عودہ ابو تایہ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
عودہ ابو تایہ بمطابق 1921ء، بمقام تبوک، حجاز۔ تصویر ایرک میٹ سن

عودہ ابو تایہ (پیدائش: 1874ء – وفات:1924ء) پہلی جنگ عظیم کے دوران ہونے والی عرب بغاوت کے ایک رہنما تھے۔ ان کا تعلق سعودی عرب اور اردن کی موجودہ سرحد کے علاقے میں مقیم بدوی عرب قبیلے حویطات سے تھا۔ برطانوی افواج کے معروف افسر تھامس ایڈورڈ لارنس، المعروف لارنس آف عربیہ، نے اپنی کتاب میں عودہ کو 'شمالی عرب کا عظیم ترین جنگجو' قراردیا تھا۔

وہ تھامس لارنس اور فیصل بن الحسین کے ساتھ مل کر سلطنت عثمانیہ کے خلاف بغاوت میں شریک ہوئے اور جولائی 1917ء میں سقوط عقبہ اور اکتوبر 1918ء میں سقوط دمشق میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈیوڈ لین کی مشہور فلم لارنس آف عربیہ میں عودہ کا کردار مشہور اداکار انتھونی کوئن نے ادا کیا۔ فلم میں عودہ کو صرف مالی فائدے کے حصول کے لالچ میں لارنس اور عرب قوم پرستوں کا ساتھ دیتے دکھایا گیا۔ اس پر کافی ہنگامہ کھڑاہوا، یہاں تک کہ عودہ کے وارثوں نے فلم کے پیش کار کولمبیا اسٹوڈیوز پر مقدمہ کر ڈالا۔گو کہ بعد ازاں یہ مقدمہ واپس لے لیا گیا۔

بہرحال، فتوحات کے بعد دمشق میں جب عرب حکومت کا خاتمہ ہوا تو عودہ ایک مرتبہ پھر صحرا میں نجی زندگی گزارنے لگے۔ انھوں نے جنگ میں پکڑے گئے ترک غلاموں کے ذریعے جنوبی اردن کے شہر معان کے قریب ایک جدید محل بنوایا۔ البتہ اس کی تکمیل سے قبل ہی 1924ء میں عودہ طبعی موت مر گئے۔ انھیں راس العین، عمان، اردن میں دفن کیا گیا۔