مخدوم محمد زمان

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

مخدُوم محمد زمان (اوّل) ؒ، سندھ کی لواری شریف کی درگاہ کے بانی تھے۔ زمرہ اولیاء اللہ میں شامل تھے، ان کو ’خواجہ کلاں‘ بھی کہا جاتا ہے۔ مُحمّد زمان اوّل، 21 رمضان 1125 ہجری، بمطابق 1713 ء میں سندھ کے ایک قصبہ ”لواری“ (لوارو) میں پیدا ہوئے۔ مخدوم محمّد زمان اوّلؒ کے والد کا نام، شیخ حاجی عبد اللطیف نقشبندی تھا، جبکہ آپ کی والدہ، خواجہ عبد السلام ساکن جون کی صاحبزادی تھیں۔ آپ کا سلسلہء نسب، امیر المومنین، حضرت ابُوبکر صدیق رضہ سے جا ملتا ہے۔ خلیفہ مہدی یا ہارُون کے زمانے میں یہ خاندان سندھ میں وارد ہوا۔ مخدوم محمّد زمان اوّلؒ کے والد، عالم تھے اور تقویٰ میں مشہور تھے۔ وھ مخدُوم آدم کے صاحبزادے، خواجہ فیض اللہ کے مرید تھے، جبکہ مخدوم ابو القاسم نقشبندی سے گہری عقیدت رکھتے تھے۔

آپ نے علومِ ظاہری کی تعلیم، ٹھٹہ میں مولانا محمّد صادق جیسے معتبر عالم سے حاصل کی۔ اتفاقاً آپ کی ملاقات ابوالمساکین محمّد ٹھٹوی سے ہو گئی۔ آپ تعلیم ترک کر کے ان کے حلقہ بگوش ہوئے اور بیعت کے بعد مجاہدات اور ریاضتوں میں مشغول ہو گئے۔ بعیّت کے بعد آپ کو شیخِ طریقت، ابوالمساکین نے خلافت عطا کی اور اپنی دستارِ مبارک آپ کے سر پر رکھی۔ جس کے بعد 150 ہجری میں آپ اپنے آبائی وطن لواری میں آکر مسندِ ارشاد پر فائز ہوئے، پُرانا ”لواری“ زمین کی شوریدگی کے باعث جب تباہ ہو گیا، تو آپ نے جدید شہر کی بنیاد رکھی اور اس کا نام بھی ’لواری‘ ہی رکھا۔ جو، اب ’لواری شریف‘ کہلاتا ہے۔ آپ 63 برس کی عمر میں 4 ذی القعد 1188 ہ بمطابق 1775 ء کو واصلِ بحق ہوئے۔ مخدوم محمد زمان اوّلؒ کا مزار شریف لواری شریف ہی میں ہے۔ [1]

حوالہ جات[ترمیم]