مندرجات کا رخ کریں

محب اللہ بہاری

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
محب اللہ بہاری
معلومات شخصیت
مقام پیدائش بہار   ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات سنہ 1708ء   ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
چاند پور، بہار   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عملی زندگی
پیشہ عالم ،  فقیہ ،  قاضی   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

محب اللہ بہاری (وفات: 1707ء) عالم، فقیہ اور ہندوستان میں مغلیہ سلطنت کے قاضی القضاۃ تھے۔

سوانح

[ترمیم]

قاضی محب اللہ بہار میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی درسی کتب اپنے علاقے کے علما سے پڑھیں۔ ملا قطب الدین شمس آبادی (متوفی 1121ھ مطابق 1709ء) سے اِکتسابِ فیض کیا۔ ایک دوسری روایت کے مطابق قاضی محب اللہ نے قطب الدین سہالوی سے تعلیم حاصل کی تھی۔ تعلیم سے فراغت کے بعد دکن چلے گئے جہاں مغل شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر نے شاہی ملازمت میں لے لیا۔ لکھنؤ اور حیدرآباد دکن میں یکے بعد دِیگرے قاضیٔ شرع مقرر ہوئے۔ نامعلوم سبب کی وجہ سے اِس عہدے سے معزول ہوئے۔[1] معزولیٔ عہدہ کے بعد کچھ عرصہ ہی گذرا تھا کہ شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر نے اپنے پوتے رفیع القدر بن شاہزادہ معظم کی تعلیم پر مامور کر دیا۔ مغل شہنشاہ شاہ عالم بہادر شاہ اول کے زمانہ حکومت میں قاضی القضاۃ کا عہدہ تفویض ہوا اور فاضل خان کے خطاب سے نوازے گئے۔[2]

وفات

[ترمیم]

1119ھ مطابق 1708ء میں بہار کے ایک گاؤں چاند پور میں انتقال ہوا۔ محلہ چاند پور میں تدفین کی گئی۔ تاریخ اِنتقال کا مادہ قاضی مولوی محب اللہ ( 1119ھ ) سے مخرج ہوتا ہے۔

علمی مقام و شخصیت

[ترمیم]

ملا محب اللہ قاضی کو جو شہرت ہندوستان کی تاریخ میں حاصل ہوئی، وہ بے مثال ہے۔ جملہ تذکرہ نگار اُن کی ذہانت و فطانت اور جلالت علمی کا ذِکر کرتے ہیں۔ مولوی رحمٰن علی نے انھیں اِن الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے کہ: ’’بحرے بود از بحارِ علوم و بدرے بود بین النجوم‘‘۔ محب اللہ قاضی منطق اور فلسفہ کے ساتھ ساتھ اچھے ادیب بھی تھے۔ اُن کی تصانیف میں ادبی پہلو نمایاں ہے۔ غالباً یہ اُس تحریک کا شعوری یا غیر شعوری نتیجہ ہے جو میرباقر داماد اور ملا صدرالدین شیرازی کے زیر اثر پیدا ہوئی تھی۔ اُن کے وضع کردہ اور تخلیق کردہ فقرات انھی ایرانی فضلا کے اثرات کا نتیجہ ہیں۔

تصانیف

[ترمیم]

قاضی محب اللہ نے یہ تصنیف بطور یادگار چھوڑی ہے :

سُلم العلوم

[ترمیم]

یہ کتاب علم منطق پر ہے اور فن منطق کی مشکل ترین کتاب سمجھی جاتی ہے۔ برصغیر سے باہر منطق کی صرف دو کتب لکھی گئی ہیں کہ جنہیں عالمگیری شہرت حاصل ہوئی۔ پہلی کتاب نجم الدین عمر بن علی القزوینی کی الشمسیہ اور دوسری علامہ سعد الدین تفتازانی کی تہذیب المنطق ہے۔ درس نظامی میں اَب اِن دونوں کتب کے بعد سُلم العلوم پڑھائی جاتی ہے۔ سلم العلوم مختصر اور جامع کتاب ہے اور مؤلف نے کسی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا۔ تمام اشکالات اور نزاعی مباحث کا اَحاطہ کیا ہے۔ خود مؤلف نے کتاب کے دیباچہ میں لکھا ہے کہ: ’’میری خواہش ہے کہ سُلم درسی کتابوں میں اِس طرح چمکے جیسے ستاروں میں چاند‘‘۔ مؤلف قاضی کی یہ خواہش اُن کی زِندگی میں ہی پوری ہو گئی اور علما نے اِس کتاب کی شروح لکھنا شروع کر دیں تھیں۔[3]

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. علمائے ہند کا شاندار ماضی، جلد اول، صفحہ 479۔
  2. تذکرہ مصنفین درس نظامی: صفحہ 211۔
  3. تذکرہ مصنفین درس نظامی: صفحہ 212۔