ماڈل ٹاؤن 1921ء میں قائم ہوا جو دیوان کھیم چند کے ایک "گارڈن ٹاؤن" کے قیام کے خواب کے نتیجے میں سامنے آیا۔ اتوار، 27 فروری1921ء کو رائے بہادر گنگا رام کی زیر صدارت لاہور کے ٹاؤن ہال میں تقریبا 200 افراد جمع ہوئے اور ایک کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں لاہور کے مضافات میں تعاون کے اصولوں پر مبنی دیوان کھیم چند کی مجوزہ ہاؤسنگ سکیم کی منظوری دے دی گئی، جس کی اصل بنیاد رہائشی مسائل کو حل کرنا اور رہائشیوں کے لیے بہتر نکاسی آب اور بہتر سہولیات رہائش فراہم کرنا تھا۔ چنانچہ حکومت کو 2000 ایکڑ (4 مربع کلومیٹر) زمین کا قطعہ فراہم کرنے کی درخواست دی گئی۔
ماڈل ٹاؤن کے کشادہ مکانوں کی ملکیت ریٹائرڈ جج، امیر کاورباریوں، تاجروں اور بڑی دکانوں کے مالکان کی تھی۔ بہت سے ہائی کورٹ کے جج، ڈاکٹر اور انجینئر بھی شہر سے ماڈل ٹاؤن منتقل ہو گئے۔ مشہور کمیونسٹ رہنما بی پی ایل بیدی بھی یہاں رہتے تھے۔ ان کے بیٹے کبیر بیدی آزادی کے بعد بھارت میں ایک مشہور اداکار بن گئے۔[1][2]
بلاک ایل اور اس سے اگلے بلاکس کو ماڈل ٹاؤن (توسیع) یعنی ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن کا نام دیا جاتا ہے، جو ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کی بجائے لاہور ترقیاتی ادارہ کے زیر انتظام ہیں۔