علی عبد الرازق
علی عبد الرازق | |
|---|---|
علی عبد الرزاق، جن کا پورا نام علی حسن احمد عبد الرزاق ہے (1305ھ / 1888ء – 1386ھ / 1966ء)، "الاسلام و اصول الحکم" نامی کتاب کے مصنف تھے۔
حالات زندگی
[ترمیم]علی عبد الرزاق 1888ء میں مصر کے صوبہ منیا کی ایک متمول زمیندار خاندان میں پیدا ہوئے۔ قرآن حفظ کرنے کے بعد جامعہ ازہر سے "عالمیہ" کی ڈگری حاصل کی، پھر تعلیم کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی گئے۔ واپسی پر شرعی قاضی مقرر ہوئے۔
1925ء میں ان کی مشہور کتاب "الاسلام و اصول الحکم" شائع ہوئی، جس میں انھوں نے خلافت اور سیاست سے متعلق اسلامی موقف پر بحث کی۔ بعض نے اسے دین و سیاست کی جدائی کی وکالت سمجھا، جبکہ بعض کے نزدیک انھوں نے شرعی دلائل سے ثابت کیا کہ اسلام میں حکومت کا کوئی متعین نظام نہیں، بلکہ مسلمانوں کو اس میں آزادی حاصل ہے۔ یہ کتاب خلافتِ عثمانیہ کے سقوط اور اتاترک کے اقتدار کے پس منظر میں آئی، جس پر شدید رد عمل ہوا۔ شیخ محمد الخضر حسین نے اس پر تنقید کی اور جامعہ ازہر نے ان سے "عالمیہ" کی ڈگری واپس لے لی۔ بعد میں کہا جاتا ہے کہ انھوں نے اپنے موقف سے رجوع کر لیا۔[1]
ان کے بڑے بھائی شیخ مصطفی عبد الرزاق 1945ء میں شیخ الازہر بنے تو انھیں علمی حلقوں میں دوبارہ جگہ ملی۔ 1948-49ء میں وزیر اوقاف اور پارلیمان کے رکن بھی رہے۔ وہ مجمع اللغة العربیة کے رکن بھی تھے۔ ان کا انتقال 23 ستمبر 1966ء کو ہوا۔[2]
الاسلام و اصول الحکم
[ترمیم]کتاب "الاسلام و اصول الحکم" (1925ء) اسلامی دنیا میں سیکولر فکر کی پہلی شرعی بنیاد رکھنے والی تحریر مانی جاتی ہے، جو خلافتِ عثمانیہ کے خاتمے کے ایک سال بعد شائع ہوئی۔ مصنف شیخ علی عبد الرزاق کے مطابق، اسلام محض ایک روحانی پیغام ہے اور نبی اکرم ﷺ کی بعثت کا مقصد حکومت قائم کرنا نہیں تھا، بلکہ آپ صرف دین کی دعوت دینے والے رسول تھے، نہ کہ کسی ریاست یا حکومت کے بانی۔ ان کے مطابق، حکومت کا قیام نبی کے بعد صحابہ نے کیا، جو محض دنیاوی نوعیت کی تھی اور شریعت کا لازمی حصہ نہیں۔
اس نظریے کو علما نے سخت انکار کے ساتھ مسترد کیا۔ مصر کے 24 سینئر علما نے کتاب میں 7 نمایاں شرعی غلطیوں کی نشان دہی کی اور کئی علما نے اس پر رد لکھا، جیسے:
- شیخ محمد الخضر حسین: نقض کتاب الإسلام وأصول الحكم
- محمد طاہر بن عاشور: نقد علمي لكتاب الإسلام وأصول الحكم
- محمد بخیت المطيعي: حقيقة الإسلام وأصول الحكم
- د. محمد ضیاء الدین الریس نے اس کی سیاسی نوعیت پر تفصیلی تحقیق کی: الإسلام والخلافة