جانوروں کی تشخیص، علاج اور انھیں محفوظ و صحت مند رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ سلیم فارانی (1969)۔ اردو زبان اور اس کى تعلیم۔ لاہور: پاکستان بک اسٹور۔ ص 136
- 1 2 شمس الاطبا غلام جیلانی خان صاحب (1923)۔ مخزن الجواہر طبی و ڈاکٹری لغات۔ لاہور: مرکنٹائل پریس۔ ص 196
- ↑ ایم۔ ڈی۔ مصرا، مرتب (1966)۔ علاج المواشی۔ لکھنؤ: مطبع تیج کمار
- ↑ اردو لغت تاریخی اصول پر۔ کراچی: اردو لغت بورڈ۔ ج 17۔ 2000۔ ص 661
- ↑ Hassan Beatty. "Veterinary Assistant vs. Veterinary Technician - A Comparison" (بزبان انگریزی). Prof. Melissa Crist. Retrieved 2020-12-22.