علامہ ڈاکٹر سید محسن نقوی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
علامہ ڈاکٹر سید محسن نقوی
معلومات شخصیت
مذہب اسلام
فرقہ اہل تشیع
فقہی مسلک جعفری

سید محسن نقوی پاکستانی شیعہ عالم دین ہیں۔

ڈاکٹر سید محسن نقوی کا تعلق ہندوستان کے شہر نصیر آباد کے علمی خانوادے، خاندان اجتہاد سے ہے۔ یہ ہندوستان میں سادات کی قدیم تریم آبادی ہے، جہاں نقوی سادات 410ھ میں آباد ہوئے۔ سید دلدار علی نقوی نصیر آبادی اس خاندان کے پہلے مجتہد تھے۔ برصغیر کے معروف عالم دین اور فقیہ علامہ علی نقی نقوی المعروف علامہ نقن، علامہ نصیر اجتہادی و دیگر اسی خانوادے کے چشم و چراغ ہیں۔ ڈاکٹر محسن نقوی علامہ علی نقی نقوی کے پوتے ہیں۔

آپ نے اپنی دینی تعلیم کا آغاز ملتان سے کیا، پھر سرگودھا میں کچھ عرصہ زیر تعلیم رہنے کے بعد نجف اشرف تشریف لے گئے، جہاں آپ نے آیت اللہ العظمٰی سید ابو القاسم الخوئی سے کسب فیض کیا۔ ڈاکٹر سید محسن نقوی نے نجف اشرف میں تکمیل تعلیم اور اجازہ کے حصول کے بعد امریکا کا سفر کیا، جہاں آپ نے بائبیلک سائنسز میں پی ایچ ڈی کی۔ آپ عربی، انگریزی، فارسی اور اردو پر عبور رکھتے ہیں۔ بہت سی کتابوں کے مصنف ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن رہے ہیں۔ حال ہی میں ان کی ایک نئی علمی کاوش ’’اصول کافی کا ترجمہ و شرح ‘‘ شائع ہوئی ڈاکٹر محسن نقوی اپنی کتاب کے مقدمے میں تحریر کرتے ہیں: الکافی کے ترجمے اور پھر اس کی شرح، ضبط اسناد، فوائد رجالیہ، لغات و کلمات کی تشریح، آرائے محدثین عظام میں محاکمہ انتہائی مشکل اور دیدہ ریزی کا کام ہے، جبکہ یہ مباحث ایک مقام پر کسی عربی شرح میں بھی نہیں ملتے، فارسی اور اردو کا دامن تو بالکل ہی ان سے خالی ہے۔

وہ لکھتے ہیں: ہمارا ارادہ ہے کہ شرح کی ہر جلد پر ایک مقدمہ، علم حدیث، درایت و رجال وغیرہ سے متعلق لکھیں، تاکہ اردو میں مکتب اہل بیت کے فن حدیث و رجال کا تفصیلی تعارف ہو جائے اور شرح میں آنے والی اصلاحات و مباحث کو بھی سمجھنے میں آسانی ہو۔

ش