مرکزی حکومت
مرکزی حکومت (سینٹرل گورنمنٹ) اُس حکومتی نظام کو کہتے ہیں جو کسی وحدانی ریاست پر بالا دستی اور فیصلہ کن اختیار رکھتی ہے۔ اس کے برعکس وفاقی حکومت ایک ایسا خود مختار سیاسی نظام ہوتا ہے جس میں مختلف سطحوں پر اختیارات کی تقسیم موجود ہوتی ہے اور یہ اختیارات دستور یا باہمی معاہدے کے تحت وفاق کی ریاستوں کو تفویض کیے گئے ہوتے ہیں۔
مرکزی حکومتوں کی ساخت مختلف ممالک میں مختلف ہو سکتی ہے۔ بعض ریاستیں مرکز سے اختیارات کو نچلی سطح کی حکومتوں جیسے صوبائی، ریاستی، علاقائی یا بلدیاتی حکومتوں، کو منتقل کرکے خود مختار علاقائی حکومتیں قائم کرتی ہیں۔ اس طرح کے نظامِ حکومت میں ایک طے شدہ سرزمین پر دو یا دو سے زیادہ حکومتی سطحیں پائی جاتی ہیں جو مشترکہ اداروں کے ذریعے باہم مربوط ہوتی ہیں اور ان کے اختیارات دستور یا دیگر قانونی ضوابط میں بیان ہوتے ہیں۔
ایسی حکومت کے عام فرائض میں وہ امور شامل ہوتے ہیں جو نچلی سطح کی حکومتوں کو تفویض نہیں کیے جاتے جیسے کہ قومی سلامتی کی نگہبانی اور بین الاقوامی سفارت کاری، جن میں معاہدات پر دستخط کا اختیار شامل ہے۔ مرکزی حکومت ملک بھر کے لیے قوانین بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو مقامی حکومتوں کے برعکس ایک جامع دائرہ اختیار ہے۔
مرکزی حکومت اور وفاقی حکومت میں بنیادی فرق یہ ہے کہ وفاقی نظام میں وحدتیں (ریاستیں یا صوبے) آئینی طور پر خود مختاری رکھتی ہیں، جبکہ مرکزی حکومت کے تحت قائم کردہ خود مختار علاقوں کی حیثیت محض مرکز کی صوابدید پر ہوتی ہے اور یہ حیثیت کسی بھی وقت ایک قانونی ترمیم کے ذریعے ختم کی جا سکتی ہے۔ اس کی ایک مثال 1973ء میں سامنے آئی جب آئینِ شمالی آئرلینڈ ایکٹ 1973ء (Northern Ireland Constitution Act 1973) کے ذریعے حکومت آئرلینڈ ایکٹ 1920ء (Government of Ireland Act 1920) کے تحت قائم شدہ شمالی آئرلینڈ کی حکومت کو تحلیل کر دیا گیا۔
وفاقی حکومت کا قیام عام طور پر متعدد رسمی طور پر خود مختار ریاستوں کے باہمی معاہدے کے ذریعے عمل میں آتا ہے اور اسی وجہ سے ایسی حکومت کو اختیارات کی تقسیم میں توازن کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کا اختیار نسبتاً محدود ہوتا ہے (جیسا کہ امریکا میں ہے)۔ اس طرح وفاقی حکومتیں اکثر ’نیچے سے اوپر‘ کی سطح پر رضاکارانہ طور پر قائم کی جاتی ہیں جبکہ اختیارات کی مرکز سے منتقلی (devolution) میں خود حکمرانی کا اختیار ’اوپر سے نیچے‘ دیا جاتا ہے۔