عوامی لوک پال بل

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

عوامی لوک پال بل بھارت میں شہری حلقوں کی جانب سے بدعنوانی کے خاتمے کے بل کا مسودہ ہے۔ یہ مضبوط عوامی لوک پال، یعنی ایک خود مختار ادارے کے قیام کی تجویز کرتا ہے جو الیکشن کمیشن کی طرح آزاد ادارہ ہوگا۔ عوامی لوک پال کے پاس بدعنوان سیاست دانوں اور نوکر شاہوں پر بغیر کسی سے اجازت لیے ہی الزامات پر کارروائی کرنے کے اختیارات ہوں گے۔ ادارہ برائے انسداد بدعنوانی، بھارت نامی غیر سرکاری سماجی تنظیم کے تحت جسٹس سنتوش ہیگڑے، سینئر وکیل پرشانت بھوشن، میگیسے انعام یافتہ سماجی کارکن اروند كےجريوال نے یہ بل بھارت کے مختلف سماجی تنظیموں اور عوامی حلقوں کے ساتھ وسیع تبادلہ خیال کے بعد تیار کیا تھا۔ اسے لاگو کرانے کے لیے معروف سماجی کارکن انا ہزارے کی قیادت میں 2011ء میں تحریک شروع کی گئی۔ اُسی سال، 16 اگست کو انا ہزارے کی جانب سے عوامی لوک پال بل کے حق میں بھوک ہڑتال کے اعلان اور تحریک میں شدت کے بعد وسیع عوامی حمایت حاصل ہوئی۔ یہاں تک کہ منموہن سنگھ کی قیادت میں بھارتی حکومت کو ایوان زیریں میں پیش سرکاری لوک پال بل کے بدلے ایک مضبوط عوامی لوک پال کے قیام کے لیے اتفاق کرنا پڑا۔